احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول کسی ڈاکیارڈ، فری ٹاؤن، سیرالیون میں تیرہ سولر لائٹس کی تنصیب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول کسی ڈاکیارڈ، فری ٹاؤن، سیرالیون میں ۱۹۸۸ء تا ۱۹۹۰ء کے سابق طلبہ کی جانب سے ۱۳؍سولر لائٹس نصب کی گئیں۔ مورخہ ۴؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو افتتاحی تقریب میں مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

احمدیہ مسلم سکول کسی ڈاکیارڈ کا قیام ۱۹۶۴ء میں عمل میں آیا۔ یہ ادارہ جماعت احمدیہ کی تعلیمی خدمات کی تاریخ میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اسے یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے اس میں قدم رنجہ فرمائے۔ گذشتہ کئی دہائیوں سے یہ ادارہ تعلیم و تربیت کے میدان میں خدمات انجام دے رہا ہے۔
تقریب کا آغاز صبح ۱۱؍بجے تلاوت قرآن کریم اور دعا سے ہوا۔ سابق طلبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تعلیمی دور کی یادیں تازہ کیں اور سکول، اساتذہ اور ادارے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر سکول کے پرنسپل صاحب نے سابق طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور سولر لائٹس کی تنصیب کو ادارے کی سیکیورٹی کے لیے مفید اضافہ قرار دیا۔ اس کے بعد شرکاء نے مل کر احمدیہ سکول کا ترانہ پڑھا۔
تقاریر کے بعد مکرم امیر صاحب اور دیگر عمائدین نے فیتہ کاٹ کر سولر لائٹس کا افتتاح کیا۔ اپنی اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کی خدمات اور تعلیمات سے آگاہ کیا۔ دعا کے بعد آپ نے سکول کے احاطے کا معائنہ کیا اور ادارے کے ماحول اور سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس پروگرام میں والدین کی ٹرم میٹنگ کے سبب والدین کی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی اور کامیاب تبلیغی پروگرام رہا۔
اللہ تعالیٰ اس خدمت کو قبول فرمائے اور تمام معاونین کو آئندہ بھی دین، ملت اور انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ میرپور مقامی، بنگلہ دیش کے تحت خصوصی وقار عمل اور شجر کاری کا پروگرام




