جامعۃ المبشرین سیرالیون کی تقریب تقسیم اسناد ۲۰۲۶ء
طاہر احمد فرخ صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین و مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال جامعۃالمبشرین سیرا لیون کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد مورخہ ۲۹؍اگست ۲۰۲۶ء کو منعقد ہوئی جس میں شرکت کے ليے معزز مہمان ہیڈ کوارٹرز فری ٹاؤن سمیت، ملک کے مختلف علاقوں سے تشریف لائے۔
تقریب کا آغاز مکرم الحاج موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی زیر صدارت ہوا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو حافظ فارس احمد صاحب نے پیش کی اور متلوّ آیات کا ترجمہ تامبا سانڈی صاحب نے پیش کیا۔ اردو منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعودؑ ’’حمد وثناء اسی کو جو ذات جاودانی‘‘ عزیزان آنسومانا دمبو اور جون دین کاربو نے پڑھا اور انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔ مکرم الحاج نذیر احمد علی کمانڈا بونگے صاحب جرنل سیکرٹری جماعت احمدیہ سیرا لیون نے مکرم امیر صاحب اور نیشنل مجلس عاملہ کا تعارف پیش کیا۔ مکرم مورلائی فوفانا صاحب استاد جامعۃالمبشرین سیرا لیون نے مدعو مہمانوں اور جامعہ احمدیہ کے سٹاف سمیت مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔

مکرم پرنسپل صاحب جامعۃ المبشرین سیرالیون نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مختصر تقریر کی۔ جامعۃالمبشرین کی سالانہ رپورٹ مکرم سلیمان حمزہ کمارا صاحب استاد جامعۃالمبشرین سیرا لیون نے پیش کی۔ اس رپورٹ کے مطابق امسال کُل گیارہ طلبہ نے جامعۃالمبشرین سیرا لیون سے فارغ التحصیل ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس طرح فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی کل تعداد ۱۳۷؍سے بڑھ کے ۱۴۸؍ہو گئی ہے۔ اسی طرح مدرسۃ الحفظ سے ۴؍حفاظ نے حفظ مکمل کیا۔ عزیزم حافظ فارس احمد نے دو سال، عزیزم حافظ محمد ابوبکر، عزیزم حافظ ابوبکر زکریا اور عزیزم حافظ سعید الرحمٰن نے تین سال کی مدت میں قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت پائی۔ انہوں نے بتایا کہ دوران سال مکرم امیر صاحب نے متعدد مواقع پر جامعۃ المبشرین کا دورہ کیا اور متعدد بار طلبہ جامعہ کو قیمتی نصائح کیں۔ دوران سال مکرم منیر الدین شمس صاحب مینیجنگ ڈائریکٹر ایم ٹی اے بھی جامعۃالمبشرین آئے اور طلبہ سے مخاطب ہوئے۔ اسی طرح طلبہ جامعۃ المبشرین نے امسال بھی جلسہ سالانہ سیرالیون کے وقار عمل میں حصہ لیا۔ مکرم عبدالہادی قریشی صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعۃ المبشرین نے مجلس علمی کی رپورٹ پیش کی۔ اسی طرح مکرم مورلائی فوفانہ صاحب نے مجلس العاب کی رپورٹ پیش کی۔ مکرم ادریس احمد صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ نے جامعۃالمبشرین کی اور مدرسۃالحفظ کے طلبہ کو اسناد دینے کے ليے مکرم حافظ محمد آصف صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ نے مدرسۃ الحفظ کی رپورٹس پیش کیں۔ مکرم امیر صاحب نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و حفاظ کرام میں انعامات و اسناد تقسیم کیں۔ مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج نے طلبہ کو چند نصائح کیں اور ان کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا۔
پروگرام کے اختتام پر مکرم امیر صاحب سیرا لیون نے اپنی اختتامی تقریر میں طلبہ کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جامعہ احمدیہ یوکے کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کی روشنی میں میدان عمل میں مشکلات کا مقابلہ کرنے، علمی و عملی معیار بلند کرنے اور خلافت سے مضبوط وابستگی اور نظام جماعت کی اطاعت کی تلقین کی۔ نیز انتظامیہ و شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ تقریب کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل وکرم سے تمام حاضرین کو اجر عظیم عطا فرمائے اور تمام فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو میدان عمل میں کما حقہٗ خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ چٹاگنگ مقامی، بنگلہ دیش کے زیر اہتمام مفت میڈیکل کیمپ




