جماعت احمدیہ فن لینڈ کے زیر اہتمام مشاعرہ (نذرانۂ عقیدت ومحبتِ خلافت) کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۵؍جون ۲۰۲۶ء بروز جمعۃالمبارک جلسہ سالانہ فن لینڈ کے پہلے روز، شام بعد از طعام مسجد نور میں خلافت کی شان و برکات کا اظہار کرنے کی خاطر ایک مشاعرہ منعقد جس کی صدارت مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے کی جو جلسہ سالانہ فن لینڈ ۲۰۲۶ء میں بطور مرکزی نمائندہ شامل ہوئے تھے۔

نظامت و میزبانی کے فرائض مکرم مدثر احمد نقاش صاحب نے ادا کیے۔ شعرائے کرام نے خلافت کی محبت میں اپنا کلام پیش کیا اور سامعین سے داد سمیٹی۔ ناظم مشاعرہ کے علاوہ خاکسار، مکرم محمد امتیاز خالدصاحب، مکرم سید سمیع الحسن صاحب نیز کینیڈا سے تشریف لائے مہمان خصوصی مکرم صفدر نذیر گولیکی صاحب نے بھی کلام پیش کیا۔
مشاعرہ تقریباً سوا گھنٹے جاری رہا۔ خواتین نے بھی جلسہ گاہ میں مختص اپنے ایریا میں سکرین کے ذریعے اس تقریب کو دیکھا اور سنا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے کیا گیا۔ میزبان شاعر نے روایت کے مطابق چند اشعار پڑھ کر باقی شعراء کو دعوت کلام دی۔ چند شعراء کے عقیدت ومحبت پر مبنی کلام کا نمونہ ہدیۂ قارئین ہے:
مدثر احمد نقاش صاحب نے ترنم سے اشعار پیش کیے جس سے محفل میں ایک سماں بندھ گیا۔
وہ نور آفتاب ہے وہ حُسن لا جواب ہے
وہ وقت شب طویل میں مثیل ماہ تاب ہے
وہ با اَدب سماج میں ادب کی اک کتاب ہے
نصیحتوں کے باب میں وہ بے بہا نصاب ہے
سید سمیع الحسن شاہ صاحب:
مکھڑا تیرا رَب دا نور وے
دل ہویا ساڈا مسرور، مسرور وے
پہلی وار دیدار جَد ہویا
اکھیاں ہویاں رو رو چُور وے
صفدر نذیر گولیکی صاحب :
چمٹے رہو خلافت سے تم خدا کے لیے
سُنتے رہو ہر اک صدا تم خدا کے لیے
اخلاق سے، وفا سے، محبت سے جیت لو
ہر دل میں اُگاؤ وفا تم خدا کے لیے
تمام شعراءنے اپنے پُر لطف اور عمدہ کلام سے محفل کو چارچاند لگا دیے اور سامعین خوب لطف اندوز ہوئے۔
آخر پر ناظم مشاعرہ نے منتظمین اور شعرائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔ مبلغ انچارج صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔ بعد ازاں نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں۔ مشاعرہ میں قریباً۴۰؍احباب شامل ہوئے۔
(رپورٹ:طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مکتوب شمالی امریکہ (جون و جولائی ۲۰۲۶ء)




