نائیجر کے علاقہ ڈوگن ڈوچی کی جماعت گوفاوا میں مسجد کی تعمیر و افتتاح
مکرم ناصر احمد صاحب مبلغ سلسلہ ڈوگن ڈوچی، نائیجر تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے دوسو ریجن کے ڈیپارٹمنٹل شہر ڈوگن ڈوچی کے قصبہ گوفاوا میں مسجد کا افتتاح مورخہ ۱۶؍اکتوبر ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک نماز جمعہ کی ادائیگی سے ہوا۔ الحمدللہ

اس علاقہ میں جماعت کا پیغام ۲۰۱۵ء میں پہنچا تھااور متعدد دیہات جو کہ گوفاوا قصبہ کے اردگرد آباد ہیں، سلسلہ احمدیہ میں شامل ہوئےتھے اور آج تک ان کی تعلیم وتربیت کے لیے جہاں مربیان اور معلّمین کے دورہ جات کا سلسلہ جاری ہے وہیں اس مسجد کا قیام ایک خاص برکت اوراہمیت کا حامل ہے کیونکہ افراد جماعت کو اس مسجد کے رنگ میں ایک مرکز مل گیا ہے جہاں مستقبل میں نہ صرف افراد جماعت کی تعلیم و تربیت کے پروگرامز بخوبی انجام دیے جاسکتے ہیں بلکہ یہ مسجد توحید الٰہی کے قیام کا بھی اہم ذریعہ رہے گی۔ ان شاءاللہ
یہ قصبہ ڈوگن ڈوچی شہر سے ۳۵؍کلو میٹر دور اس ملک کو پڑوسی ملک نائیجیریا سے ملانے والے راستے جو کہ اقتصادی سرگرمیوں اور عام آمد و رفت کی ایک اہم سڑک ہے،پر واقع ہےاور اسی اہمیت کو سامنے رکھتے ہوئے مکرم امیر صاحب کی ہدایت پر دسمبر ۲۰۲۴ء میں یہاں پرایک قطعہ زمین خریدا گیا جس پر باقاعدہ مسجد کی تعمیر کا کام مارچ ۲۰۲۶ء میں مکرم عبداللہ ثاقب صاحب مبلغ سلسلہ نے شروع کروایا جبکہ تکمیل کا کام خاکسار (مبلغ سلسلہ)کے حصہ میں آیا۔ الحمدللہ

یہ مسجد قصبہ کے بلند مقام پر واقع ہے اور اپنے خوبصورت طرز تعمیر سے ہر گزرنے والے کی نظروں کا مرکز بنتی ہے، الحمدللہ۔ مسجد کا مسقف حصہ ۶۵؍مربع میٹر ہے اور اس میں ۱۰۰؍کے قریب افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔
۱۶؍اکتوبر کو ہونے والے افتتاحی پروگرام میں جماعتی دعوت پر ڈوچی شہر کی انتظا میہ، پولیس چیف، علاقائی بادشاہ کے نمائندے اوراردگرد کے دیہات سے آئے کئی افراد جماعت نے شرکت کی۔ مکرم امیر صاحب نے خطبہ جمعہ میں مساجد کی معاشرتی ہم آہنگی کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور اسلام احمدیت کی امن اور محبت کی تعلیم کا ذکر کیا جس کے بعد مہمانوں نے اپنے تاثرات اور اختتامی کلمات میں اس کاوش کو سراہا اور جماعت کی اس علاقہ میں خدمات کا ذکر کرکے شکریہ ادا کیا۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو توحید الٰہی کے قیام اورسلسلہ کی تعلیم اور تربیت کی آماجگاہ بنائے۔ آمین
(رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ساؤتومے و پرنسپ کا تیرھواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء




