مجلس انصار اللہ ناروے کے اڑتیسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ ناروے کو مورخہ ۹ و۱۰؍مئی ۲۰۲۶ء کو اپنا ۳۸واں سالانہ اجتماع مسجد بیت النصر، اوسلو میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع کے موقع پر حضور انور نے ازراہ شفقت اپنا خصوصی پیغام ارسال فرمایا۔ سالانہ اجتماع میں مکرم ہبتہ الرحمان صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (خدام سیکشن) نے بطور مرکزی نمائندہ شرکت کی۔

اجتماع میں کُل ۱۳۷؍انصار بھائیوں نے شرکت کی۔ دور کی مجالس سے آئے ہوئے بعض انصار نے مسجد میں رہائش اختیار کی۔ رجسٹریشن کے ساتھ شوگر اور بلڈپریشر کے ٹیسٹ کا بھی خصوصی انتظام تھا، جس سے کثیر تعداد نے فائدہ اٹھایا۔
پہلا دن: مورخہ ۹؍مئی کو اجتماع کا آغاز صبح نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوا۔ ساڑھے دس بجے اجتماع کا باقاعدہ آغاز پرچم کشائی کی پُروقار تقریب سے ہوا، مجلس انصاراللہ کا جھنڈا مرکزی نمائندہ جبکہ ناروے کا قومی جھنڈا صدر مجلس انصاراللہ ڈاکٹر احمد رضوان صاحب نے لہرایا۔بعد ازاں دعا ہوئی۔

افتتاحی اجلاس کا آغاز زیر صدارت مرکزی نمائندہ تلاوتِ قرآنِ کریم، نظم اور عہد سے ہوا۔ صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی معرکہ آراء تصنیف براہین احمدیہ حصہ پنجم میں بیان کردہ سورۃالفرقان کی تفسیر خلاصۃً بیان کی۔ پھر حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا وہ خصوصی اور بابرکت پیغام مرکزی نمائندہ نے پڑھ کر سنایا جو حضورانور نے ازراہ شفقت ارسال فرمایا تھا۔ بعد ازاں آپ نے دعا کروائی۔
افتتاحی اجلاس کے بعد کھیلوں کے دلچسپ مقابلے ہوئے ۔ نمازِ ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی اور کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
دوسرا دن: دوسرے دن کا پہلا اجلاس زیر صدارت مرکزی نمائندہ منعقد ہوا۔ تلاوت و نظم کے بعد قائد تربیت ڈاکٹر صفدر ملک صاحب کی زیرِ نگرانی ایک خصوصی ’’انتظامی و فکری نشست‘‘ کا اہتمام کیا گیا، جس کے پہلے حصے میں سابق صدر انصاراللہ ناروے محترم چودھری منیر احمد صاحب کے ساتھ سوال و جواب کا سلسلہ رکھا گیا۔ دوسرے حصے میں جماعت کے دو مخلص وجودوں اور سابق صدور مجلس انصاراللہ ناروے، محترم رائے عبدالقدیر صاحب مرحوم اور محترم بشارت صابر صاحب مرحوم، جن کی وفات کچھ ماہ قبل یکے بعد دیگرے ہوئی تھی، ان کی یاد میں نشست منعقد ہوئی۔ ان مرحومین کی جماعتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے محترم میر عبدالسلام صاحب، محترم شاہد ڈار صاحب اور شاملین میں سے بھی بعض انصار نے ان کی زندگی کے ایمان افروز واقعات اور جماعتی خدمات کی یادیں پیش کیں جس سے ہر آنکھ اشکبار اور دل ان کے لیے دعاؤں سے لبریز ہو گیا۔

اس نشست کے بعد بقیہ علمی مقابلہ جات ہوئے، جس کے بعد نمازِ ظہر و عصر اور دوپہر کے کھانے کا وقفہ ہوا۔
کھانے کے بعد ’’کوئز (معلوماتِ عامہ)‘‘ شروع ہوا۔ اس میں مختلف مجالس کی نمائندگی کرنے والی ۶ ٹیموں نے حصہ لیا۔ جماعت نِتیدال کی ٹیم نے اول پوزیشن حاصل کی۔اس کے بعد بیت بازی کا دلچسپ مقابلہ ہوا۔
اجتماع کا اختتامی اجلاس زیر صدارت مرکزی نمائندہ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد علمی اور ورزشی مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں مہمانانِ گرامی نے انعامات تقسیم کیے۔ مرکزی نمائندہ نے اپنی تقریر میں انصار کو خلافتِ احمدیہ سے وابستگی اور وفاداری قائم رکھنے کی تلقین کی اور اختتام پر دعا کروائی۔
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک نتائج برآمد فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:محمد راحیل ناصر۔ قائد تعلیم، مجلس انصار اللہ ناروے)
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اجتماع مجلس انصار اللہ ناروے ۲۰۲۶ءکے موقع پر بصیرت افروز پیغام
مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ ناروے
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کا خط موصول ہوا جس میں آپ نے ۹ اور ۱۰؍مئی ۲۰۲۶ء کو اپنے ۳۸ویں سالانہ اجتماع کے انعقاد کی اطلاع دی ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اسے انصار کی روحانی ترقی اور مضبوطیٔ ایمان کا ذریعہ بنائے۔
انصار اللہ کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ جماعت کے وہ افراد جو عمر اور تجربہ میں بڑھے ہوئے ہیں، وہ دینِ اسلام اور جماعت کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کریں، خلافت سے کامل وفا و اطاعت کا نمونہ دکھائیں اور اپنی عملی حالتوں سے نوجوان نسل کی صحیح راہنمائی کریں۔ ہر ناصر کو چاہیے کہ وہ اپنے اندر تقویٰ پیدا کرنے کی کوشش کرے اور عبادات کی ادائیگی میں باقاعدگی اور خشوع اختیار کرے۔
اجتماع کے انعقاد کا اصل فائدہ اسی صورت میں ہوگا جب یہ محض ایک رسمی اجتماع نہ رہے بلکہ ہر شامل ہونے والا اپنے اندر نیک تبدیلی پیدا کرنے کا عزم لے کر واپس جائے۔ نمازوں کی باجماعت ادائیگی، تلاوت قرآن کریم، درود شریف اور دعاؤں کی طرف خاص توجہ دی جائے۔ باہمی تعلقات میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے اور ہر قسم کی رنجشوں کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے۔
اللہ تعالیٰ آپ سب کو مجلس انصاراللہ کے قیام کے مقاصد پورے کرنے کی توفیق دے، آپ کی مساعی کو شرف قبولیت بخشے، کوتاہیوں سے درگزر فرمائے اور اپنی خاص تائید و نصرت عطا فرمائے۔ آمین۔




