افریقہ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ نائیجیریا کا سینتالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ نائیجیریا کا ۴۷واں سالانہ نیشنل اجتماع جامعہ احمدیہ ایلار و، ریاست اوگن، نائیجیریا میں ’’یقیناً میری نماز اور میری قربانیاں اور میری زندگی اور میری موت اللہ ہی کے لیے ہے جو تمام جہانوں کا ربّ ہے‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہوا۔ یہ اجتماع ناصرات الاحمدیہ نائیجیریا کے ۳۵ویں سالانہ نیشنل اجتماع اور نو مبائعات کے چھٹے اجتماع کے ساتھ بیک وقت ۲۷تا۳۰؍اگست ۲۰۲۶ء کو منعقد ہوا۔

مفت طبی کیمپ:۲۷؍اگست کو مفت طبی کیمپ منعقد ہوا جس میں بلا تفریق مذہب و قومیّت اہل علاقہ کو طبی معائنہ، ڈاکٹروں سے مشاورت، ادویات اور آنکھوں کے معائنے کی سہولت فراہم کی گئی۔ مستحق افراد میں ۱۰۰؍مفت عینکیں بھی تقسیم کی گئیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۳۹۳؍افراد نے طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔

اجتماع کی کارروائی:اجتماع کا آغاز ۲۷؍اگست کو شاملین کی آمد اور رجسٹریشن سے ہوا، جبکہ باقاعدہ پروگرام ۲۸؍اگست کو شروع ہوئے۔

نماز تہجد اور فجر کے بعد ’’مینوپاز کی تبدیلی کے مرحلے کو سمجھنا: چیلنجز، غلط فہمیاں اور ان سے نمٹنے کے طریقے‘‘ (Understanding Menopausal Transition: Challenges, Myths, and Coping Tips) کے عنوان سے معلوماتی لیکچر ہوا۔

بعد ازاں ’’Walk for Peace‘‘ کا انعقاد ہوا۔ لجنہ ممبرات اور بعض ناصرات نے سفید لباس میں جامعہ احمدیہ سے ایلار و کی مرکزی مسجد تک امن واک کی۔ دوران واک تکبیر و تحمید کے ساتھ ذکر الٰہی کیا گیا اور عوام میں جماعتی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ مرکزی مسجد پہنچنے پر ایلارو کے چیف امام نے وفد کا استقبال کیا اور جماعت احمدیہ کی تبلیغی و فلاحی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے لجنہ ممبرات کو بچوں کی اسلامی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی نصیحت بھی کی۔

بعد ازاں مارچ پاسٹ، ٹریک ایونٹس اور انڈور گیمز پر مشتمل ورزشی مقابلے ہوئے جن میں مختلف ریجنز کی ممبرات نے حصہ لیا۔

نماز جمعہ کی امامت امیر و مبلغ انچارج نائیجیریا مکرم الحاج بیرسٹر عبدالعزیز الاتوئے صاحب نے کروائی اور اجتماع کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اجتماع نو مبائعات:نو مبائعات کے اجتماع کا موضوع ’’صلوٰۃ: صرف اللہ کے لیے عبادت‘‘ تھا۔ اس میں مختلف تربیتی و روحانی موضوعات پر تقاریر، سوال و جواب اور انٹرایکٹو نشست ہوئی۔

ناصرت الاحمدیہ کی نشست:ناصرت الاحمدیہ کی ممبرات نے ماؤں کے کردار اور بچوں کی اخلاقی تربیت کے موضوع پر Round Table Discussion پیش کی۔ بعد ازاں امسال ۱۳۴؍ لجنہ اماءاللہ میں داخل ہونے والی ناصرات کا صدر صاحبہ نے استقبال کیا ۔اس موقع پر لجنہ اماء اللہ کا عہد بھی دہرایاگیا۔

AMWSA کا اجلاس:AMWSA کے اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والے ۱۵؍سے زائد سوالات پر قرآن کریم، سنت رسول ﷺ اور امام مہدی علیہ السلام و خلفائے کرام کی ہدایات کی روشنی میں گفتگو ہوئی۔ بعد ازاں دستور کے مطابق چار اہم عہدوں کے انتخابات ہوئے۔ اس نشست میں ۲۱۱؍ممبرات نے شرکت کی۔

اجتماع کا دوسرا روز: نماز تہجد اور فجر کے بعد ’’اسلام اور عالمی امن: ایک پُرآشوب دنیا کے لیے پیغام‘‘ کے موضوع پر تقریر ہوئی۔

مرکزی اجلاس صدر لجنہ اماء اللہ نائیجیریا مکرمہ سویبت فنمی لولا اوئے دیمی صاحبہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ریاست اوگن کی ڈپٹی گورنر محترمہ انجینئر نوموٹ صالحہ اوئے دیمی صاحبہ نے بطور مہمان خصوصی اس میں شرکت کی۔ دیگر معزز مہمانوں میں چیف امام ایلار و کی اہلیہ، ریاستی حکام کے نمائندگان اور مختلف اسلامی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔

مرکزی اجلاس میں اجتماع کے موضوع پر مکرمہ حکمت اَپوئین صاحبہ نے تقریر کی جس کا یوروبا اور ہاؤسا زبانوں میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی نے لجنہ اماءاللہ کی معاشرتی خدمات کو سراہا اور خواتین کو اپنی صحت کا خیال رکھنے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی تلقین کی۔ دیگر معزز مہمانوں نے بھی جماعت احمدیہ اور لجنہ اماءاللہ کی خدمات کو سراہا۔

تعلیمی و پیشہ ورانہ اعزازات:تعلیمی اور پیشہ وارانہ میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والی ممبرات کی حوصلہ افزائی کے لیے Awards of Excellence پیش کیے گئے۔ مختلف شعبہ جات میں ۵۸؍ممبرات کو اعزازات دیے گئے جن میں پروفیسر شپ، PhD، ماسٹرز، MBBS، LL.B، فرسٹ ڈگری، A Levels اور O Levels شامل تھے۔

نمائش:اجتماع کے دوران جماعت احمدیہ اور لجنہ اماءاللہ کی مطبوعات کے علاوہ مختلف ریجنز کی ممبرات کی تیارکردہ اشیاء پر مشتمل نمائش بھی منعقد ہوئی۔ مہمانوں نے نمائش میں دلچسپی لی اور لجنہ کی علمی، ادبی اور ہنری سرگرمیوں کو سراہا۔

دن کے اختتام پر تعلیمی مقابلہ جات مکمل ہوئے اور لجنہ اماءاللہ شوریٰ ۲۰۲۶ء منعقد ہوئی۔

تیسرا روز: نماز تہجد اور فجر کے بعد ’’اسے نجات دے جو اللہ کے حضور قلبِ سلیم کے ساتھ آئے – دل کو تکبر سے پاک کرنا‘‘ کے عنوان سے تربیتی لیکچر ہوا جس میں عاجزی اختیار کرنے، تکبر سے بچنے اور اللہ تعالیٰ پر کامل توکّل کے ساتھ اس کی فرمانبرداری میں زندگی گزارنے کی تلقین کی گئی۔

اختتامی اجلاس:اختتامی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم، قصیدہ، اجتماع کا اعلامیہ، مختلف مقابلہ جات کے نتائج اور انعامات کی تقسیم ہوئی۔ اختتامی تقریر میں صدر صاحبہ نے اجتماع کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور تمام ممبرات، منتظمین اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے امیر صاحب، افسر جلسہ سالانہ، جلسہ ناظمین، مجلس خدام الاحمدیہ، مجلس انصاراللہ اور دیگر معاونین کی خدمات کو سراہا جن کے تعاون سے مختصر تیاری کے باوجود جامعہ احمدیہ ایلار و میں اجتماع کامیابی سے منعقد ہوا۔

حاضری:اللہ تعالیٰ کے فضل سے چار روزہ اجتماع میں مجموعی طور پر ۵۳۵۴؍افراد نے شرکت کی جن میں ۴۱۵۴؍ لجنہ اماءاللہ اور ۱۲۰۰؍ناصرات الاحمدیہ شامل تھیں۔

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک اور بابرکت اثرات کو دیرپا فرمائے، تمام شاملین کو اپنی رضا کے حصول کی توفیق عطا فرمائے اور لجنہ اماء اللہ نائیجیریا کو دین اسلام کی خدمت، تربیت، تبلیغ اور خدمت خلق کے میدان میں مزید ترقیات عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:سید اطہر محمود۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لٹویا کی طرف سے خدمت انسانیت

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button