یورپ (رپورٹس)

سویڈن کے جزیرہ گوت لینڈ میں تبلیغی سٹال

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مسلمہ سویڈن کو امسال ۲۳ تا ۲۵؍جون ۲۰۲۶ء سویڈن کے معروف سیاسی و سماجی اجتماع Almedalsveckan میں تبلیغی سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ یہ سالانہ تقریب تاریخی شہر وسبی (Visby)، جزیرہ گوت لینڈ (Gotland) میں منعقد ہوتی ہے اور اسے سویڈن کی اہم ترین جمہوری، سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ چونکہ رواں سال سویڈن میں عام انتخابات ہونے والے ہیں، اس لیے اس سال کی تقریب غیر معمولی اہمیت کی حامل تھی اور اس میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں، سرکاری و غیر سرکاری اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں، مذہبی نمائندوں، جامعات اور کاروباری اداروں نے اپنے سٹالز قائم کیے۔

امسال بھی جماعت احمدیہ مسلمہ سویڈن کا تبلیغی سٹال ’’Ask a Muslim‘‘ کے عنوان کے تحت قائم کیا گیا۔ اس سٹال کے انتظامات مکرم منیر نیازی صاحب، نیشنل سیکرٹری امورِ خارجیہ، اور مکرم عطا الٰہی صاحب، نیشنل سیکرٹری تبلیغ، نے انجام دیے۔ اس تبلیغی مہم میں مکرم کاشف محمود ورک صاحب (مبلغ سلسلہ مالمو)، مکرم مصعب رشید صاحب (مبلغ سلسلہ سٹاک ہالم)، مکرم نجیب الرشید صاحب (مبلغ سلسلہ گوتھن برگ) اور مکرم منیر نیازی صاحب (نیشنل سیکرٹری امورِ خارجیہ) نے شرکت کی۔

اس موقع پر جماعت احمدیہ مسلمہ سویڈن کے زیرِ اہتمام دو مکالمہ نشستوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ پہلی نشست کا موضوع ’’امن کے قیام میں مذاہب کا کردار‘‘ تھا، جس میں دو اراکینِ پارلیمنٹ اور ایک کیتھولک پادری نے شرکت کی۔ اس نشست میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی مکرم مصعب رشید صاحب، مبلغ سلسلہ سٹاک ہالم، نے کی۔

دوسری نشست کا موضوع ’’سویڈن میں اسلام پر جاری مباحثہ‘‘ تھا، جس میں ایک رکنِ پارلیمنٹ اور مذاہب کے ایک پروفیسر نے اظہارِ خیال کیا۔ اس نشست میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی مکرم کاشف محمود ورک صاحب، مبلغ سلسلہ مالمو، نے کی۔ دونوں مکالموں میں مکرم نیشنل سیکرٹر ی صاحب امور خارجیہ نے بطور ماڈریٹر فرائض سر انجام دئیے۔

اس موقع پر جماعت کے وفد نے میلے میں قائم مختلف سیاسی، سماجی اور تنظیمی اداروں کے سٹالز کا بھی دورہ کیا، جہاں مختلف نمائندگان سے ملاقاتیں کی گئیں اور انہیں جماعت احمدیہ کے تعارف، بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔

جماعت کے اسٹال پر آنے والے بہت سے زائرین نے جماعت احمدیہ کی جانب سے پیش کردہ لٹریچر میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ بالخصوص حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے لیکچرز اور عالمی راہنماؤں کو خطوط پر مشتمل کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ نہایت پسند کی گئی۔ اسی طرح مختلف موضوعات پر بروشرز بھی بڑی تعداد میں تقسیم ہوئے۔

میلے کے دوران متعدد افراد نے جماعت احمدیہ کی اس تبلیغی کاوش کو نہایت سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ موجودہ معاشرے میں ایسے اقدامات کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ یہ مختلف طبقات کے درمیان مکالمے، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔

الحمدللہ اس تبلیغی مہم کی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر بھی مسلسل اجاگر کیا گیا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس عاجزانہ کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور اس کے دُور رس اور بابرکت نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: نیشنل اجتماع وقفِ نَو سویڈن ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button