افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ ددگو، برکینا فاسو کا ریجنل اجتماع ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ددگو، برکینافاسو کو اپنا ریجنل اجتماع ’’خادم اور سوشل میڈیا: کردار اور ذمہ داری‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۹و۱۰؍مئی ۲۰۲۶ء کو مجلس سراکلے میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع کی تیاری کے ليے ریجنل قائد صاحب اور ان کی عاملہ نے مجالس کے دورے کيے۔ اجتماع کے انتظامات کے ليے ایک کمیٹی بنائی گئی تھی۔ مجلس خدام الاحمدیہ ددگو ریجن کے خدام نے اجتماع کے اخراجات کے ليے رقم جمع کی۔

افتتاحی اجلاس:مورخہ ۹؍مئی کو شام چار بجے اجتماع کا افتتاحی اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت مکرم احمد راشد بارو صاحب صدرمجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسو نے کی۔ آپ کے ساتھ معتمد مکرم ملک پارے عثمانی صاحب اور مہتمم مال مکرم کوریبو گو کریم صاحب بھی مرکزی وفد کا حصہ تھے۔ تلاوت کے بعد خدام کا عہد دہرایا گیا پھر قصیدہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں صدر مجلس نے افتتاحی کلمات کہے۔ افتتاحی تقریب کے معاً بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہو گیا۔ خدام کے مقابلہ جات میں فٹ بال، رسہ کشی، کلائی پکڑنا اوردوڑ سو میٹر شامل تھےجبکہ اطفال کے ليےفٹ بال، رسہ کشی اور دوڑ سو میٹر کے ورزشی مقابلہ جات رکھے گئے تھے۔

بعد از نماز مغرب و عشاء اجتماع کے مرکزی موضوع پر لوکل مبلغ مکرم کونے محمد صاحب نے تقریر کی۔ اس کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ خدام کے علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، اذان، حفظ القرآن، فی البدیہہ تقریر، مشاہدہ و معائنہ شامل تھے جبکہ اطفا ل کے ليے تلاوت، اذان، دینی معلومات، مشاہدہ و معائنہ اور فی البدیہہ تقریر اور قومی ترانہ اجتما ع کا حصہ تھے۔

اجتماع کا دوسرا روز:۱۰؍مئی بروز اتوار دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جو ریجنل مبلغ مکرم شاکر مسلم صاحب نے پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد لوکل مبلغ مکرم ماندے آدم صاحب نے درس دیا۔

خون کا عطیہ:اجتماع کے دوسرے دن خون کے عطیات دینے کا اہتمام کیا گیا۔ ۷۷؍خدام نے اپنے آپ کو عطیہ خون کے ليے پیش کیا جس میں ۷۳؍سے عطیہ لیا گیا۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس قربانی کو قبول فرمائے اور ان کے جذبہ خدمت خلق کی بہترین جزا دے۔ آمین

اختتامی تقریب: اجتماع کی اختتامی تقریب صدر مجلس کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور قصیدہ کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے خدام واطفال میں انعامات تقسیم کيے گئے۔ اسی طرح اجتماع کی تیاری میں نمایاں حصہ لینے والی اور دوران سال بہترین کام کرنے والی مجالس کو بھی انعامات ديے گئے۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کو اپنے تاثرات بیان کرنے کا موقع دیا گیا۔ آخر پر ریجنل مبلغ صاحب نے دعا کروائی۔ دعا کے بعد یادگاری پودے لگائے گئے اور اجتماعی تصویر ہوئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں ۱۹؍مجالس سے ۳۲۰؍خدام واطفال نے شرکت کی اور اجتماع کی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لیا۔

(رپورٹ:چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button