خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ فلپائن اور ۴۹؍ویں آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کے خلاف دارالحکومت منیلا میں سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹرمپ کی پالیسیوں اور مشرق وسطیٰ میں امریکی جنگ کے خلاف بینر اٹھا رکھے تھے۔ اجلاس کے مقام کی جانب بڑھنے کی کوشش پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ تین روزہ اجلاس میں توانائی کی سلامتی، غذائی تحفظ اور اقتصادی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔
٭…ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کے میزائل سٹی کی رونمائی خطے میں تزویراتی توازن کی تبدیلی کی علامت ہے۔ ان کے مطابق ایران اب نہ جنگ نہ امن کی کیفیت قبول نہیں کرے گا اور اسے امریکہ کے مذاکرات یا جنگ کے انتخاب سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ قالیباف نے خبردار کیا کہ امریکی جارحیت کی صورت میں جنگ کا میدان ایرانی فوج طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران کی سات شرائط تسلیم کرکے معاہدے کا راستہ اختیار کرسکتا ہے۔
٭…ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض ممالک نے اپنی فضائی حدود اور سرزمین امریکہ کو ایران پر حملوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے کر امریکی کارروائیوں میں معاونت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ممالک ایران سے ہرجانے کا مطالبہ نہیں کرسکتے بلکہ انہیں خود ایران کو ہرجانہ ادا کرنا چاہیے۔ بقائی کے مطابق امریکہ نے دو مرتبہ سفارت کاری کے نام پر ایران کو دھوکا دیا، اس لیے مذاکرات پر اعتماد مشکل ہے۔ انہوں نے ایران کے دفاع، خودمختاری اور حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
٭…ایرانی پاسداران انقلاب نے بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق الرفاع ہیلی کاپٹر بیس کے ریڈار کو چھ ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔ پاسداران انقلاب نے ان حملوں کو امریکہ کے مبینہ دشمن اقدامات کا جواب قرار دیا ہے۔ اس سے قبل بحرینی وزارت داخلہ نے خطرے کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔
٭…امریکہ میں فضائی سفر کا بحران ۱۵؍نومبر کو بھی جاری رہا۔ فضائی حدود کھلنے کے باوجود ایئرلائنز معمول کا شیڈول بحال نہ کرسکیں۔ فلائٹ اویئر کے مطابق امریکہ میں چھ ہزار ۲۲۸؍پروازیں منسوخ اور سات ہزار ۵۴۲؍تاخیر کا شکار ہوئیں۔ شکاگو، اٹلانٹا، ڈلاس، ہیوسٹن اور نیویارک کے ہوائی اڈے شدید متاثر ہوئے۔ جیٹ بلیو کی تقریباً ۴۵؍فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنسے رہے۔ حکام کے مطابق پروازوں کا مکمل شیڈول اتوار کی رات تک بحال ہونے کی توقع ہے۔
٭…اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ادارے نے صارفین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر میٹا پر ۸۰۵؍ملین یورو جرمانہ عائد کردیا، جو پاکستانی کرنسی میں ۲۴. ۵؍ارب روپے سے زائد ہے۔ رپورٹ کے مطابق فیس بک کا ایک فیچر صارفین کی اجازت کے بغیر ان کی ذاتی گیلری سے تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کر رہا تھا۔ ادارے نے میٹا کو یہ فیچر بند کرنے اور صارفین سے باقاعدہ اجازت لینے کے لیے ۶۰؍دن کی مہلت دی ہے۔ جرمانہ میٹا کی عالمی آمدنی کا تقریباً ۰ . ۴۷؍فیصد ہے۔
٭…متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ٹریفک حادثات میں ۱۴؍افراد ہلاک اور ۳۰؍زخمی ہوگئے۔ اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق جاں بحق افراد میں ۱۰؍اماراتی اور چار بھارتی شہری شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں دو پاکستانی بھی شامل ہیں۔ حادثے میں ۲۳؍گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعات شیخ خلیفہ روڈ پر مرمتی کام کے دوران پیش آئے۔ حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ایک ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے کر اس کا پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس ضبط کرلیا گیا ہے۔




