مسجد ناصر،گوتھن برگ، سویڈن کی پچاسویں جوبلی کے سلسلہ میں احباب جماعت کے لیے خصوصی تقریب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد ناصر، گوتھن برگ، سویڈن کی پچاسویں جوبلی کے سلسلہ میں ایک خصوصی تقریب مورخہ ۴؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو منعقد ہوئی جس میں جماعت احمدیہ سویڈن، بالخصوص جماعت گوتھن برگ کے احباب نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسجد کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔
دن کا آغاز لوائے احمدیت اور سویڈن کا پرچم لہرانے کی تقریب سے ہوا۔ لوائے احمدیت مکرم مامون الرشید صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن نے جبکہ سویڈن کا جھنڈا مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے لہرایا۔ بعد ازاں ناصرات الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ نے ترانے پیش کیے۔ مکرم رضوان سلیم صاحب صدر جماعت احمدیہ گوتھن برگ نے احباب کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کی تفصیلات بیان کیں۔

تقریب میں جماعت کے بعض بزرگ اور ابتدائی احباب بھی شامل ہوئے جنہوں نے ۲۰؍اگست ۱۹۷۶ء کو مسجد کے افتتاح میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے اپنے تجربات اور یادیں بیان کرتے ہوئے نوجوان نسل کو سویڈن میں جماعت احمدیہ کی تاریخ اور ترقی کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔
بچوں کے لیے سلائیڈز، مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ پاپ کارن اور لچھے کا انتظام کیا گیا تھا۔ احباب جماعت نے مسجد میں قائم جوبلی نمائش کا دورہ کیا جس میں سویڈن میں جماعت احمدیہ کی تاریخ اور مسجد ناصر کے سفر کو اجاگر کیا گیا۔ مرد احباب کے لیے مختلف گروپس میں باہمی تعارف اور جماعتی و معاشرتی موضوعات پر مشاورت کا بھی اہتمام کیا گیا۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مرد احباب جماعتی قبرستان میں دعا کے لیے گئے جبکہ لجنہ اماء اللہ کی مختلف جماعتوں اور گروپس نے باری باری جوبلی نمائش کا دورہ کیا۔ اس دوران بچوں کے لیے بھی مختلف سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ پروگرام کے اختتام پر عشائیہ پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تقریب نہایت کامیاب رہی۔ بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں کی شرکت نے اس دن کو یادگار بنا دیا اور نئی نسل کو جماعت کی تاریخ اور مسجد ناصر کے پچاس سالہ سفر سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملا۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو آئندہ بھی اسلام کے پُرامن پیغام کو پھیلانے اور دینی تربیت کا ذریعہ بنائے اور تمام شاملین کو اس تقریب کی برکات سے مستفیض فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ تنزانیہ کا پچپنواں(۵۵) جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء




