نواں سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ فن لینڈ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ فن لینڈ کا ۹واں سالانہ اجتماع ۱۱ و ۱۲؍جولائی کو نورمسجد، ہیلسنکی میٹروپولیٹن ایریا میں منعقد ہوا۔ اس سال کے اجتماع کا مرکزی موضوع ’’ہمارا بہشت ہمارا خدا ہے‘‘ تھا۔

ہفتہ، ۱۱؍جولائی کو اجتماع کا باقاعدہ آغاز صبح ۹ بجے تقریب پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں تلاوتِ قرآن کریم، نظم، مجلس خدام الاحمدیہ کا عہد، محترم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ کی افتتاحی گزارشات اور صدر مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ، محترم فرید احمد صاحب، کے افتتاحی کلمات شامل تھے۔
افتتاحی اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جو دوپہر تک جاری رہے، جس کے بعد کھانے اور نمازوں کا وقفہ ہوا۔
نمازِ ظہر و عصر کے بعد خدام انڈور سپورٹس ہال گئے جہاں سہ پہر ۳ بجے سے کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ رات ۹ بجے خدام دوبارہ مسجد واپس آئے جہاں تمام شرکاء کو عشائیہ میں باربی کیو پیش کیا گیا۔ دن کا اختتام نمازِ مغرب و عشاء کے بعد بقیہ چند علمی مقابلہ جات کے انعقاد سے ہوا۔

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز نمازِ تہجد اور نمازِ فجر سے ہوا، جبکہ تقریباً صبح ۱۰ بجے خدام اور اطفال کے باقی ماندہ کھیلوں کے مقابلہ جات آؤٹ ڈور سپورٹس گراؤنڈ میں منعقد ہوئے۔ دوپہر ۲ بجے سے ۳ بجے تک کھانے اور نمازِ ظہر و عصر کا وقفہ رہا۔ مقابلے شام ۵ بجے تک جاری رہے، جس کے بعد تمام شرکاء شام ۶ بجے مسجد واپس پہنچے۔
اجتماع کا باقاعدہ اختتام تقسیمِ انعامات کی تقریب اور صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ محترم عطاءالغالب صاحب اور صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کی اختتامی تقاریر کے ساتھ ہوا۔
اس سال کے اجتماع میں مجموعی حاضری ۹۲ رہی، جس میں ۶۲؍خدام، ۱۱؍اطفال اور چند دیگر مہمان شامل تھے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں ان اجتماعات کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنےکی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: بنگلہ ڈیپارٹمنٹ یوکے کے زیرِ اہتمام تربیتی و تبلیغی اجلاس کا انعقاد




