نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۲؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم محمد اشرف ججہ صاحب ابن مکرم چودھری رحمت اللہ ججہ صاحب(Scunthorpe۔یوکے) اور مکرمہ شاہدہ مبارک صاحبہ اہلیہ مکرم مبارک احمد شاہد صاحب( آف پٹنی۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

۱۔مکرم محمد اشرف ججہ صاحب ابن مکرم چودھری رحمت اللہ ججہ صاحب(Scunthorpe۔یوکے)

۸؍ستمبر ۲۰۲۶ کو ۸۵ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پابند صوم و صلوٰۃ، تہجد گزار، قرآن کریم کی با قاعدہ تلاوت کرنے والے ایک نیک اور غریب پرور انسان تھے۔ چندوں میں باقاعدہ اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ آپ نے حلقہ شکور پارک ربوہ میں زعیم انصار اللہ اور یو کے میں نارتھ ایسٹ ریجن میں ریجنل منتظم تعلیم القرآن اور Scunthorpe جماعت میں سیکرٹری وصایا اور سیکرٹری زراعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم تبلیغ کا بہت جذبہ اور شوق رکھتے تھے۔ سکنتھو رپ میں گھر گھر جاکر تبلیغی لیف لیٹس باقاعدگی کے سا تھ تقسیم کیا کرتے تھے۔ خلافت سے گہرا اطاعت اور وفا کا تعلق تھا۔ حضور انور کے خطبات اور خطابات بہت غور سے سنا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے بیٹے مکرم ڈاکٹر مبارک اشرف ججہ صاحب اس وقت صدر جماعت سکنتھورپ کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

۲۔مکرمہ شاہدہ مبارک صاحبہ اہلیہ مکرم مبارک احمد شاہد صاحب( آف پٹنی۔یوکے)

۹؍ستمبر۲۰۲۶ کو ۶۵ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم ڈاکٹر محمد الدین صاحب مرحوم(سابق امیر ضلع چکوال)کی بیٹی تھیں۔ آپ نے لجنہ اماءاللہ چکوال میں مختلف حیثیتوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ یوکے آنے کے بعد لجنہ اماءاللہ پٹنی میں سیکرٹری تحریک جدید اور وقف جدید کے طور پر خدمت بجالاتی رہیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، با قاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی، بہت ملنسار اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے شوہر مکرم مبارک احمد شاہد صاحب اس وقت نائب صدر جماعت پٹنی کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم عثمان احمد صاحب نائب سیکرٹری تبلیغ یو کے اور قائد تبلیغ مجلس انصاراللہ یو کے ہیں جبکہ دوسرے بیٹے مکرم سہراب احمد ذیشان صاحب (واقف زندگی) ایم ٹی اے میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ اسی طرح ایک بیٹی بھی ایم ٹی اے میں خدمت بجالارہی ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرمہ طاہرہ ناز صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری طاہر احمد صاحب مرحوم (چک جھمرہ ضلع فیصل آباد)

۲۸؍اپریل ۲۰۲۶کو ۷۴ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے کافی عرصہ مقامی سطح پر صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔مرحومہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، مہمان نواز، خوش اخلاق، ہر ایک سے خندہ پیشانی سے پیش آنے والی،بڑی صابر ہ و شاکر ہ مخلص خاتون تھیں۔ ۱۹۷۴ء میں آپ کی شادی ہوئی تومخالفت کی وجہ سے آپ کا تمام سامان جلا دیا گیا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم پروفیسر خلیل احمد صاحب (آف ربوہ ) کی چھوٹی ہمشیرہ، مکرم آصف طاہر صاحب (ممبرنیشنل عمومی ٹیم مجلس خدام الاحمدیہ یوکے) کی والدہ اور مکرمہ ہبۃ المومن صاحبہ (انچارج انگلش ڈاک ٹیم دفتر پی ایس یوکے ) کی ساس تھیں۔

۲۔مکرمہ ڈاکٹر قدسیہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم حبیب اللہ خان صاحب (کراچی)

۲۶؍جون ۲۰۲۶ء کو ۶۶سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت چودھری کریم الدین بھٹی صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں۔ مرحومہ نے کئی جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ Humanity First کے تحت سندھ کے غریب علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگایا کرتی تھیں اور غریب بچوں کے لیے کھانے پینے کی چیزیں بھی لے جاتی تھیں۔ آپ مریضوں کے ساتھ بہت ہمدردی سے پیش آتیں اور بوقت ضرورت ان کی مالی معاونت بھی کیا کرتی تھیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، چندوں میں باقاعدہ، بڑی حلیم الطبع، مہمان نواز، صابرہ وشاکرہ،خوش اخلاق، ہر ایک کا خیال رکھنے والی ایک نیک،مخلص اور ہر دلعزیز خاتون تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

۳۔مکرمہ فرحت زیدی صاحبہ اہلیہ مکرم نیر حسین زیدی صاحب (بھکر، پاکستان)

۲۸؍اگست ۲۰۲۵ء کو ۵۹سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کو بطور صدر لجنہ بھکر ۳ سال خدمت کی توفیق ملی۔ مرحومہ بڑی ملنسار اور خوش اخلاق خاتون تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور ۵ بیٹیاں شامل ہیں۔

۴۔مکرم سراج دین صاحب ابن مکرم رفیع محمد صاحب (ربوہ)

۲۲؍نومبر ۲۰۲۵ء کو۸۷ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے قیام پاکستان کے بعد خاندان کے ساتھ ملتان ہجرت کی اور اپنے ماموں ڈاکٹر شاہ محمد دہلوی صاحب کے ذریعہ بیعت کرکے جماعت میں شمولیت اختیار کی۔ بیعت کے بعد خاندان اور گلی محلہ سے ساری زندگی مخالفت کا سامنا رہا۔ ۱۹۸۹ء میں مرحوم کا گھر بھی جلایا گیا۔ چنانچہ مخالفت کی وجہ سے خاندان چھوڑنا پڑا اور اپنے ماموں کے پاس ہی ننکانہ صاحب شفٹ ہوگئے۔ مرحوم نمازوں کے پابند، تہجد گزار،اچھے اخلاق کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ عہدیداروں کا بہت احترام کرتے اور جماعتی پروگراموں میں بڑی باقاعدگی سے شامل ہوتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

۵۔مکرمہ سلیمہ نعمان صاحبہ اہلیہ مکرم محمد نعمان صدیقی صاحب (ڈرگ کالونی۔کراچی)

۵؍مئی ۲۰۲۶ء کو ۷۵ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے خاندان میں احمدیت آپ کے نانا حضرت ڈاکٹر محمد بخش صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ آئی۔ جبکہ مرحومہ کے والد نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کر کے احمدیت میں شمولیت اختیار کی۔ مرحومہ بطور سیکرٹری تعلیم و تربیت اور سیکرٹری مال خدمت کرتی رہیں۔ مرحومہ نمازوں کی پابند، باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی، چندوں میں باقاعدہ، بڑی دیندار اور خدمت گزار خاتون تھیں۔ صدقہ و خیرات کرنا آپ کی طبیعت کا خاصہ تھا جس کی تاکید اپنے بچوں کو بھی کرتی رہتی تھیں۔سب سے خوش اخلاقی سے پیش آتیں۔ اپنی ذات سے کبھی کسی کو کوئی تکلیف نہیں پہنچائی اور اگرکبھی ایسا ہو جاتا تو معافی مانگنے سے کبھی نہ شرماتیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور چار بیٹے شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button