رام کرشن مشن ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں منعقدہ عید میلاد النبی کے جلسہ میں جماعتی وفد کی شرکت
مورخہ ۲۶؍اگست ۲۰۲۶ء کو ۱۲؍ربیع الاول کے موقع پر مذہبی رواداری اور باہمی اخوت کے فروغ کے لیے ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں واقع معروف ہندو ادارہ ’رام کرشن مشن‘ کے ہائی سکول کے زیر اہتمام عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں ایک جلسہ منعقد ہوا۔ اس موقع پر رام کرشن مشن کی دعوت پر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی طرف سے مکرم شاہ محمد نورالامین صاحب مبلغ سلسلہ و نیشنل سیکرٹری تربیت نو مبائعین کی قیادت میں ایک وفد نے شرکت کی۔

جلسے میں رام کرشن مشن کے عہدیداران، سکول کے اساتذہ و عملہ، طلبہ اور ان کے والدین شامل تھے۔ صبح ساڑھے دس بجے سکول کے ایک کلاس روم میں جلسہ کا آغاز ہوا۔ رام کرشن مشن کے عہدیدار سوامی کلپیشانند نے صدارت کی۔ مقررین نے آنحضرت ﷺ کی سیرت مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مبلغ صاحب نے نمائندہ جماعت احمدیہ کے طور پر رسول اللہ ﷺ کی مذہبی رواداری کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔

تقاریر کے بعد طلبہ نے تلاوت قرآن کریم، حمد، نعت رسول ﷺ اور غزل پیش کیں۔ آخر پر مبلغ صاحب نے دعا کروائی جس کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: فن لینڈ میں جلسہ یوم والدین اور سہ ماہی روحانی خزائن کوئز کا انعقاد




