افریقہ (رپورٹس)

سہ روزہ ریفریشر کورس مبلغین و معلمین کرام آئیوری کوسٹ ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۱۳ تا ۱۵؍جون ۲۰۲۶ء ملک بھر کے مرکزی مبلغین کرام اور معلّمین کرام کا سالانہ ریفریشر کورس آبید جان شہر میں واقع جماعتی جگہ مہدی آباد میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس دوران مبلغین و معلمین کرام کی فیملیز کے ریفریشر کورس کا بھی انعقاد کیا گیا۔

ریفریشر کورس کے پہلے دن نماز فجر کی امامت مکرم سینا کولیبالی صاحب نے کی اور درس دیا۔ ناشتہ کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز مکر م عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج صاحب آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت ہوا۔ مکرم وقار الحق صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت کی اور فرانسیسی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد امیر صاحب کے ہمراہ شاملین نے عہدیدران کا عہد دہرایا۔ بعد ازاں امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میں ریفریشر کورس کے انعقاد کی اہمیت و ضرورت بیان کی۔ اس کے بعدمکرم کونے داؤد صاحب نائب امیر و نیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت نے اپنے شعبہ کے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ پھر مکرم یحییٰ وترا صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے مالی نظام کے متعلق حاضرین کو تفصیلات و آگاہی فراہم کی۔ نیز رپورٹ فارم کو بھرنے کے صحیح طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔

چائے کے وقفہ کے بعد مکرم کریم جوارا صاحب نیشنل سیکرٹری امور داخلہ، مکرم داکیساگا ہارون صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ، مکرم دیاکیتے آدم صاحب نیشنل سیکرٹری امور عامہ، مکرم تیرو ابراہیم صاحب نیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ و جائیداد اور مکرم تیرو الحسن صاحب نیشنل صدر مجلس انصاراللہ نے اپنے اپنے شعبہ جات کے سلسلہ میں تفصیلات بتائیں اور سوالات کے جواب دیے۔ اس اجلاس کے اختتام پر نماز ظہر و عصر اد ا کی گئیں۔

وقفہ برائے طعام کے بعد سہ پہر تین بجے فقہ کی کلاس ہوئی جس میں اولاً مکرم جیالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے چند فقہی مسائل کے متعلق روشنی ڈالی۔ جس کے بعد مکرم سورو الحسن صاحب نے فقہ احمدیہ سے چند فقہی مسائل کی تفصیل اردو اور بعد ازاں فرانسیسی زبان میں پیش کی۔

بعد ازاں کھیل کا وقفہ ہوا جس دوران سینٹرل مبلغین کرام نے کرکٹ جبکہ لوکل معلّمین کرام نے فٹ بال کھیلا۔ نماز مغرب وعشاء کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بیان فرمودہ خطبہ جمعہ ۱۲؍دسمبر ۲۰۲۵ء جو کہ تبلیغ کے موضوع پر تھا، فرانسیسی ترجمہ کے ساتھ شاملین نے سنا جس کا بعد ازاں مکرم عبدالرحمان وترا صاحب معلم سلسلہ نے مقامی زبان جولا میں ترجمہ بھی پیش کیا اور عشائیہ کے ساتھ پہلے دن کا اختتام ہوا۔ شاملین کرام کو ان تمام پروگرامز کے اختتام پر فٹ بال ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کا لائیو میچ(جو آئیوری کوسٹ اور ایکواڈور کے مابین تھا) بھی دکھایا گیا۔

دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد و فجر اور درس سے ہوا جو مکرم سلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ بواکے نے دیا۔ ناشتہ کے بعد اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم لقمان فرید احمد صاحب مبلغ سلسلہ ہوا۔ خاکسار(مبلغ سلسلہ) نے تلاوت قرآن کریم کی جس کے بعد مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’وفات مسیح بحوالہ بائبل‘‘ کے عنوان سے تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’ختم نبوت از غیر احمدی علمائے کرام‘‘ کے عنوان سے گزارشات پیش کیں۔ چائے کے وقفہ کے بعد مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے ’’فرقہ انصار دین‘‘ کی تفصیلات سے شاملین کو آگاہ کیا جس کے معاً بعد مکرم حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’جماعت احمدیہ کی ذیلی تنظیموں کا تعارف‘‘ کے عنوان سے گزارشات پیش کیں۔ نماز ظہر و عصر کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔

وقفہ برائے طعام کے بعد تین بجے مکرم سورو الحسن صاحب مبلغ سلسلہ نے کتاب ’’زریں ہدایات برائے مبلغین‘‘ سے چند عناوین کا اصل متن اور پھر اس کا فرانسیسی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد کھیل کا وقفہ تھا جس دوران شاملین نے فٹ بال اور کرکٹ کھیلی۔

نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے فوراً بعد جامعہ احمدیہ یوکے، کینیڈا، جرمنی، گھانا اور انڈونیشیا کی تقریب تقسیم اسناد سے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ کا خطاب بزبان فرانسیسی سنوایا گیا اور عشائیہ کے بعد دوسرے دن کے پروگرام کا اختتام ہوا۔

تیسرے دن کا آغاز نماز فجر و تہجد اور درس سے ہوا جو مکرم عبدالرحمان وترا صاحب معلم سلسلہ نے دیا۔ ناشتہ کے بعد آٹھ بجے تیسرے اور آخری دن کے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم حافظ شہباز احمد صاحب (مرحوم) نے کی جس کے بعد مکرم شبیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’خلفائے احمدیت کا تعارف اور ان کے ادوار میں جماعتی ترقیات کا جائزہ‘‘ کے عنوان سے گزارشات پیش کیں۔ بعد ازاں مکرم سورو الحسن صاحب نے چند فقہی مسائل کو فقہ حضرت مسیح موعودؑ کی رو سے پیش کیا۔

چائے کے وقفہ کے بعد مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی جس میں آپ نے ریفریشر کورس کے دوران ہونے والی تقاریر اور پریزنٹیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز آپ نے شاملین کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دیے۔ ریفریشر کورس کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد گروپ فوٹو ہوا اور نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ بعد ازاں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال کل ۷۰ مبلّغین و معلّمین کرام نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ سب شاملین کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطاکرے اور سب کے ایمان و ایقان کو جلا بخشے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور: نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button