لکسمبرگ میں تبلیغ ڈے کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۰؍جون بروز ہفتہ جماعت احمدیہ لکسمبرگ کو مجلس انصار اللہ جرمنی کے تعاون سے ایک بھرپور اور کامیاب ’تبلیغ ڈے‘ منانے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کا مقصد اسلام احمدیت کے پُرامن اور محبت بھرے پیغام کو وسیع پیمانے پر عوام تک پہنچانا اور معاشرے میں امن، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرنا تھا۔

اس پروگرام کی تیاری اور دعا کی غرض سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط بھی لکھے گئے۔
اس تبلیغی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مجلس انصاراللہ جرمنی نے قابل قدر تعاون کیا۔ مکرم طارق نعیم صاحب کی نگرانی میں جرمنی سے آنے والے انصار کی ٹیم سمیت مجموعی طور پر ۲۱؍خدام و انصار نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ شرکاء نے انتہائی جذبہ، اخلاص اور محنت کے ساتھ مختلف تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
اس موقع پر لکسمبرگ سٹی اور اس کے گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر ۴؍ہزار ۴۰۰؍تبلیغی فلائرز تقسیم کیے گئے۔ فلائرز کے ذریعے اسلام احمدیت کی تعلیمات، امن کے قیام، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت کے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچایا گیا۔ متعدد افراد نے فلائرز خوش دلی سے وصول کیے اور جماعت احمدیہ کے تعارف اور پیغام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
مزید براں شرکا نے لکسمبرگ سٹیشن اور شہر کے مختلف اہم چوراہوں اور عوامی مقامات پر امن، محبت، رواداری اور انسانی اخوت کے پیغام پر مشتمل بڑے بینرز اور بورڈز کے ساتھ کھڑے ہو کر عوام کی توجہ اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیمات کی طرف مبذول کروائی۔ اس سرگرمی کے دوران راہگیروں اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ مثبت اور تعمیری گفتگو کے مواقع بھی میسر آئے جن کے ذریعے اسلام کے پُرامن پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ اس بابرکت کاوش کے نیک نتائج پیدا فرمائے، تمام شاملین کی قربانیوں اور محنتوں کو قبول فرمائے اور لکسمبرگ میں اسلام احمدیت کے پیغام کو مزید وسعت عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:توصیف احمد۔ مبلغ سلسلہ لکسمبرگ)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ریجنل اجتماع لجنہ اماء اللہ فادا، برکینا فاسو



