افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ کے Manریجن میں دو مساجد، معلم ہاؤس اور سولر واٹر ٹینک کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو ماں ریجن (Man) کے دو دیہات سوگبینی اور چیمنیزو میں مورخہ ۱۱؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو دو مساجد، ایک معلم ہاؤس اور ایک سولر واٹر ٹینک کے افتتاح کی توفیق ملی۔ سولر واٹر ٹینک کا منصوبہ IAAAE کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب (سابق) امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ نے مرکزی قافلے کے ہمراہ شرکت کی۔

افتتاح مسجد محمود اور معلم ہاؤس، سوگبینی

مورخہ ۱۱؍اکتوبر کو ماں شہر سے تقریباً ۶۰؍کلومیٹر شمال میں واقع گاؤں سوگبینی میں افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں ریجنل مبلغ سلسلہ نے فرانسیسی زبان میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا جس کا جولا زبان میں ترجمہ مکرم فانی طاہر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کیا۔ اس کے بعد مکرم بالو احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔

مکرم شریف موسیٰ صاحب صدر جماعت نے مسجد کی تعمیر کو مقامی جماعت کے لیے باعث برکت قرار دیا۔ امام کمیٹی (COSIM) کے ریجنل صدر مکرم شریف امارہ صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں شرکت سے قبل جماعت احمدیہ کے متعلق ان کے ذہن میں منفی خیالات تھے، تاہم یہاں آکر انہیں حقیقت کا ادراک ہوا اور وہ جماعتی تعلیمات سے مطمئن ہو کر واپس جارہے ہیں۔ بعد ازاں مکرم جیوماندے احمد صاحب نے گاؤں کے چیف کی جانب سے خیالات کا اظہار کیا اور مسجد کی تعمیر کو سراہا۔

آخر میں مکرم امیر صاحب نے مسجد کے قیام کے مقاصد بیان کیے، نام محمود کی وضاحت کی اور مسجد کے نام کا اعلان کیا۔ آپ نے ریجنل صدر علماء کے ہمراہ مسجد کی تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی۔ مسجد ۱۲۰؍مربع میٹر پر مشتمل ہے اور اس کے ساتھ دو واش رومز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس کی تعمیر کے اخراجات مکرم شیخ خالد محمود صاحب آف یوکے نے ادا کیے۔ تعمیراتی کام کی نگرانی مکرم شبیر احمد صاحب سابق ریجنل مبلغ سلسلہ ماں، حال ریجن اومے نے کی۔

بعد ازاں معلم ہاؤس کا افتتاح کیا گیا اور اس کا معائنہ کیا گیا۔ مہمانوں اور دیگر شرکاء کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ نماز ظہر کے بعد غیر از جماعت ائمہ کو جماعتی کتب بطور تحفہ پیش کی گئیں۔ معلم ہاؤس کی تعمیر کی نگرانی ریجنل مبلغ سلسلہ ماں نے کی۔

تقریب میں مرکزی قافلہ کے علاوہ امام کمیٹی کے ریجنل صدر، سات غیر از جماعت ائمہ اور چار گاؤں کے چیفس سمیت تقریباً ۲۰۰؍افراد نے شرکت کی۔

مسجد حمید اور سولر واٹر ٹینک کا افتتاح، چیمنیزو

سوگبینی سے تقریباً ۶؍کلومیٹر دور واقع گاؤں چیمنیزو میں بھی اسی روز مسجد حمید اور سولر واٹر ٹینک کا افتتاح کیا گیا۔

مورخہ ۱۱؍اکتوبر کو گاؤں آمد پر مکرم امیر صاحب نے احباب کے ساتھ مختصر نشست کی۔ اس دوران ایک غیر از جماعت امام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے مقامی زبان میں دیے۔ بعد ازاں امیر صاحب نے سولر واٹر ٹینک کا افتتاح کیا۔ ایک این جی او کی جانب سے پہلے سے بنائے گئے واٹر بور پر IAAAE نے سولر پینل، واٹر ٹینک اور پانی کی ٹونٹیاں نصب کرکے پانی کی فراہمی کا مکمل انتظام کیا۔ اس سہولت سے مقامی افراد کو ہاتھ سے پانی نکالنے کی مشقت سے نجات ملی۔ افتتاح کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی اور پانی کی فراہمی کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں امیر صاحب نے مسجد حمید کا افتتاح کیا۔ اس سے قبل یہاں کچی اینٹوں سے تعمیر کردہ مسجد نور موجود تھی جو مخدوش ہو چکی تھی، چنانچہ اس کی جگہ پختہ مسجد تعمیر کی گئی۔ نئی مسجد ۶۲؍مربع میٹر پر مشتمل ہے جس کے اطراف میں ٹیرس اور دو واش رومز تعمیر کیے گئے ہیں۔ مسجد کی تزئین و آرائش کے لیے قرآنی آیات بھی آویزاں کی گئی ہیں۔ اس مسجد کے تعمیراتی اخراجات مکرم عثمان حمید صاحب آف کینیڈا نے ادا کیے۔

مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا جس کے بعد احباب کو مسجد کا دورہ کروایا گیا۔ دعا کے بعد آپ نے نماز عصر کی امامت کروائی۔ بعد ازاں مرکزی قافلہ ماں شہر واپس آگیا جہاں نماز مغرب کے بعد مکرم بالو احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’تحریک جدید‘ کے عنوان پر درس دیا۔

اللہ تعالیٰ ان مساجد اور دیگر منصوبوں کو بابرکت فرمائے، احباب جماعت کو تقویٰ کے ساتھ مساجد آباد کرنے کی توفیق عطا کرے اور یہ منصوبے اسلام احمدیت کی ترقی کا ذریعہ بنیں۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ ہالینڈ کا یورپ کے پانچ ممالک کا دورہ

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button