فجی کی مختلف جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرت النبیؐ کا بابرکت انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فجی کی مختلف جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرت النبیؐ منعقد کیے گئے جن کی تفصیل قارئین کی خدمت میں پیش ہے۔
جماعت صوا:اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ صوا نے مورخہ ۲۴؍اگست کو فضل عمر مسجد، سامابولا صوا میں جلسہ سیرت النبیؐ منعقد کیا۔ جلسہ کے لیے مسجد کو پھولوں اور بینرز سے سجایا گیا۔ صبح دس بج کر ۳۵؍منٹ پر تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ صدر جماعت صوا مکرم خالد احمد صاحب نے افتتاحی کلمات میں جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ کی اہمیت بیان کی اور احباب جماعت کو پروگرام توجہ اور انہماک سے سننے کی تلقین کی۔ بعد ازاں تین تقاریر اور تین نظمیں پیش کی گئیں: ’’حضرت محمدﷺ کا عظیم اسوہ‘‘ از مکرم ڈاکٹر ایم علی بر بیوہ صاحب ، ’’آنحضرتﷺ کی عبادات‘‘ از مکرم حذیفہ بن عباس صاحب اور ’’حضرت محمدﷺ انسانیت کے لیے رحمت‘‘ از مکرم عظیم اسحاق صاحب۔ آخر پر خاکسار (امیر و مبلغ انچارج فجی) نے اختتامی تقریر میں آنحضرتﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ صدر جماعت نے دعا کروائی جس کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ جلسہ کی کُل حاضری ۷۵؍رہی۔

نارتھ ریجن:اللہ تعالیٰ کے فضل سے نارتھ ریجن کی جماعتوں لمباسہ، سنیگا گا، ولوده اور نسروانگا کے اشتراک سے ولوده میں مورخہ ۲۳؍اگست۲۰۲۶ءکو جلسہ سیرت النبیؐ منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے بعد صدر جماعت ولوده مکرم محمد امین صاحب نے افتتاحی کلمات کہے اور جلسہ سیرت النبیؐ کی اہمیت بیان کی۔ آنحضرتﷺ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر پانچ تقاریر اور چار نظمیں پیش کی گئیں۔ آخر پر مکرم سیف اللہ مجید صاحب مبلغ سلسلہ نارتھ ریجن نے ’’رسول کریمﷺ کا عدیم المثال عفو، درگزر اور حلم‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور احباب جماعت کو ان اعلیٰ اخلاق کو اپنانے کی طرف توجہ دلائی۔ جلسہ کی حاضری ۱۲۵؍رہی۔
جلسہ کے بعد تقریب آمین منعقد ہوئی جس میں تین اطفال نے مکرم سیف اللہ مجید صاحب مبلغ سلسلہ کو قرآن کریم پڑھ کر سنایا۔ دعا کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور احباب جماعت کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

جماعت تاوئیونی:جماعت احمدیہ تاوئیونی کو مورخہ ۱۸؍اور ۲۴؍اگست ۲۰۲۶ء کو سینٹرل پرائمری سکول تاوئیونی میں دو جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد سکول کے عیسائی ہیڈ ماسٹر نے آنحضرتﷺ کی سیرت پر اظہار خیال کیا، جبکہ ایک احمدی بچی اور ایک استاد نے بھی آنحضرتﷺ کی سیرت اور اخلاق کے متعلق تقاریر کیں۔ آخر پر مکرم طارق احمد رشید صاحب مبلغ سلسلہ تاوئیونی نے آنحضرتﷺ کی سیرت، اسلام کی پُرامن تعلیمات اور معاشرے کی اصلاح کے حوالے سے اظہار خیال کیا اور دعا کروائی۔ بعد ازاں مکرم طارق احمد رشید صاحب اور سیکرٹری تبلیغ و تعلیم و تربیت مکرم خالد شاہ صاحب نے سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ بچوں اور اساتذہ کے لیے ٹافیاں اور جماعتی لٹریچر بھی پیش کیا گیا۔ اسی طرح گورنمنٹ کالج کے پرنسپل سے بھی رابطہ کرکے وہاں سیرت النبیﷺ کے موضوع پر پروگرام منعقد کرنے کی تجویز پیش کی گئی اور انہیں جماعتی لٹریچر فراہم کیا گیا۔
مورخہ ۲۴؍اگست کو اسی سکول میں دوسرے جلسہ سیرت النبیؐ کا انعقاد ہوا جس میں جزیرے کے پولیس انسپکٹر جناب ولیامے مائیووسا بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ علاقے کے مختلف مذاہب کے مذہبی راہنماؤں اور تاجروں کو بھی دعوت دی گئی۔ مہمان خصوصی کی آمد پر تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کی گیا۔ سیکرٹری تبلیغ و تعلیم و تربیت مکرم خالد شاہ صاحب نے پھولوں کے ہار پیش کرکے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ ایک نظم کے بعد صدر جماعت مکرم محمد منان صاحب نے افتتاحی کلمات کہے۔ مکرم محمد فراز ستار صاحب جنرل سیکرٹری نے ’’آنحضرتﷺ کا اعلیٰ مقام، غیر مسلم کی نظر میں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ دوران جلسہ، آنحضرتﷺ کی بعثت بحیثیت عالمی نبی کے متعلق بائبل کی پیشگوئیوں اور آپﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلو بھی بیان کیے گئے۔
مہمان خصوصی نے اپنی تقریر میں آنحضرتﷺ کی پُرامن تعلیمات اور سیرت کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ملک اور معاشرے کے امن و سلامتی کے لیے ایسے پروگرام بہت اہم ہیں۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کی عالمی سطح پر اور فجی میں انسانیت کی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسی باتیں دیگر مذہبی راہنماؤں تک بھی پہنچنی چاہئیں۔
آخر پر طارق احمد رشید صاحب مبلغ سلسلہ نے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی اور آنحضرتﷺ کی سیرت کے مطابق اپنے عملی نمونے قائم کرکے پُرامن معاشرے کے قیام کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی۔
ان دونوں جلسوں میں مجموعی طور پر ۲۴۰؍غیر از جماعت مہمانوں سمیت کُل ۲۶۰؍افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی کی دلچسپی کے پیش نظر انہیں بعض جماعتی لٹریچر کے ساتھ حضرت مسیح موعودؑ کی معرکۂ آرا کتاب ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ کا انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔
ویسٹرن ریجن:ویسٹرن ریجن کی جماعتوں نادی، مارو اور لٹوکا کے اشتراک سے مورخہ ۲۳؍اگست کو جلسہ سیرت النبیؐ منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز بعد نماز عصر تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم اقبال خان صاحب صدر جماعت ناندی نے افتتاحی کلمات کہے۔ بعد ازاں حضرت مسیح موعودؑ کا کلام پیش کیا گیا۔ مکرم ظہیر خاں صاحب نے ’’آنحضرتﷺ کی زندگی میں قربانی، وفا اور مہمان نوازی کے اعلیٰ نمونے‘‘ کے موضوع پر انگریزی تقریر تقریر کی۔ نظم کے بعد ایک غیر از جماعت مہمان جناب Anasa Vateitei جو Seventh-Day Adventist Church سے تعلق رکھتے ہیں، نے آنحضرتﷺ کے بےمثال اعلیٰ اخلاق بیان کیے۔ مکرم مبشر خاں صاحب نے ’’آنحضورﷺ کی خدمت انسانیت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ ایک نظم کے بعد مکرم اسد محمود صاحب مبلغ سلسلہ ویسٹرن ریجن نے ’’سیرت النبیﷺ اور درود شریف کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس جلسہ میں کُل ۹۵؍افراد نے شرکت کی جن میں ۵۷؍مرد اور ۳۸؍خواتین شامل تھیں۔ شاملین میں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے ۲۷؍معزز غیر از جماعت مہمان بھی شامل تھے جن میں ۲۳؍مرد اور ۴؍خواتین تھیں۔ ان مہمانوں میں ۲۲؍افراد بنگلہ دیشی اور ۵؍افراد ایتوکی برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ پروگرام کے اختتام پر نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ ان تمام جلسہ ہائے سیرت النبیؐ کے نیک اور بابرکت ثمرات ظاہر فرمائے، احباب جماعت کو آنحضرتﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے اور آپؐ کی پُرامن تعلیمات کو دنیا تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:نعیم احمد اقبال۔ امیر و مشنری انچارج فجی)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کے بیالیسویں اور اطفال الاحمدیہ کینیا کے تیرھویں نیشنل اجتماعات کا انعقاد




