یادِ رفتگاں

محترمہ منصورہ سمیع صاحبہ کی یاد میں

(مرزا مدثر احمد۔ یوکے)

پیارى پھوپھی جان

خاکسار اپنی نہایت پیاری اور قابل احترام پھوپھی، محترمہ منصورہ حق صاحبہ دختر حضرت مرزا عبدالحق صاحب مرحوم سابق امیر ضلع سرگودھا کی وفات کے موقع پر ان کی زندگی کی چند جھلکیاں اور سیرت کے درخشاں پہلو پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔ آپ ۱۳؍مارچ ۲۰۲۶ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ آپ کی وفات صرف ایک فرد کا بچھڑنا نہیں، بلکہ خدمت، اخلاص، وفا اور عبادت سے معمور ایک روشن اور بابرکت عہد کا اختتام ہے۔ آپ کی پوری زندگی جماعت احمدیہ اور اپنے والد محترم کی بےلوث خدمت کے لیے اس طرح وقف رہی کہ اس کی مثالیں کم ہی ملتی ہیں۔

آپ کی جائے پیدائش گورداسپور تھی۔ کچھ عرصہ قادیان کے دینی ماحول سے انتساب فیض کیا مگر ان کی اصل تربیت گاہ ان کے نہایت مخلص، قابل اور ماہر علم دین والد محترم مرزا عبدالحق صاحب کی ذات تھی، جن کے زیر سایہ محترمہ کی صلاحیتوں کو خوب جلا ملی۔ ان کی شخصیت اپنے بزرگ والد کے رنگ میں رنگ کر بزرگ سلف کے کردار و عمل کی جیتی جاگتی تصویر بن گئی۔ ابتدا ہی سے دین کو دنیا پر مقدم رکھا اور پھر خدمت دین ہی ان کا اوڑھنا بچھونا بن گئی۔

دادا جان کے صبح تہجد کے وقت بیدار ہونے سے لے کر رات کے آرام تک، پھوپھو ہر لمحہ ان کی خدمت کے لیے حاضر رہتیں اور نہایت محبت، اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ ان کی ہر ضرورت کا خیال رکھتیں۔ وہ اکثر خاکسار سے کہا کرتی تھیںکہ مَیں آپ کے دادا جان سے زیادہ زندگی نہیں چاہتی۔ ان کے بغیر تو میں جینے کا تصوّر بھی نہیں کر سکتی۔

اللہ تعالیٰ نے انہیں یہ سعادت بھی عطا فرمائی کہ ان کا نکاح حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے پڑھایا جس کا اعلان الفضل میں اس طرح شائع ہوا: ۳۰؍اکتوبر ۱۹۶۶ء کو حضرت خلیفۃالمسیح الثالث نے بعد نماز ظہر مسجد مبارک میں محترمہ منصورہ بیگم صاحبہ بنت محترم مرزا عبدالحق صاحب امیر جماعت ہائے احمدیہ سابق صوبہ پنجاب کا نکاح ہمراہ صحابی حضرت مسیح موعودؑ حضرت چودھری حاکم علی صاحبؓ کے بیٹے چودھری سمیع اللہ صاحب سے پڑھایا اور خطبہ نکاح میں فرمایا: ’’جسم تو تھکا ہوا بھی ہے اور ٹوٹا ہوا بھی لیکن رُوح بڑی خوشی محسوس کررہی ہے۔

میں اس وقت ایک ایسی عزیزہ کے نکاح کے اعلان کے ليے کھڑا ہوں جس کے والد نے محض خدا تعالیٰ کے فضل سے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے ساتھ مل کر خدمت اسلام اور سلسلہ عالیہ احمدیہ کی توفیق حاصل کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ خود اپنی مغفرت اور رحمت کے نتیجہ میں ہر رنگ میں بہتر سے بہتر جزا محترمی و مخدومی مرزا عبد الحق صاحب کو اپنی طرف سے دے۔ نیز اس رنگ میں بھی جزا دے کہ ان کی اولاد میں بھی وہ جذبہ خدمت اور وہ جذبہ فدائیت جو ان بچوں کے والد مخدومی مرزا عبد الحق صاحب سے مختلف وقتوں میں اسلام اور احمدیت کے ليے ظاہر ہوتا رہا ہے، موجزن رہے اور اللہ تعالیٰ ان کی نسل سے ایسے فدائی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عاشق اور سلسلہ عالیہ احمدیہ کے خادم اور بےنفسی سے خدمت کرنے والے وجود پیدا کرتا رہے اور ہمیشہ ہی اس خاندان پر اپنے فضل اس رنگ میں فرماتا رہے کہ وہ دنیا میں بھی ایک نمونہ بنیں اور اخروی زندگی میں بھی خدا تعالیٰ کے فضل اور رحمت سے خوشیوں کے دن دیکھیں کہ وہاں کی خوشیاں ہی حقیقی خوشیاں ہیں۔ ‘‘

ایجاب و قبول کرانے کے بعد فرمایا: دوست دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اس رشتہ کو ہر قسم کی برکتوں سے نوازے۔ ( اس کے بعد حضور نے حاضرین سمیت لمبی دعا فرمائی )(الفضل ۱۹؍نومبر ۱۹۶۶ء صفحہ ۳)

اسی موقع پر حضرت صاحبزادہ مرزا طاہر احمد صاحبؒ (جو بعد ازاں خلیفۃ المسیح الرابع بنے) نے بھی دادا جان محترم کو ایک نہایت محبت بھرا اور دعاؤں سے لبریز خط تحریر فرمایا: ’’عزیزہ منصورہ کے نکاح کی خبر سے بے حد خوشی ہوئی۔ اللہ تعالیٰ اس رشتہ کو مبارک کرے اور اس سے حسنہ ثمرات پیدا فرمائے۔ میں از حد ممنون ہوں کہ آپ نے اس خوشی میں ناچیز کو بھی شریک فرمایا۔ اس معاملہ کے بارے میں بہت فکر رہتی تھی، اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے دعا کی توفیق بھی ملتی رہی۔ الحمدللہ، اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خیر و برکت کے سامان فرما دیے۔اللہ تعالیٰ اس رشتہ کو خوب پروان چڑھائے اور اس میں کثرت سے برکت عطا فرمائے۔امید ہے کہ خاکسار کو اپنی دعاؤں میں یاد فرماتے رہیں گے۔والسلام۔ خاکسار۔مرزا طاہر احمد‘‘

دادا جان کی خدمت کے ساتھ ساتھ وہ جماعتی خدمت میں بھی نہایت سرگرم رہیں اور شہر و ضلع سرگودھا کی صدر لجنہ کے طور پر تقریباً تیس سال تک نہایت اخلاص، محنت اور دعا کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہیں۔ آپ خصوصی طور پر ممبرات کی نمازوں میں باقاعدگی اور خلیفۂ وقت کا خطبہ سننے کی پابندی کا جائزہ لیتیں اور مسلسل اس کی تلقین کرتیں۔ آپ مختصر اور جامع گفتگو کرتیں، صائب الرائے تھیں۔ مجلس عاملہ کی میٹنگز میں موجودہ مسائل ممبرات سے زیر بحث لاتیں اور مشاورت سے تمام پروگرام ترتیب دیے جاتے۔ ہر ممبر کا احترام کرتیں اور نہایت عزت و لحاظ سے پیش آتیں۔ آپ میں غیر معمولی عاجزی تھی۔

طاہرہ عزیز صاحبہ، جو آپ کی مجلس عاملہ کی ممبر تھیں، بیان کرتی ہیں کہ آپ بہت زیادہ نفاست پسند تھیں۔ اس کے باوجود جب بھی ضرورت پڑتی، اپنا گھر میٹنگز اور جلسوں کے لیے کھول دیتیں۔ چندوں کی ادائیگی بروقت کرتیں۔ جیسے ہی پنشن، پرافٹ یا کوئی اَور آمدنی ہوتی تو پوری رقم (پرس) میرے حوالے کر دیتیں اور کہتیں: اپنے خاوند سے کہو کہ میرے سارے چندے کلیئر کرکے بقایا مجھے دے دیں۔

آپ نے اپنی گاڑی لجنہ کے دورہ جات کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ایک دفعہ گاڑی خراب ہو گئی تو مکینک نے کافی بڑا خرچہ بتایا۔ آپ نے اپنے کانوں اور گلے کا زیور دے کر کہا کہ سنا ہے سونا بہت مہنگا ہو گیا ہے، اسے جیولر کو دے آؤ اور جو رقم ملے وہ گاڑی کی مرمت کے لیے رکھ لو۔

ایک مرتبہ ضلع کی سالانہ گیمز کے موقع پر عاملہ نے سٹال لگانے کی تجویز دی۔ دُور دراز سے آنے والی ممبرات کو ہمیشہ ناشتہ دیا جاتا تھا۔ جب یہ تجویز دی گئی کہ اس بار صرف چائے دی جائے اور باقی کھانا ممبرات خود خریدیں، تو آپ نے نہایت دردمندی سے کہا: یہ بات دوبارہ مت کہنا۔ اگر بجٹ اجازت نہیں دیتا تو پیسے مجھ سے لے لو، مگر میری مہمان دُور دُور سے آئیں اور خرید کر کھائیں، یہ ہرگز نہیں ہوگا۔

دادا جان حضرت مرزا عبدالحق صاحب نے چند لاکھ روپے قومی بچت میں آپ کے نام رکھوائے تھے جن کا منافع آتا تھا۔ آپ نے وہ اکاؤنٹ بھی جماعت کے نام منتقل کروا دیا تاکہ وفات کے بعد حصول میں دشواری نہ ہو، اور وصیت کی کہ یہ رقم ضلع سرگودھا کی فلاح و بہبود کے لیے صدر لجنہ ضلع کو دی جائے۔

آپ نہایت عبادت گزار تھیں۔ باقاعدگی سے تہجد ادا کرتیں اور ہمیشہ نماز باجماعت کو ترجیح دیتیں۔ نہایت صابر و شاکر اور ہر حال میں خوش رہنے والی تھیں۔ کسی کا شکوہ یا عیب جوئی کبھی آپ کی زبان سے نہ سنی گئی۔ لجنہ کی ممبرات کو بھی باجماعت نماز اور تہجد کی تاکید کرتیں۔ ترجمۃ القرآن سیکھنے کی تلقین ان الفاظ میں کرتیںکہ زندگی ایک ہی بار ملتی ہے، قرآن کا ترجمہ نہ سیکھا تو پھر کیا سیکھا۔ ہر رمضان المبارک میں قرآن کریم کا با ترجمہ دور مکمل کرتیں۔

سرگودھا میں ہماری فیملی کے چھ گھر ایک ہی احاطے میں واقع تھے اور اسی احاطے میں ایک مسجد بھی تھی جہاں گھر کے افراد کے علاوہ باہر سے بھی احمدی احباب نماز ادا کرنے آتے تھے۔ پھوپھو باجماعت نماز کی بہت پابند تھیں اور باقاعدگی سے مسجد میں نماز ادا کرتیں۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں نہایت باوقار اور بااصول شخصیت عطا فرمائی تھی۔ وہ ہمیشہ محبت، شفقت اور نرمی سے بات کرتیں اور کبھی کسی سے اونچی آواز میں گفتگو نہ کرتیں۔

ان میں چغلی، بدگمانی یا کسی قسم کے خلفشار کا شائبہ تک نہ تھا۔ اتنے بڑے مشترکہ ماحول میں رہتے ہوئے بھی وہ کبھی کسی کے معاملات میں مداخلت نہ کرتیں۔ ہم ساری زندگی ان کے پڑوس میں رہے، مگر انہوں نے نہ کبھی کسی کے کام میں دخل دیا اور نہ کسی کی بات اِدھر سے اُدھر پہنچائی۔ ان کی زبان سے کسی کے متعلق کوئی منفی بات نہیں سنی گئی۔ وہ ہمیشہ مثبت انداز اختیار کرتیں اور دوسروں کے لیے خیر اور دعا کا جذبہ رکھتیں۔

خاندان مسیح موعودؑ اور خلافت سے محبت ان کے وجود میں رچی بسی تھی۔ جب تک چلنے کے قابل رہیں، مہمانوں کو گیٹ تک چھوڑنے آتیں۔ تمام زندگی پردے کا مکمل التزام کیا۔

شادی کے بعد محترم چودھری سمیع اللہ صاحب کے ہمراہ مختلف شہروں میں قیام کے دوران بھی آپ نے لجنہ ممبرات اور بچیوں کو ترجمۃ القرآن کی طرف توجہ دلائی۔ سینکڑوں ممبرات نے آپ سے ترجمہ سیکھا۔

پھوپھو کی اپنی کوئی اولاد نہ تھی، مگر پھوپھا صاحب کی دوسری شادی کے بعد ہونے والے بچوں کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری انہوں نے اپنے ذمہ لے لی۔ انہیں اپنی اولاد سے بڑھ کر محبت دی اور دینی و دنیاوی تربیت میں کوئی کمی نہ آنے دی۔

ان کی بیٹی عائشہ سمیع کے مطابق والدہ صاحبہ نے ہمیں کبھی یہ احساس ہونے نہیں دیا کہ ہم ان کے سگے بچے نہیں ہیں۔ ہماری تعلیم و تربیت میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جبکہ ان پر ناناجان کی خدمت کی بہت بڑی ذمہ داری تھی۔ والدہ صاحبہ گھڑی کی سوئیوں کی طرح نانا جان کی خدمت کرتیں۔ آپ تہجد کے وقت سے نانا جان کی خدمت میں مشغول ہو جاتیں۔ نانا جان کی بہت لاڈلی بیٹی تھیں۔ والدہ صاحبہ کا انداز تربیت نہایت محبت بھرا مگر نظم و ضبط سے بھرپور تھا۔ نماز، تہجد اور تلاوت کی ایسی عادت ڈالی کہ کبھی الارم کی ضرورت نہ پڑی۔ تہجد کی عادت بچپن سے یہ کہہ کر ڈالی کہ فجر کے لیے تو اٹھتی ہو، پندرہ بیس منٹ پہلے اٹھ کر چار نفل تہجد کے بھی پڑھ لیا کرو۔

آپ آخر عمر تک یہ دعا کرتی رہیں کہ جو فرشتے حضرت اباجان کی حفاظت کرتے تھے وہ ہمارے گھر پر بھی مقرر رہیں۔ آپ نہایت بلند حوصلہ تھیں۔ زندگی میں سخت آزمائشیں آئیں مگر چٹان کی طرح ثابت قدم رہیں۔ بیٹی مریم کی حادثاتی وفات پر آپ نے غیرمعمولی صبر کا مظاہرہ کیا۔ خبر ملتے ہی سجدے میں گرگئیں اور صبر و رضا کی ایسی مثال قائم کی کہ زبان سے شکوہ کا ایک لفظ تک ادا نہ ہوا۔

مہرین سعید (بھتیجی) لکھتی ہیں: میں نے قرآن مجید کی تلاوت کی تصحیح کے لیے ان سے مدد لی۔ کئی مہینوں تک ان کے پاس جاتی رہی۔ وہ خاموشی سے سنتیں اور میری غلطیوں کو نہایت صبر و تحمل سے درست کرتیں۔ انہوں نے نہ صرف اپنے شوہر کے بچوں کی بہترین تربیت کی بلکہ اپنی بھتیجی کو بھی بے حد محبت سے پالا، اس کی شادی میں بھرپور تعاون کیا اور ہمیشہ اسے اپنی بیٹیوں کی طرح رکھا۔

میں نے انہیں کبھی بازار جاتے نہیں دیکھا۔ وہ نہ خریداری کرتیں اور نہ کسی دنیاوی خواہش کا اظہار کرتیں۔ ان کی زندگی کا محور نماز، قرآن اور گھر کے کام تھے۔ واقعی انہوں نے ایک نہایت سادہ، پاکیزہ اور عبادت بھری زندگی گزاری۔

پھوپھو صاحب کشف بھی تھیں۔ اللہ تعالیٰ نے ان کو ایسی روحانی کیفیت سے نوازا ہوا تھا کہ کئی بار ایسے واقعات رونما ہوئے جن سے ان کے قرب الٰہی کا اندازہ ہوتا تھا۔ پھوپھو کے اپنے الفاظ میں:’’۲۰۰۶ء میں حضرت ابا جان کی تدفین کے بعد جب خاکسار اپنے بھتیجے مرزا وقار احمد کے ہمراہ آپ کی قبر پر پہنچی اور دعا کے ليے ہاتھ اٹھائے تو یکدم خدا تعالیٰ نے ایک نظارہ دکھایا کہ میرے سامنے قبر کھلی تھی۔ ملگجی روشنی میں حضرت ابا جان کا جسدخاکی تابوت میں پڑا تھا۔ اس وقت ان کے دل پر پوری روشنی تھی اور ساتھ ہی یہ تفہیم ہوئی کہ ’’یہ دل ہے جو خدا تعالیٰ نے قبول فرمایا ہے۔‘‘

خاکسار اس وقت اپنے دادا جان محترم مرزا عبدالحق صاحب کی سیرت و خدمات پر ایک کتاب مرتب کر رہا ہے۔ اس سلسلہ میں پھوپھو کے متعدد انٹرویوز بھی کیے۔ وہ نہایت محبت اور صبر کے ساتھ ہر سوال کا جواب دیتیں اور ماضی کی ایمان افروز یادیں بیان کرتیں۔ انہوں نے ایک واقعہ بیان کیا کہ جب سرگودھا میں دادا جان کو کوٹھی ملی تو حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ اچانک ہمارے گھر تشریف لائے تاکہ خود جائزہ لیں۔ پھوپھو نے وہ روشن دان بھی دکھایا جہاں سے وہ حضورؓ اور دادا جان کو دیکھ رہی تھیں۔

آپ کئی سال سے اپنے آخری سفر کے لیے روحانی طور پر تیار تھیں۔ حضور انور کے نام ایک خط پہلے سے لکھ کر محفوظ کر رکھا تھا۔ اپنا تابوت بھی خرید کر رکھا تھا۔ حضرت مسیح موعودؑ کے کوٹ کا ایک بابرکت ٹکڑا بھی آپ کے پاس محفوظ تھا، جسے وصیت کے مطابق آپ کے ساتھ تابوت میں رکھا گیا۔ آپ کی تدفین حضور انور کی اجازت سے بہشتی مقبرہ (دارالفضل) میں عمل میں آئی۔

اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں بلند درجات عطا فرمائے اور ہمیں بھی ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: عطاء الرحمٰن غنی صاحب کا ذکرخیر

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button