صرف سچ بولنا ہے
ایک شریکِ مجلس نے عرض کیا کہ بعض اوقات خوف کی وجہ سے ہمیں اپنی ماؤں سے سچ بات کہنا مشکل محسوس ہوتا ہے، اس حوالے سے راہنمائی طلب کی کہ ہم کس طرح اپنے اندر یہ عادت پیدا کر سکتے ہیں کہ ہم ہمیشہ سچ بولیں، چاہے اس کے نتیجے میں ڈانٹ ہی کیوں نہ پڑے؟
اس پر حضورِانور نے مسکراتے ہوئے فرمایا کہ ’’ایسے کام نہ کرو جو اُمّی سے چھپانے ہیں اور اگر تم نے ایسا کوئی غلط کام کردیا ہے توپھر ہمیشہ سچ بولو کیونکہ انسان کو سچا ہونا چاہیے۔ اللہ میاں کہتا ہے کہ سچائی ضروری ہے۔ کیونکہ اگر تم سچ نہیں بول رہی، جھوٹ بول رہی ہو، غلط بیانی کر رہی ہو، تو اس کا مطلب ہے تم اللہ تعالیٰ سے نہیں ڈرتی۔ تم سمجھتی ہو کہ تم جھوٹ سے بچ جاؤ گی یعنی کہ جھوٹ کو تم نے خدا سمجھ لیا، حالانکہ اگر تم نے غلط کام کیا ہے اور تمہیں وہ غلط بات لگے تو پھر اس کا اعتراف کرو اور کہو کہ مَیں آئندہ یہ غلط کام نہیں کروں گی۔
اسی طرح توجہ دلائی کہ اگر تم سمجھتی ہو کہ یہ کام آپ کے مطابق صحیح تھا تو پھر اپنے والدین یا اُمّی سے کیوں چھپاتی ہو؟ آپ کھل کر ان کو بتائیں کہ میرے سے یہ غلطی ہو گئی ہے۔ ہمیشہ یہ پکّا ارادہ کرو کہ اگر مَیں غلط کام کروں گی اور جھوٹ بولوں گی تو اللہ میاں ناراض ہوگا، اور میں نے اللہ تعالیٰ کو ناراض نہیں کرنا، جب یہ سوچو گی تو پھر ہمیشہ سچ بولوگی۔
مزید برآں حضورِانور نے سچائی اپنانے کی اہمیت کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک پُرمعنی ارشادِمبارک کی روشنی میں نہایت حکمت کے ساتھ اُجاگر فرمایا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک شخص نے کہا کہ میری بہت ساری بُرائیاں ہیں، مَیں کیا کروں، ایک بُرائی مَیں چھوڑ سکتا ہوں، مجھے بتائیں کہ مَیں کون سی بُرائی چھوڑوں؟ آپؐ نے فرمایا کہ جھوٹ بولنا چھوڑ دو، صرف سچ بولنا ہے۔ اور اُس نے جب سچ بولنا شروع کیاتو ایک بُرائی کرنے لگا۔ پھر خیال آیا کہ مَیں سچ بولوں گا، مجھے شرمندگی ہوگی، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مجھ سے پوچھیں گے کہ تم نے یہ کیا، مَیں کہوں گا کہ ہاں! تو پھر شرمندگی ہو گی اور اگر نہیں کہوں گا تو جھوٹ ہو گا۔ پھر دوسری بُرائی کرنے لگا، پھر اُس کو یہ خیال آیا، پھر تیسری بُرائی کرنے لگا، اِس طرح وہ کرتا چلا گیا کہ آخر اس نے ساری بُرائیاں چھوڑ دیں۔ تو جھوٹ سب سے بڑی بُرائی ہے، اِس بات کو یقینی بناؤکہ کبھی جھوٹ نہیں بولنا۔‘‘(الفضل انٹرنیشنل جمعرات 23؍اکتوبر 2025ء)
