مسجد بیت المحمود ڈنڈی، سکاٹ لینڈ کے قیام کی دسویں سالگرہ پر خصوصی تقریب کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ ڈنڈی، سکاٹ لینڈ کے زیر اہتمام مسجد بیت المحمود کے قیام کی دسویں سالگرہ کے موقع پر مورخہ ۹؍اگست ۲۰۲۶ء کو ایک خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں مسجد کے ہمسایوں، مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، مقامی سکاٹش باشندوں اور شہر کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد سے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا تھا۔

ڈنڈی میں مستقل عبادت گاہ کے قیام کی کوششیں ۲۰۰۱ء کے لگ بھگ شروع ہوئیں اور ۲۰۱۴ء میں الگ جماعت قائم ہوئی۔ دعاؤں اور کوششوں کے نتیجے میں کونسل کی ایک خالی عمارت ’’ایسٹ ٹرانسفر ٹو کمیونٹی‘‘ سکیم کے تحت صرف ایک پاؤنڈ میں جماعت کو حاصل ہوئی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر اس کا نام ’بیت المحمود‘ رکھا گیا۔ مورخہ ۳۱؍جولائی ۲۰۱۶ء کو عمارت کی چابیاں ملیں اور گلاسگو، ایڈنبرا اور ڈنڈی کے احباب نے وقار عمل کے ذریعے اسے نماز کے لیے تیار کیا۔ اسی روز جمعہ کی نماز کے ساتھ مسجد کا افتتاح ہوا۔

دسویں سالگرہ کے موقع پر اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا مہم چلائی گئی جس کے نتیجے میں ۳۷؍غیر احمدی مہمان جن میں سیاسی و سماجی نمائندگان، پولیس اہلکار، سرکاری افسران اور ہمسائے شامل تھے، تقریب میں شریک ہوئے۔ مہمانوں نے مسجد کا دورہ کیا، اسلام کی پُرامن تعلیمات پر مشتمل نمائش دیکھی اور احباب جماعت سے گفتگو کی جس سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
اللہ تعالیٰ مسجد بیت المحمود کی گذشتہ دس سالہ خدمات کو شرف قبولیت بخشے، اسے عبادات، دعاؤں اور خدمت خلق کا مرکز بنائے اور آئندہ بھی ڈنڈی اور پورے سکاٹ لینڈ میں اسلام احمدیت کی تبلیغ و خدمت کا مؤثر ذریعہ بناتا رہے۔ آمین
(رپورٹ:ارشد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کا چودھواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء




