امر بالمعروف و نہی عن المنکر
(مبارک احمد تنویر ۔مبلغ انچارج جماعت احمدیہ جرمنی)
بیعت کر لینے کے بعد ہر احمدی کا بھی یہ فرض بن جاتا ہے کہ وہ اسلام کی حقیقی اور خوبصورت تعلیم کی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے ذریعہ مسلسل حفاظت اور نگرانی کرتا رہے تا کہ ایک طرف تو یہ تعلیم تمام بنی نوع انسان تک پہنچ جائے اور دوسری طرف یہ ہر طرح کی بدعات سے محفوظ رہے
کُنۡتُمۡ خَیۡرَ اُمَّۃٍ اُخۡرِجَتۡ لِلنَّاسِ تَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ وَتَنۡھَوۡنَ عَنِ الۡمُنۡکَرِ وَتُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰہِ۔ (آل عمران :۱۱۱)ترجمہ: تم (سب سے) بہتر جماعت ہو جسے لوگوں کے (فائدہ کے) لیے پیدا کیا گیا ہے۔ تم نیکی کی ہدایت کرتے ہو اور بدی سے روکتے ہو۔ اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو۔…
اللہ تعالیٰ نے ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفی ٰﷺ کی امت کو خیر امت قرار دیا تو ساتھ ہی اس کی وجہ فضیلت بھی امر بالمعروف و نہی عن المنکر بیان فرمائی۔
اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے آٹھ مقامات میں نیکی اور بھلائی کی طرف بلانے اور بری اور ناپسندیدہ باتوں اور حرکتوں سے روکنے کے لیے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے الفاظ میں جبکہ اس کےمضمون کے لحاظ سے ۳۵؍مقامات میں مختلف انداز میں اس کی اہمیت کو اُجاگر کیا ہے۔ اس لیے ہر احمدی مسلمان کو اس کی حکمت کو سمجھنا ضروری ہے۔ اس کی اہمیت کو خاکسار ایک مثال سے واضح کرنے کی کوشش کرے گا۔ اللہ تعالیٰ نےانسان کی فطرت میں یہ احساس اور جذبہ رکھا ہے کہ جب وہ کوئی گھر بناتا ہے یا اس کی رینوویشن کرتا ہےیا کوئی نئی گاڑی خریدتا ہے تو وہ اس کا خاص خیال رکھتا ہے۔ اپنے کسی عزیز کو بھی اس کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیتا اگرچہ اس کا بیٹا یا بیٹی بھی چاہے کہ وہ اس گھر کی سفیدی یا گاڑی کے رنگ پر کسی چیز سے لکیریں لگا دے یا نقصان پہنچائے تو وہ فوراً اس پر رد عمل ظاہر کر کے اسے روکے گا۔ اور اگر کوئی انسان مسجد کی مقدس عمارت کو خراب کرے تو ہر مومن ہی اسے پورے زور سے روکے گا۔ یہ تو مادی دنیا کی وہ اشیاء ہیں جن کے بنانے والے عام انسان ہوتے ہیں۔ اس کے مقابل پر اللہ تعالیٰ اپنی نگرانی میں ہر زمانے کے اپنے محبوب ترین اور مقدس ترین انسان کے ذریعے جس کو نبی اور رسول کے مبارک نام سے پکارا جاتا ہے، ایک روحانی عمارت تیار کرواتا ہے اور پھر اس نبی اور اس کے ماننے والوں کو اس کی ظاہری و باطنی حفاظت کا تاکیدی حکم دیتا ہے۔
حضرت مصلح موعودؓ اپنی معرکۃ الآراء تقریر سیر روحانی میں اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے فرماتے ہیں:’’ہم علمِ تعبیرالرؤیا کو دیکھتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ مسجد انبیاء کی جماعت کو کہتے ہیں۔پس مساجد کے مشابہ عالَم روحانی میں اگر کوئی چیزیں ہیں تو انبیاء کی جماعتیں ہیں۔…اور وہ ظاہری مساجد سے بہت زیادہ شاندار ہیں۔آج تک دنیا میں خدا تعالیٰ کے بہت سے انبیاء ہوئے ہیں، …اور ہر نبی نے کوئی نہ کوئی جماعت قائم کی ہے۔…اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان امور کے پورا کرنے کے لیے مختلف روحانی مساجد بنائی گئی تھیں۔…میں صرف آخری مسجد کو لے لیتا ہوں جو محمد رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں تیار ہوئی اور جس کی نسبت رسول کریمﷺ فرماتے ہیں کہ مَسْجِدِ ی آخِرُ الْمَسَاجِدِ۔
… اصولی طور پر ایک نکتہ یاد رکھنا چاہئے اور وہ یہ کہ رسول کریم ﷺ کے متعلق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ’’ كَانَ خُلُقُهُ الْقُرانُ ‘‘آپ کے اخلاق و عادات اگر معلوم کرنا چاہو تو قرآن پڑھ لو جو کچھ اس میں لکھا ہے وہی کچھ رسول کریم ﷺ میں پایا جاتا تھا۔… اسی طرح صحابہ کے متعلق بھی ہمیں ایک اصولی نکتہ قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے اور وہ یہ کہ وَلٰکِنَّ اللّٰہَ حَبَّبَ اِلَیۡکُمُ الۡاِیۡمَانَ وَزَیَّنَہٗ فِیۡ قُلُوۡبِکُمۡ وَکَرَّہَ اِلَیۡکُمُ الۡکُفۡرَ وَالۡفُسُوۡقَ وَالۡعِصۡیَانَ۔ فرماتا ہے اے محمد ﷺ کے صحابہ کی جماعت ! تم وہ ہو کہ تمہارے دلوں میں خدا نے ایمان کی محبت ڈال دی ہے اور تمہاری حالت یہ ہوتی ہے کہ قرآن جو کچھ کہتا ہے تم اس پر فوری طور پر عمل کرنے لگ جاتے ہو اور اس نے ایمان کو تمہاری نظروں میں اتنا خوبصورت بنا دیا ہے کہ تمہیں اس کے بغیر چین ہی نہیں آتا جس طرح خوبصورت چیز کی طرف جھکتے ہو اور اُسے ایک لمحہ کے لیے بھی اپنے ہاتھ سے نہیں جانے دیتے وَکَرَّہَ اِلَیۡکُمُ الۡکُفۡرَ وَالۡفُسُوۡقَ وَالۡعِصۡیَانَ۔ اور اُس نے کفر، فسق اور نا فرمانی سے تمہیں اتنا متنفر کر دیا ہے کہ تم اس کی طرف رغبت ہی نہیں کرتے۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام اور صحابہ ؓدو مترادف الفاظ ہیں اگر اسلام میں کوئی حکم پایا جاتا ہے تو صحابہ ؓنے اس پر یقیناًعمل کیا ہے اور اگر صحابہؓ نے کسی بات پر عمل کیا ہے تو اسلام میں وہ ضرور پائی جاتی ہے۔ …مسجد کی اغراض رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہؓ نے کس طرح پوری کیں۔… اوّل۔غرض مسجد کی یہ ہے کہ للنّاس ہوتی ہے یعنی اس کے ذریعہ بنی نوع انسان کے حقوق کی حفاظت کی جاتی ہے اور سب انسانوں کو فائدہ پہنچایا جاتا ہے۔اس بارہ میں قرآن کریم میں آتا ہے۔کُنۡتُمۡ خَیۡرَ اُمَّۃٍ اُخۡرِجَتۡ لِلنَّاسِ تَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ وَتَنۡھَوۡنَ عَنِ الۡمُنۡکَرِ وَتُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰہِ یعنی اے مسلمانو! تم سب اُمتوں سے بہتر ہو۔ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تم کسی ایک قوم کے فائدہ کے لیے کھڑے نہیں ہوئے بلکہ تم کالوں کے لیے بھی ہو اور گوروں کے لیے بھی ہو، مشرقیوں کے لیے بھی ہو اور مغربیوں کے لیے بھی ہو، تمہارا دروازہ سب کے لیے کھلا ہے اور تمہارا فرض ہے کہ تم سب کو آواز دو اور کہو کہ آ جاؤ مشرق والو، آجاؤ مغرب والو، آ جاؤ شمال والو، آجاؤ جنوب والو، آ جاؤ غریبو، آجاؤ امیرو، آجاؤ طاقتورو، آجاؤ کمزورو۔ غرض تم سب کو آواز دو کیونکہ أُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تم وہ قوم ہو جو ساری دنیا کے فائدہ کے لیے پیدا کی گئی ہو۔جس طرح وہاں اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا کہ اِنَّ اَوَّلَ بَیۡتٍ وُّضِعَ لِلنَّاسِ وہ پہلا گھر ہے جو لِلنَّاسِ بنا، اسی طرح انبیاء کی جماعتیں بھی جب کھڑی کی جاتی ہیں تو لِلنَّاسِ کھڑی کی جاتی ہیں۔موسیٰ کے زمانہ میں اُمتِ موسوی کا دروازہ گو صرف بنی اسرائیل کے لیے کھلا تھا مگر اپنے دائرہ میں وہاں بھی کامل مساوات تھی لیکن محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں اس دائرہ کو ایسا وسیع کر دیا گیا کہ ساری دنیا کو اس کے اندر شامل کر لیا گیا۔پس فرماتا ہے اے مسلمانو! تم لوگوں کے فائدہ کے لیے بنائے گئے ہو۔اس کے بعد اس کا ذکر فرماتا ہے کہ مسلمانوں سے لوگوں کو فائدہ کس طرح پہنچے گا فرماتا ہے تَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ تم لوگوں کو نیکی کی تعلیم دیتے ہو، تمام بنی نوع انسان کو تبلیغ کرتے ہو، انہیں نیک اخلاق سکھاتے ہو، کہتے ہو کہ فلاں فلاں بات پر عمل کرو تا کہ تمہیں خدا تعالیٰ کا قرب حاصل ہو وَتَنۡھَوۡنَ عَنِ الۡمُنۡکَرِ اور تم بدیوں سے لوگوں کو روکتے ہو، وَتُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰہِاور تم نڈر ہو کر یہ کام کرتے ہو۔یہاں ایمان سے صرف مان لینا مراد نہیں، کیونکہ اَمر بِالْمَعْرُوفِ اور نَهِی عَنِ الْمُنكَرِ خدا تعالیٰ پر ایمان لائے بغیر نہیں ہوسکتا اور جب ایمان پہلے ہی حاصل تھا تو آخر میں وَتُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰہِ کہنے کی کیا ضرورت تھی۔اگر اس ایمان سے مراد محض خدا پر ایمان لانا ہوتا تو آیت یوں ہوتی کہ تُؤْمِنُونَ وَتَامُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ مگر آیت اس کے الٹ ہے جس سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ ایمان کے معنے صرف مان لینے کے نہیں بلکہ کچھ اور ہیں۔اور وہ معنے جیسا کہ میں بیان کر چکا ہوں یہ ہیں کہ تم لوگوں سے نہیں ڈرتے بلکہ خدا سے ہی ڈرتے ہو اور ان کاموں میں کسی نقصان کی پرواہ نہیں کرتے بلکہ نڈر ہو کر کام کرتے ہو جیسے فرماتا ہے۔فَسَوۡفَ یَاۡتِی اللّٰہُ بِقَوۡمٍ یُّحِبُّہُمۡ وَیُحِبُّوۡنَہٗۤ ۙ اَذِلَّۃٍ عَلَی الۡمُؤۡمِنِیۡنَ اَعِزَّۃٍ عَلَی الۡکٰفِرِیۡنَ یُجَاہِدُوۡنَ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ وَلَا یَخَافُوۡنَ لَوۡمَۃَ لَآئِمٍ۔ غرض اس آیت میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ جس طرح مادی مسجد تمام بنی نوع انسان کے فائدہ کے لیے ہوتی ہے، اسی طرح یہ روحانی مسجد تمام بنی نوع انسان کے فائدہ کے لیے ہے اور وہ اس پر عمل مندرجہ ذیل طریق سے کرتی ہے۔
(الف) تَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ سب انسانوں کو حسنِ سلوک کی تعلیم دیتی اور اس طرح لوگوں کے حقوق کو محفوظ کرتی ہے۔ تَاۡمُرُوۡنَ کے الفاظ میں اللہ تعالیٰ نے نظام کی طرف بھی اشارہ کیا ہے اور بتایا ہے کہ مسلمان صرف وعظ ہی نہیں کرتے بلکہ لوگوں سے نیک باتیں منواتے ہیں۔اگر صرف تَعِظُونَ النَّاسَ ہوتا تو اس کے معنے یہ ہوتے کہ وہ لوگوں کو وعظ ونصیحت کرتے ہیں مگر خدا نے تَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ کے الفاظ استعمال کیے ہیں جس میں یہ بتایا ہے وہ لوگوں کو صرف وعظ ونصیحت کی بات کہہ دینا کافی نہیں سمجھتے بلکہ لوگوں سے عمل بھی کراتے ہیں۔اگر تعلیم سے عمل ہو تو تعلیم دیتے ہیں، تربیت سے عمل ہو تو تربیت کرتے ہیں، منت سماجت سے کوئی عمل کرنے کے لیے تیار ہو تو اس کی منت سماجت کرتے ہیں اور اگر کوئی نگرانی کا محتاج ہو جیسے نابالغ بچے ہیں تو اسے حکم دیتے ہیں ( یعنی ان امور میں اور ان لوگوں کو جن میں اور جن کو حکم دینے کی اجازت ہے حکم دیتے ہیں ورنہ بالغ اور عاقل سے جبراً کوئی امر منوانا جو اس کے عقیدہ کے خلاف ہو اسلام میں جائز نہیں ) غرض وہ صرف اپنی زبان سے بات نکال کر خوش نہیں ہو جاتے بلکہ جس طرح بھی بن پڑتا ہے لوگوں سے عمل کرانے کی جد وجہد کرتے ہیں اور جب تک لوگوں کی عملی حالت درست نہ ہو جائے خوش نہیں ہوتے۔
(ب) تَنۡھَوۡنَ عَنِ الۡمُنۡکَرِتمام بنی نوع انسان کو ظلم اور تعدی اور شرارت سے روکتے ہیں۔یہاں بھی نہی کا لفظ استعمال فرمایا ہے وعظ کا نہیں۔
(ج) وَتُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰہِ اِس جگہ تُؤْمِنُونَ کو آخر میں رکھنا صاف بتا رہا ہے کہ یہاں عام ایمان مراد نہیں بلکہ مراد یہ ہے کہ ان کاموں میں کسی نقصان سے نہیں ڈرتے اور نڈر ہو کر کام کرتے ہیں۔‘‘ (سیر روحانی جلددوم، انوارالعلوم جلد۱۶صفحہ ۲۸ تا ۳۲)
امت محمدیہ کی روحانی عمارت کی شان و شوکت اور اس کی حفاظت کی اہمیت
اس روحانی عمارت کی تیاری میں ایک حدیث کے مطابق ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاءؑ نے اپنا ایک ایک لمحہ خدا تعالیٰ کی رضا اور اس کی نگرانی میں بنانے میں صرف کر دیا اور جو اس میں کمی رہ گئی تھی وہ ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے وجود باجود سے اپنے پائیہ تکمیل کو پہنچ گئی اور اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں یہ اعلان فرمایا: اَلۡیَوۡمَ اَکۡمَلۡتُ لَکُمۡ دِیۡنَکُمۡ وَاَتۡمَمۡتُ عَلَیۡکُمۡ نِعۡمَتِیۡ وَرَضِیۡتُ لَکُمُ الۡاِسۡلَامَ دِیۡنًا۔ (المائدہ :۴ )ترجمہ: آج میں نے تمہارے (فائدہ کے) لیے تمہارا دین مکمل کر دیا ہے اور تم پر اپنے احسان کو پورا کر دیا ہے اور تمہارے لیے دین کے طور پر اسلام کو پسند کیا ہے۔
یہی مضمون حضرت محمد مصطفیٰﷺ نے بیان فرمایا: عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُ، أَنَّ رَسُولَ اللّٰهِ ﷺ، قَالَ: إِنَّ مَثَلِي وَمَثَلَ الْأَنْبِيَاءِ مِنْ قَبْلِي كَمَثَلِ رَجُلٍ بَنَى بَيْتًا فَأَحْسَنَهُ وَأَجْمَلَهُ إِلَّا مَوْضِعَ لَبِنَةٍ مِنْ زَاوِيَةٍ، فَجَعَلَ النَّاسُ يَطُوفُونَ بِهِ وَيَعْجَبُونَ لَهُ وَيَقُولُونَ هَلَّا وُضِعَتْ هَذِهِ اللَّبِنَةُ، قَالَ: فَأَنَا اللَّبِنَةُ وَأَنَا خَاتَمُ النَّبِيِّيْنَ۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے رویت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میری اور مجھ سے پہلے کے تمام انبیاء کی مثال ایسی ہے جیسے ایک شخص نے ایک گھر بنایا اور اس میں ہر طرح کی زینت پیدا کی لیکن ایک کونے میں ایک اینٹ کی جگہ چھوٹ گئی۔ اب تمام لوگ آتے ہیں اور مکان کو چاروں طرف سے گھوم کر دیکھتے ہیں اور تعجب میں پڑ جاتے ہیں لیکن یہ بھی کہتے جاتے ہیں کہ یہاں پر ایک اینٹ کیوں نہ رکھی گئی؟ تو میں ہی وہ اینٹ ہوں اور میں خاتم النبیین ہوں۔(صحيح البخاري،كتاب المناقب، باب خاتم النبیینؐ حدیث: ۳۵۳۵)
آنحضرتﷺ کے اس ارشاد سے اسلام کی شکل میں اپنی اس تکمیل کو پہنچنے والی اس روحانی عمارت کی قدرو منزلت اور اس کی شان کا اندازہ ہر سچے مومن کو ہو جاتا ہے۔ اور یہ ہی وہ روحانی مسجد ہے جس کی حفاظت کے لیے بے شمار صحابہؓ نے اپنی جانوں کے نذرانے عجیب عاشقانہ رنگ میں پیش کر دیے تاکہ اب آئندہ اس عمارت کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے۔ صحابہ ؓ کی ان قربانیوں کے تفصیلی تذکرے ہم اپنے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات میں مسلسل کئی سالوں سے سن کر اپنے ایمانوں کو بھی صیقل کر رہے ہیں۔ اس روحانی تکمیل پانے والی عمارت جس کے بنانے میں اللہ تعالیٰ کے سب ہی انبیاءؑ نے اپنے اپنے وقت پر اللہ تعالیٰ کی نگرانی میں کام کیا اور اس کی تکمیل ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیﷺ کے مقدس ہاتھوں سے مقدر تھی۔ اس زمانے میں اس کی حفاظت کی ذمہ داری حضرت مسیح موعودؑ کے سپرد کی گئی اور آپؑ کے وصال کے بعد خلفاء حضرت مسیح موعودؑ کے سپرد یہ عظیم الشان خدمت ہے اور بیعت کر لینے کے بعد ہر احمدی کا بھی یہ فرض بن جاتا ہے کہ وہ اسلام کی حقیقی اور خوبصورت تعلیم کی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے ذریعہ مسلسل حفاظت اور نگرانی کرتا رہے تا کہ ایک طرف تو یہ تعلیم تمام بنی نوع انسان تک پہنچ جائے اور دوسری طرف یہ ہر طرح کی بدعات سے محفوظ رہے۔
امر بالمعروف و نہی عن المنکر مختلف مصائب اور پریشانیوں سے بچنے کا ذریعہ
ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ جو اس روحانی عمارت کے حسن و جمال کو کمال تام عطا کرنے والے تھے اور اس کی قدرو قیمت کو سب سے بہتر جانتے تھے اور اس کی حفاظت کی سب سے بڑھ کر فکر کرنے والے تھے، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی طرف مختلف انداز سےتوجہ دلاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیٰﷺنے انسان کو اس دنیا میں آنے والی آزمائشوں سے سلامتی کے ساتھ گزر جانے کے لیے فرمایا: عَنْ حُذَيْفَةَ ؓ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰهِ ﷺ : فِتْنَةُ الرَّجُلِ فِي اَهْلِهِ وَمَالِهِ وَجَارِهِ، تُکَفِّرُهَا الصَّـلوٰةُ وَالصَّدَقَةُ وَالْأَمْرُ بَالْمَعْرُوْفِ وَالنَّهْيُ عَنِ الْمُنْکَرِ۔ (بخاري، کتاب المناقب، باب علامات النبوة في الإسلام، حدیث:۳۵۸۶)ترجمہ: حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: انسان کی آزمائش اس کے اہل و عیال، اس کے مال اور اس کے پڑوس (کے معاملات) میں ہے جس کا ازالہ نماز، خیرات و صدقات، اچھی بات کا حکم دینے اور بری بات سے روکنے میں مضمر ہے۔
خدا تعالیٰ کے غضب سے بچنے کے لیے امربالمعروف و نہی عن المنکر بنیادی کردار ادا کرتا ہے
امر بالمعروف اور نہی عن المنکر سے انحراف خدا تعالیٰ کے غضب کو کس طرح جوش میں لاتا ہے اس کا اندازہ اس حدیث سے ہوتا ہے۔
عَنْ جَابِرٍ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللّٰهِﷺ: ’’ أَوْحَى اللّٰهُ عَزَّ وَجَلَّ إِلَى جِبْرِيْلَ عَلَيْهِ السَّلَامُ أَنِ اقْلِبْ مَدِينَةَ كَذَا وَكَذَا بِأَهْلِهَا، قَالَ: فَقَالَ: يَا رَبِّ إِنَّ فِيهِمْ عَبْدَكَ فُلَانًا لَمْ يَعْصِكَ طَرْفَةَ عَيْنٍ، قَالَ: فَقَالَ: اِقْلِبْهَا عَلَيْهِمْ، فَإِنَّ وَجْهَهُ لَمْ يَتَمَعَّرْ فِيَّ سَاعَةً قَطُّ” (شعب الایمان للبہیقی:۶؍۹۵ حدیث رقم:۸۵۸۷) ترجمہ : الله تعالیٰ نے حضرت جبرائیل ؑکو حکم دیا کہ فلاں شہر کو شہر والوں سمیت الٹ دو۔ حضرت جبرائیل ؑنے عرض کیا۔ اے میرے ربّ! اس شہر میں آپ کا فلاں بندہ بھی ہے، جس نے ایک لمحہ بھی آپ کی نافرمانی نہیں کی، آپ ﷺ فرماتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے حضرت جبرائیل ؑکو حکم دیا !تم اس شہر کو شہر والوں پر الٹ دو، کیوں کہ شہر والوں کو میری نافرمانی کرتا دیکھ کر اس شخص کا چہرہ میرے حق میں ایک گھڑی کے لیے بھی متغیر نہیں ہوا۔
اللہ تعالیٰ کا اس زمانے میں حضرت مسیح موعودؑ کو کشتی تیار کرنے کا حکم دینا
ایک اور موقعہ پر محسنِ انسانیت ﷺ نے ایک کشتی اور اس میں سوار انسانوں کی مثال دے کر امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
عَنِ النُّعْمَانِ بْنِ بَشِيْرٍؓقَالَ: قَالَ النَّبِيُّ ﷺ : مَثَلُ الْمُدْهِنِ فِي حُدُوْدِ اللّٰهِ وَالْوَاقِعِ فِيْهَا مَثَلُ قَوْمٍ اسْتَهَمُوْا سَفِيْنَةً فَصَارَ بَعْضُهُمْ فِي أَسْفَلِهَا وَصَارَ بَعْضُهُمْ فِي أَعْـلَاهَا فَکَانَ الَّذِي فِي أَسْفَلِهَا يَمُرُّوْنَ بِالْمَاءِ عَلَی الَّذِيْنَ فِي أَعْـلَاهَا فَتَأَذَّوْا بِهِ فَأَخَذَ فَأْسًا فَجَعَلَ يَنْقُرُ أَسْفَلَ السَّفِيْنَةِ فَأَتَوْهُ فَقَالُوْا: مَا لَکَ؟ قَالَ: تَأَذَّيْتُمْ بِي وَلَا بُدَّ لِي مِنَ الْمَاءِ فَإِنْ أَخَذُوْا عَلٰی يَدَيْهِ أَنْجَوْهُ وَنَجَّوْا أَنْفُسَهُمْ، وَإِنْ تَرَکُوْهُ اَهْلَکُوْهُ وَاَهْلَکُوْا أَنْفُسَهُمْ۔ (أخرجه البخاري في الصحيح، کتاب الشهادات، باب القرعة في المشکلات، ۲؍ ۸۸۲، ۹۵۴، الرقم؍ ۲۳۶۱، ۲۵۴۰، وأحمد بن حنبل في المسند، ۴؍ ۲۷۰، الرقم؍ ۱۸۴۰۳) ترجمہ: حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کی حدود کے بارے میں نرمی برتنے والے اور ان میں مبتلا ہونے والے کی مثال ان لوگوں جیسی ہے جنہوں نے کشتی میں (سفر کرنے کے سلسلے میں) قرعہ اندازی کی تو بعض کے حصے میں نیچے والی منزل آئی اور بعض کے حصے میں اوپر والی۔ پس نیچے والوں کو پانی کے لیے اوپر والوں کے پاس سے گزرنا پڑتا تھا تو اس سے اوپر والوں کو تکلیف ہوتی تھی۔ (چنانچہ اس خیال سے کہ اوپر کے لوگوں کو ان کے آنے جانے سے تکلیف ہوتی ہے) نیچے والوں میں سے ایک شخص نے کلہاڑا لیا اور کشتی کے نچلے حصے میں سوراخ کرنے لگا۔ اُوپر والے اس کے پاس آئے اور کہا: تجھے کیا ہو گیا ہے؟ اُس نے کہا: تمہیں میری وجہ سے تکلیف ہوتی تھی اور پانی کے بغیر میرا گزارہ نہیں۔ پس اگر انہوں نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا تو اسے بھی بچا لیا اور وہ خود بھی بچ گئے، لیکن اگر انہوں نے اسے (سوراخ کرنے کے لیے اس کی مرضی پر) چھوڑ دیا تو اسے بھی ہلاک کر دیا اور اپنے آپ کو بھی ہلاک کرڈالا۔ اِس حدیث کو امام بخاری، احمد، ترمذی اور بزار نے روایت کیا ہے۔
اب اس حدیث اور اللہ تعالیٰ کے حضرت مسیح موعودؑ کو کشتی تیار کرنے کے فرمان کو ایک ساتھ ذہن میں لائیں (اِصۡنَعِ الۡفُلۡکَ بِاَعۡیُنِنَا وَوَحۡیِنَا)تو ایک عجیب روحانی عالم کا سلسلہ نظر آتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اور اسی طرح تمام بنی نوع انسانوں کو اس کشتی میں سوار ہونے اور پھر اس کی ہر طرح سے ظاہری اور باطنی حفاظت کی توفیق عطا کرے۔ آمین
ہر انسان ہی خدا تعالیٰ کی مدد اور قبولیت دعا کی خواہش اپنے اندر رکھتا ہے
قبولیت دعا اور اللہ تعالیٰ کی نصرت کے لیے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کو لازمی قرار دیتے ہوئے ہمارے آقا ومولیٰ حضرت محمد مصطفیٰﷺ فرماتے ہیں: عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ: دَخَلَ عَلَيَّ رَسُوْلُ اللّٰهِ ﷺ فَعَرَفْتُ فِي وَجْهِهِ أَنْ قَدْ حَضَرَهُ شَيْئٌ، فَتَوَضَّأَ ثُمَّ خَرَجَ فَلَمْ يُکَلِّمْ أَحَدًا فَدَنَوْتُ مِنَ الْحُجُرَاتِ فَسَمِعْتُهُ يَقُوْلُ: يَا أَيُهَا النَّاسُ، إِنَّ اللّٰهَ عزوجل يَقُوْلُ: مُرُوْا بِالْمَعْرُوْفِ وَانْهَوْا عَنِ الْمُنْکَرِ مِنْ قَبْلِ أَنْ تَدْعُوْنِي فَـلَا أُجِيْبُکُمْ، وَتَسْأَلُوْنِي فَـلَا أُعْطِيْکُمْ، وَتَسْتَنْصِرُوْنِي فَـلَا أَنْصُرُکُمْ۔ (أخرجه أحمد بن حنبل في المسند، ۶؍ ۱۵۹، الرقم؍ ۲۵۲۹۴، وابن حبان في الصحيح، ۱؍ ۵۲۶، الرقم؍ ۲۹۰، والطبراني في المعجم الأوسط، ۶؍ ۳۷۷، الرقم؍ ۶۶۶۵، والبيهقي في السنن الکبری، ۱۰؍ ۹۳، الرقم؍ ۱۹۹۸۷، وابن راهويه في المسند، ۲؍ ۳۳۸، الرقم؍ ۸۶۴، وابن عساکر في تاريخ مدينة دمشق، ۴۶؍ ۲۹۸)ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: (ایک مرتبہ) رسول اللہ ﷺ میرے پاس تشریف لائے۔ میں نے آپ کے چہرۂ اقدس سے جان لیا کہ آپ ﷺ کچھ فرمانا چاہتے ہیں۔ آپ ﷺنے وضو کیا پھر کسی سے کلام کیے بغیر باہر تشریف لے گئے۔ میں حجروں (کی طرف سے مسجد) کے قریب ہوئی تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: اے لوگو! بے شک اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: نیکی کا حکم دو اور برائی سے منع کرو قبل اس کے کہ (وہ وقت آ جائے جب) تم مجھ سے دعا مانگو اور میں تمہاری دعا قبول نہ کروں، تم مجھ سے سوال کرو اور میں تم کو عطا نہ کروں اور تم مجھ سے میری مدد طلب کرو اور میں تمہاری مدد نہ کروں۔
قیام توحید جو ہر مذہب کی جان ہے وہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے بغیر ہو ہی نہیں سکتا
قیامت کا ایک نقشہ ہمارے سامنے رکھتے ہوئے آپﷺ نے فرمایا: عَنْ أَبِي سَعِيْدٍؓ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰهِ ﷺ : لَا يَحْقِرْ أَحَدُکُمْ نَفْسَهُ قَالُوْا: يَا رَسُوْلَ اللّٰهِ، کَيْفَ يَحْقِرُ أَحَدُنَا نَفْسَهُ۔ قَالَ: يَرَی أَمْرًالِلّٰهِ عَلَيْهِ فِيْهِ مَقَالٌ ثُمَّ لَا يَقُوْلُ فِيْهِ فَيَقُوْلُ اللّٰهُ لَهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ: مَا مَنَعَکَ أَنْ تَقُوْلَ فِي کَذَا وَکَذَا۔ فَيَقُوْلُ: خَشْيَةُ النَّاسِ فَيَقُوْلُ: فَإِيَّايَ کُنْتَ أَحَقَّ أَنْ تَخْشَی۔ (أخرجه أحمد بن حنبل في المسند، ۳؍ ۴۷، الرقم؍ ۱۱۴۵۸، وابن ماجه في السنن، کتاب الفتن، باب الأمر بالمعروف والنهي عن المنکر، ۲؍ ۱۳۲۸، الرقم؍ ۴۰۰۸) حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی شخص اپنے آپ کو حقیر نہ جانے۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین نے عرض کیا: یا رسول اللہﷺ! ہم میں سے کوئی کیسے اپنے آپ کو حقیر جان سکتا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: اس طرح کہ تم میں سے کوئی شخص کوئی معاملہ دیکھے اور اسے اس کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا حکم بھی معلوم ہو مگر وہ پھر بھی بیان نہ کرے تو اللہ تعالیٰ اس سے قیامت کے دن فرمائے گا : تجھے فلاں فلاں معاملہ میں (حق بات) کہنے سے کس نے منع کیا تھا؟ وہ جواب دے گا: لوگوں کے خوف نے۔ اس پر اللہ تعالیٰ فرمائے گا: تمہیں تو (ان سب سے بڑھ کر) مجھ سے ہی ڈرنا چاہیے تھا۔
حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے روحانی فرزند حضرت مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعودو مہدی معہودؑ جن کے ذمہ اللہ تعالیٰ نے امت محمدیہ کے روحانی حسن کی نگہداشت کا کام کیا ہے ان کو بھی اللہ تعالیٰ الہام کر کے فرماتا ہے: وَاْمُرْ بِالْمَعْرُوْفِ وَانْہَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَ صَلِّ عَلٰی مُـحَمَّدٍ وَّ اٰلِ مُـحَمَّدٍ۔ (تذکرہ، صفحہ ۴۵، ایڈیشن ۲۰۲۳ء)
ایک اَور مقام میں آپؑ فرماتے ہیں: ’’میں مامور ہوں کہ امر معروف اور نہی منکر کروں اور سننے والوں کو ان امور پر قائم کروں جن سے اُن کا ایمان قوی ہو اور معرفت زیادہ ہو اور صراط مستقیم پر قائم ہو جاویں۔‘‘ (مجموعہ اشتہارات، جلدسوم، صفحہ ۴۶۱)
حضرت مسیح موعودؑ ایک متقی کے اوصاف بیان کرتے ہوئے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے بارے میں فرماتے ہیں: ’’ متقی اپنی زبان کو بہت ہی قابو میں رکھتا ہے۔ اس کے منہ سے کوئی ایسی بات نہیں نکلتی جو تقوی کے خلاف ہو۔ پس تم اپنی زبانوں پر حکومت کرو نہ یہ کہ زبانیں تم پر حکومت کریں اور اناپ شناپ بولتے رہو۔ ہر ایک بات کہنے سے پہلے سوچ لو کہ اس کا نتیجہ کیا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ کی اجازت اس کے کہنے میں کہاں تک ہے۔ جب تک یہ نہ سوچ لومت بولو۔ ایسے بولنے سے جو شرارت کا باعث اور فساد کا موجب ہو نہ بولنا بہتر ہے لیکن یہ بھی مومن کی شان سے بعید ہے کہ امر حق کے اظہار میں رکے۔ اس وقت کسی ملامت کرنے والے کی ملامت اور خوف زبان کو نہ روکے۔ دیکھو ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب اپنی نبوت کا اعلان کیا تو اپنے پرائے سب کے سب دشمن ہو گئے مگر آپ نے ایک دم بھر کے لیے کبھی کسی کی پروا نہ کی۔ یہاں تک کہ جب ابو طالب آپ کے چچانے لوگوں کی شکایتوں سے تنگ آکر کہا۔ اُس وقت بھی آپ نے صاف طور پر کہہ دیا کہ میں اس کے اظہار سے نہیں رک سکتا۔ آپ کا اختیار ہے میرا ساتھ دیں یا نہ دیں۔ پس زبان کو جیسے خدا تعالیٰ کی رضامندی کے خلاف کسی بات کے کہنے سے روکنا ضروری ہے۔ اسی قدر امرِ حق کے اظہار کے لیے کھولنا لازمی امر ہے۔ يَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَيَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ (آل عمران:۱۱۵) مومنوں کی شان ہے۔ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرنے سے پہلے ضروری ہوتا ہے کہ انسان اپنی عملی حالت سے ثابت کر دکھائے کہ وہ اس قوت کو اپنے اندر رکھتا ہے کیونکہ اس سے پیشتر کہ وہ دوسروں پر اپنا اثر ڈالے اس کو اپنی حالت اثر انداز بھی تو بنانی ضروری ہے۔ پس یا د رکھو کہ زبان کو امر بالمعروف اور نہی عن المنکر سے کبھی مت روکو۔ ہاں محل اور موقع کی شناخت بھی ضروری ہے اور انداز بیان ایسا ہونا چاہیے جو نرم اور سلاست اپنے اندر رکھتا ہو اور ایسا ہی تقویٰ کے خلاف بھی زبان کا کھولنا سخت گناہ ہے۔‘‘(ملفوظات جلداول ۳۸۲۔۳۸۳)
ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے متعلق فرماتے ہیں: ’’خیر امت نہ لوگوں کو دھوکہ دے کر بنا جا سکتا ہے اور نہ خداتعالیٰ کو دھوکہ دے کر بنا جا سکتا ہے۔ اس لیے اپنے آپ کو مضبوط کرنے کے لیے، جماعت کو مضبوط کرنے کے لیے اچھی باتوں کو اپناؤ اور پھر آگے پہنچاؤ۔ اور جب ایسے عمل نیکیوں پر چلتے ہوئے اور برائیوں سے بچتے ہوئے انجام پا رہے ہوں گے تو پھر تبلیغ میں آسانی ہو گی۔ اور جماعت کے اندر بھی بہترین تربیت ہو رہی ہو گی۔ کیونکہ نیکیوں کو رائج کیا جا رہا ہو گا اور برائیوں سے روکا جا رہاہو گا۔ یہ نیک باتیں اور اچھی باتیں بے شمار ہیں جن کا قرآن کریم میں ذکر ہے۔ ‘‘(خطبہ جمعہ ۶؍ مئی ۲۰۰۵ء)
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس تعلیم پر دل وجان سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم نسل در نسل اس امانت کے امین بننے کا حق ادا کرنے والے ہوں۔ آمین
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ٹیکسلا۔ ایک قدیم مرکز کی تاریخ



