خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… چین کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر تائیوان نے اپنے دفاعی بجٹ میں ریکارڈ اضافے کی تجویز پیش کی ہے۔ آئندہ مالی سال میں دفاعی اخراجات میں ۱۶؍فیصد اضافہ متوقع ہے۔ چین تائیوان کو اپنا حصہ قرار دیتا ہے اور اسے اپنے ساتھ ملانے کے لیے طاقت کے استعمال کا امکان بھی ظاہر کرتا رہا ہے۔ صدر لائی چنگ تے دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور فوج کی جدید کاری کے حامی ہیں۔ نئے بجٹ میں فوج، کوسٹ گارڈز، سابق فوجیوں اور خصوصی دفاعی منصوبوں کے اخراجات شامل ہوں گے۔
٭…یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ساحلی شہر جیزان میں واقع آرامکو آئل ریفائنری پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی حکام نے ریفائنری کی ایک تنصیب میں آگ لگنے کی تصدیق کی، تاہم حملے کو آگ کی وجہ قرار نہیں دیا۔ سعودی صنعتی سیکیورٹی اور فائرفائٹنگ ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا اور کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ حوثیوں نے حملے کو سعودی ڈرونز کی مبینہ کارروائی کا جواب قرار دیا۔ یہ واقعہ یمن میں ۲۰۲۲ء کی جنگ بندی کے معاہدہ کے کمزور ہونے اور بحیرہ احمر میں بڑھتی کشیدگی کے نتیجے میں پیش آیا ہے، جس سے سعودی تیل تنصیبات، عالمی توانائی سپلائی اور بحری تجارت کو خطرات لاحق ہیں۔
٭…ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے جنگ کے خاتمے، اقتصادی پابندیاں اٹھانے اور جنگی نقصانات کے معاوضے سمیت متعدد شرائط پیش کی ہیں۔ تہران منجمد اثاثوں کی بحالی اور امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر رہا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے انتظامات پر مذاکرات آخری مراحل میں ہیں، تاہم شرائط کے باعث معاملہ پیچیدہ ہے۔ دوسری جانب آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل متاثر ہورہی ہے۔ عمان نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے سے خبردار کیا ہے۔
٭…٭…٭




