افریقہ (رپورٹس)

مجلس اطفال الاحمدیہ نائیجیریا کے ریجنل اجتماعات ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس اطفال الاحمدیہ نائیجیریا کو مورخہ ۳ تا ۱۰؍اگست ۲۰۲۶ء سات علاقائی حلقوں میں ریجنل اجتماعات منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان اجتماعات میں لاگوس، اویو، اوگن، اوشون و کوارا، اونڈو و ایکیٹی، شمالی ریجن اور مشرقی ریجن شامل تھے۔ امسال اجتماع کا مرکزی موضوع ’’الصادق بننا: حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ ہمارے لیے اسوۂ حسنہ ہیں‘‘ تھا۔ ان اجتماعات میں مجموعی طور پر ۳؍ہزار ۸۲؍اطفال نے شرکت کی۔

اجتماع کے دوران قرآن کریم اور سیرت نبویﷺ کی روشنی میں سچائی، دیانت داری، حُسنِ سلوک، اطاعت، صبر، عاجزی اور خدمت خلق جیسی اخلاقی صفات اپنانے کی طرف توجہ دلائی گئی۔ بچوں کو گھریلو، تعلیمی اور معاشرتی زندگی میں راست گوئی اختیار کرنے، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے اجتناب کی اہمیت بھی سمجھائی گئی۔

روحانی تربیت کے لیے روزانہ باجماعت نمازوں، نماز تہجد اور دینی دروس کا اہتمام کیا گیا۔ ان دروس میں اسلامی فقہ اور تاریخ احمدیت سمیت مختلف موضوعات پر تعلیم دی گئی۔ اسی طرح اطفال کے مابین تلاوت قرآن کریم، قصیدہ، اذان، عمومی دینی معلومات اور ’سپیلنگ بی‘ کے مقابلے منعقد ہوئے۔ نیز فٹ بال، دوڑ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی کروائے گئے۔

ہر مقام پر منعقد ہونے والے اختتامی اجلاس میں مقامی احمدی و غیر احمدی معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

اللہ تعالیٰ تمام اطفال کے علم و فہم میں برکت عطا فرمائے اور انہیں جماعت احمدیہ اور ملک کے لیے مفید وجود بنائے۔ آمین

(رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ کھُلنا، بنگلہ دیش کا ریجنل اجتماع ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button