افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سیرالیون کی مجلس مشاورت ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو اپنی نیشنل مجلس مشاورت مسجد بیت السبوح، کسی ڈاکیارڈ فری ٹاؤن میں مورخہ ۲۵و۲۶؍اپریل ۲۰۲۶ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

امسال مجلس شوریٰ میں بفضل اللہ تعالیٰ ملک کی متعدد جماعتوں میں سے منتخب نمائندگان، اراکین نیشنل مجلس عاملہ، مبلغین کرام، ذیلی تنظیموں کے نمائندگان سمیت ۱۹۴؍افراد کو شرکت کی سعادت ملی۔ اسی طرح۱۵؍افراد کو بطور زائرین شامل ہونے کی توفیق نصیب ہوئی۔

پہلے اجلاس کی کارروائی مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر صاحب سیرالیون کی زیر صدارت شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم مکرم حافظ اسد اللہ صاحب مبلغ سلسلہ نے پیش کی جس کے بعد مکرم امیرصاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں خلفائےکرام کے ارشادات کی روشنی میں نظام شوریٰ کا تعارف کروایا اوراس کے مقاصد و اہمیت پر روشنی ڈالی۔

جنرل سیکرٹری مکرم نذیر احمد علی کمانڈا بونگے صاحب نے سالانہ رپورٹ میں گذشتہ سال کی تمام جماعتی سرگرمیوں کا احاطہ کیا۔ آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے شوریٰ کے ليے منظور شدہ تین تجاویز پیش کیں۔ اسی طرح مکرم سیکرٹری مال نے ۲۰۲۶ء – ۲۰۲۷ء کا بجٹ پیش کیا۔

مکرم امیر صاحب نے ان تجاویز کے ليے تین سب کمیٹیاں بنائیں تاکہ بجٹ، شعبہ مال اور دیگر امور پر سیرحاصل بحث اور تجاویز سامنے آئیں۔ سب کمیٹیز کو عصر تک کا وقت دیا گیا۔

ظہرانہ اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت مکرم محمد قاسم صاحب مبلغ سلسلہ کو حاصل ہوئی۔ دعا کے بعد سب کمیٹیز نے اپنی رپورٹس پیش کیں جس پر ممبران شوریٰ کی رائے شماری کے بعد ان سفارشات کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں برائے منظوری پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

مورخہ ۲۶؍اپریل بروز اتوار مکرم امیر صاحب کی زیرصدارت اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ان کا کام صرف شوریٰ میں شامل ہونا نہیں بلکہ اپنی جماعتوں تک ان پیغامات کو پہنچانا اور عمل کروانا بھی ہے اور وہ پورے سال کے ليے نمائندے ہوتے ہیں۔ اس ليے اس اہم مقصد کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔ دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام کو پہنچا۔ مغرب و عشا کی نمازیں جمع کی گئیں اس کے بعد کھانے کا اہتمام کیا گیا اور یوں یہ بابرکت شوریٰ اپنے اختتام کو پہنچی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: ڈنمارک کے بورن ہولم جزیرہ میں ایک عوامی میلہ میں جماعت احمدیہ کی شرکت

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button