اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
درخواستہائے دعا
٭…ناصرمحمودطاہر صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسارکی والدہ محترمہ عذرابیگم صاحبہ اہلیہ رانامحمدالطاف صاحب(ربوہ)ذیابیطس، بلڈ پریشر اور دیگر عوارض کی وجہ سے کافی علیل اورکمزورہیں۔ حال ہی میں ان کی ایک میجر سرجری فضل عمر ہسپتال میں ہوئی ہے۔
٭…خورشید احمد خان صاحب صدر جماعت احمدیہ سند براری اپنی جماعت کے احباب، اپنے اہل و عیال نیز اپنے والدین کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جملہ مریضان کو اپنی حفظ وامان میں رکھے، شفائے کاملہ وعاجلہ عطا فرمائے اورصحت وسلامتی والی لمبی زندگی سے نوازے۔ آمین
اعلانات ولادت
٭… محمود احمد ملک صاحب واقف زندگی روزنامہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے مورخہ ۳۰؍جولائی۲۰۲۶ء کوعزیزہ سیّدہ قدسیہ خالد اور عزیزم سیّد قاصد صالح احمد آف کینیڈا کو پہلے بیٹے سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نومولود کو ازراہ شفقت وقف نو کی بابرکت تحریک میں قبول فرماتے ہوئے ’اوصاف محمود احمد‘ نام عطافرمایا ہے۔
نومولود محترم سیّد خالد احمد شاہ صاحب اور محترمہ سیّدہ امۃالباسط صاحبہ کا پہلا نواسہ ہے۔ اس طرح محترم سیّد داؤد مظفر شاہ صاحب اور صاحبزادی امۃالحکیم بیگم صاحبہ کا پڑپوتا اور محترمہ سیّدہ بشریٰ بیگم صاحبہ سابق صدر لجنہ ضلع لاہور اور محترم میجر سیّد سعید احمد صاحب کا پڑنواسہ ہے۔
نومولود ننھیال کی طرف سے سیّدنا حضرت مصلح موعودؓ اور حضرت اُمّ طاہر صاحبہؓ کی نسل سے ہے جبکہ ددھیال کی طرف سے حضرت ڈاکٹر سیّدعبدالستار شاہ صاحبؓ (والد محترم حضرت اُمّ طاہر صاحبہؓ) کی نسل سے ہے۔
نومولود مکرم سیّد ابراہیم منیب احمد صاحب اور مکرمہ امۃالرؤف صاحبہ کا پہلا پوتا ہے اور اس طرح محترم سیّد میر محمود احمد ناصر صاحب اور صاحبزادی امۃالمتین صاحبہ کا پڑپوتا اور محترم صاحبزادہ مرزا وسیم احمد صاحب اور محترمہ صاحبزادی امۃالقدوس بیگم صاحبہ کا پڑنواسہ ہے۔ اس حوالے سے ننھیال کی طرف سے حضرت مصلح موعودؓ، حضرت چھوٹی آپا (اُمّ متین صاحبہ) اور اُمّ وسیم صاحبہ کی نسل سے جبکہ ددھیال اور ننھیال دونوں کی طرف سے حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ اور حضرت میر محمد اسحٰق صاحبؓ کی نسل سے ہے۔
٭…صفوان احمد ملک صاحب آفس انچارج شعبہ تبلیغ جرمنی و نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مورخہ ۲۴؍جولائی ۲۰۲۶ء کو خاکسار کے چھوٹے بیٹے عزیزم قویم احمد ملک فارغ التحصیل جامعہ احمدیہ جرمنی اور بہو عزیزہ صبیحہ ملک بنت ملک صلاح الدین احمد صاحب کو اللہ تعالیٰ نے پہلے بچے سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نومولود کو ازراہ شفقت وقف نو کی بابرکت تحریک میں قبول فرماتے ہوئے ’مروان احمد ملک‘ نام عطافرمایا ہے۔
نومولود کے والدین بھی وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ نومولود، ملک بشیر احمد اعوان صاحب مرحوم ریٹائرڈ پنشنروقف جدید انجمن احمدیہ ربوہ کا پہلا پڑپوتا ہے اور ننھیال و ددھیال کی طرف سے میاں حسن الدین صاحب آف چکوال کی نسل سے ہے جنہوں نے حضرت مسیح موعودؑ کی حیات مبارکہ میں بذریعہ خط بیعت کی توفیق پائی تھی۔
اللہ تعالیٰ ان نومولود بچوں کو صحت و سلامتی والی لمبی زندگی عطا فرمائے، انہیں دین کا خادم، خلافت احمدیہ کا سلطان نصیر، جماعت کے لیے نافع وجود نیز حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین
سانحہ ارتحال
بشریٰ عاطف صاحبہ صدر لجنہ اماءاللہ مالٹا اہلیہ لئیق احمد عاطف صاحب مبلغ وصدر جماعت احمدیہ مالٹا تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ عائشہ صدیقہ صاحبہ زوجہ چودھری سعید احمد صاحب مرحوم آف ناصرآباد، شیخوپورہ، ۳۱؍جولائی ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک، اسلام آباد، پاکستان میں ۸۱؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئی ہیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
آپ ۱۹۴۵ء میں قادیان دارالامان میں پیدا ہوئیں اور پیدائشی احمدی تھیں۔ آپ کا نام حضرت مصلح موعودؓ نے ’عائشہ صدیقہ‘ رکھا۔ آپ کے دادا حضرت علی محمد صاحبؓ کو حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی ہونے کی سعادت حاصل تھی۔ آپ کے والد محترم چودھری محمد ابراہیم صاحب ایک باوقار اور محترم شخصیت تھے۔ آپ چودھری محمد اسماعیل اوورسیر صاحب، سابق صدر جماعت خوشاب کی بہو تھیں۔
آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ آپ کی نماز جنازہ ربوہ میں جمعہ کی نماز کے بعد پڑھائی گئی جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں آپ کو بہشتی مقبرہ ربوہ میں سپرد خاک کیا گیا۔
آپ نیک اور تقویٰ شعار احمدی تھیں۔ آپ تہجد گزار تھیں، نماز اور روزے کی پابندی کا خاص اہتمام رکھتی تھیں اور ہر وقت ذکر الٰہی میں مشغول رہتی تھیں۔ باقاعدگی کے ساتھ تلاوت قرآن کریم کرنے والی، کثرت سے درود شریف کا ورد کرنے والی، ضرورت مندوں کی خاموشی سے مدد کرنے والی اور ہر دلعزیز شخصیت کی حامل تھیں۔
آپ کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو اللہ تعالیٰ سے آپ کی بے حد اور سچی محبت تھی۔ آپ کو اللہ تعالیٰ کی ذات پر کامل بھروسہ تھا اور آپ ہمیشہ تقویٰ کی راہوں پر گامزن رہیں۔ آپ کے دل میں عشق رسولﷺکی شمع ہمیشہ روشن رہتی تھی۔ آپ حضرت مسیح موعودؑ سے گہری عقیدت و محبت اور خلیفہ وقت کی کامل اطاعت کرنے والی تھیں۔
ایم ٹی اے باقاعدگی کے ساتھ دیکھتی اور سنتی تھیں، خصوصاً حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات جمعہ اور خطابات باقاعدگی کے ساتھ سنتی تھیں۔ ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق اور خلافت کی اطاعت کی تلقین کرتی تھیں۔
آپ کی شخصیت میں دین سے محبت، اخلاص اور روحانیت کا رنگ ابتدا سے ہی غالب رہا۔ اخلاقی اعتبار سے آپ نہایت اعلیٰ اوصاف کی حامل تھیں۔ آپ نہایت سادہ دل، نرم مزاج اور حلیم الطبع تھیں۔ آپ نے اپنی پوری زندگی نیکی، پرہیزگاری اور حسن اخلاق کے ساتھ گزاری۔ کبھی کسی کی دل آزاری نہیں کی۔ آپ کی زندگی تقویٰ اور دینداری کا عملی نمونہ تھی۔ آپ بہت مہمان نواز تھیں۔ اپنے ہمسایوں کا بھی بہت خیال رکھا کرتی تھیں۔
مرحومہ نے پسماندگان میں پانچ بیٹیاں اور دو بیٹے سوگوار چھوڑ ے ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، ان کی نیکیاں ان کی اولاد میں جاری رکھے، ان کی اولاد کو جماعت اور خلیفہ وقت کے ساتھ اطاعت و وفا کے مضبوط تعلق کی توفیق عطا فرماتا رہے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭



