کینیا کے کوسٹ سی Kinango ریجن کی جماعت Luwanga میں نئی مسجد کا شاندار افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا کو کوسٹ سی کینانگو (Kinango) ریجن کی جماعت لوانگا (Luwanga) میں ایک نئی خوبصورت مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی جس کا افتتاح مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے ۲۱؍اگست بروز جمعۃ المبارک قبل از نماز جمعہ کیا۔ اس مبارک تقریب میں احباب جماعت کے علاوہ سرکاری افسران، کاؤنٹی انتظامیہ اور مقامی معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

لوانگا علاقہ کی بڑی اور مشہور جماعت کواکا ڈؤگا کے نواح میں واقع ہے۔ یہاں تقریباً تین سال قبل جماعت قائم ہوئی تھی اور یہاں کے احمدی نماز جمعہ وغیرہ کی ادائیگی کے لیے کواکا ڈؤگا مسجد جاتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہاں بتدریج جماعت کو ترقی حاصل ہوئی اور مسجد کی ضرورت شدت سے محسوس ہونے لگی۔ کچھ عرصہ قبل مقامی کمیونٹی کی طرف سے جماعت کو مسجد کی تعمیر کے لیے ایک بڑا پلاٹ الاٹ ہوا۔ ضابطےکی کارروائی مکمل ہونے کے بعد یہاں مسجد کی تعمیر شروع کی گئی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے مختصر مدت میں ۳۱؍فٹ لمبی اور ۲۵؍فٹ چوڑی خوبصورت مسجد مکمل ہوگئی جس میں تقریباً ۱۵۰؍نمازیوں کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔ مسجد کے ہال میں پارٹیشن کے ذریعے مستورات کے لیے علیحدہ باپردہ نماز کی ادائیگی کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ وضو وغیرہ کے لیے بھی الگ انتظام موجود ہے۔ روشنی کے لیے سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ عنقریب ایم ٹی اے اور لاؤڈ سپیکر بھی مہیا کر دیے جائیں گے اور مسجد کے گرد فینسگ کا کام بھی جلد مکمل ہو جائے گا، ان شاءاللہ۔
اس مسجد کی تعمیر کا تمام خرچ جماعت احمدیہ امریکہ کی ایک مخلص رکن مکرمہ عطیۃ الباری غنی صاحبہ نے ادا کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر دے اور حسنات دارین عطا فرمائے۔ آمین

مسجد ہٰذا کے افتتاح کی تقریب ۲۱؍اگست بروز جمعۃالمبارک قبل از نماز جمعہ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مسجد کے احاطے میں خواتین و حضرات کے لیے الگ الگ مارکیاں لگائی گئی تھیں جن میں کرسیاں لگا کر بیٹھنے کا عمدہ انتظام کیا گیا تھا۔ مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اس کے سواحیلی ترجمہ سے ہوا جس کے بعد اطفال نے عربی قصیدہ پیش کیا۔ پھر مقامی جماعت کے صدر مکرم یوسف صاحب نے امیر صاحب اور دیگر معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد مقامی قبائلی زبان ’’ڈروما‘‘ میں عبادت کی ضرورت اور مسجد کے احترام پر مبنی ایک خوبصورت نظم پیش کی گئی۔
لوکل کمیونٹی کے چیئرمین، علاقہ چیف، ولیج ہیڈ مین، کاؤنٹی انتظامیہ کے نمائندہ اور گورنر کے نمائندہ نے تقاریر کیں۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کو مسجد کی تعمیر پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جماعت کی مقامی خدمات کو بھی سراہا۔
آخر میں امیر صاحب نے مختصر تقریر کی جس میں مسلم معاشرے میں مسجد کی ضرورت و اہمیت، اس کے آداب اور صفائی ستھرائی وغیرہ کے متعلق قرآن و حدیث کی روشنی میں مختلف امور بیان کیے۔ آپ نے احباب کو مسجد کی آبادکاری اور نمازوں کی ادائیگی کی تلقین کی اور دعا کرائی۔ اس کے بعد فیتہ کاٹ کر اور تختی کی نقاب کشائی کے ذریعے مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ بعد ازاں آپ نے نماز جمعہ پڑھائی اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے تعلیم و تربیت کی اہمیت و ضرورت پر خطبہ دیا۔ جملہ مہمانوں نے مارکی میں بیٹھ کر خطبہ جمعہ سنا اور نماز جمعہ کی ادائیگی کا طریق ملاحظہ کیا۔ نماز جمعہ کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جس میں ۶۰؍مہمانوں سمیت تقریباً ۳۰۰؍افراد شامل ہوئے۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو اس علاقہ میں منبع رشد و ہدایت بنائے اور اسے متقی و خداترس نمازیوں سے بھر دے۔ آمین
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ امریکہ کے ۷۶ویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد




