متفرق مضامین

غارِحرا میں نزولِ وحی(قسط دوم ۔ آخری)

(ابو نائل)

غامدی صاحب کے نظریات کے بارے میں چند گذارشات

اکثر لوگ ہم نے ایسے دیکھے ہیں۔ وہ یہی چاہتے ہیں کہ ایک پھونک مار کر ان کو وہ درجات دلا دیئے جاویں اور عرش تک ان کی رسائی ہو جائے۔ہمارے رسول اکرمﷺ سے بڑھ کر کون ہوگا وہ افضل البشر، افضل الرسل والانبیاء تھے جب انہوں نے ہی پھونک سے وہ کام نہیں کئے تو اور کون ہے جو ایسا کرسکے؟ دیکھو !آپ نے غارِ حرا میں کیسے کیسے ریاضات کئے۔ خدا جانے کتنی مدّت تک تضرّعات اور گریہ و زاری کیا کئے۔ تزکیہ کے لئے کیسی کیسی جانفشانیاں اور سخت سے سخت محنتیں کیا کئے جب جا کر کہیں خدا تعالیٰ کی طرف سے فیضان نازل ہوا (حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام)

دیگر مذاہب سے چند مثالیں

بنی اسرائیل کے انبیاء کے ذکر کے بعد باقی مذاہب سے چند مثالیں پیش کی جاتی ہیں اور ہم یہ جائزہ لیں گے کہ کیا ان مقدس ہستیوں نے بھی عمر کاخاطر خواہ حصہ تنہائی میں خدا تعالیٰ کی عبادت کرتے ہوئے گذارا تھا؟ زمانہ گذرنے کے بعد ان واقعات کے بیان میں بھی بہت سی مبالغہ آمیز باتیں شامل ہو گئی ہیں جو قابل قبول نہیں ہیں لیکن ان پر مجموعی نظر ڈالنے سے ایک تصویر ابھرتی ہوئی نظر آتی ہے۔یہ واقعات سب کے علم میں ہیں لیکن ان کے کچھ حوالے درج کر دیے گئے ہیں۔

سب سے پہلے بدھ مت کے بانی مہاتما بدھ کا ذکر کرتے ہیں۔ وہ نوجوانی میں ایک ریاست کے ولی عہد سدھارتھ تھے اور انہوں نے گھر والوں سے علیحدہ ہو کر جنگل میں چھ سال ریاضت کی ۔ (گوتم بدھ راج محل سے جنگل تک مصنفہ کرشن کمار نگارشات پبلشرز ۲۰۰۲صفحہ ۶۰ تا۸۹)

اسی طرح حضرت رامؑ کے بارے میں رامائن میں بیان کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایودھیا کے محل سے نکل کر چودہ برس کا بن باس لیا۔ اور ویرانوں میں سفر کرتے رہے۔(بالمیکی رامائن اردو ترجمہ کوی راج شری جے گوپال ناشر دیہاتی پشتک صفحہ ۵۷ تا ۸۵)

اسی طرح حضرت کرشن ؑ کے متعلق بیان کیا جاتا ہے کہ جب مہابھارت کی خون ریزی ختم ہوئی اور ان کا اپنا قبیلہ بھی خانہ جنگی کا شکار ہو گیا تو وہ دریا کے کنارے تنہا مراقبہ کر رہے تھے کہ ایک شکاری کا تیر لگا اور اس طرح آپؑ کی زندگی ختم ہوگئی۔(مہا بھارت : آر کے نرائن، اردو ترجمہ نعیم حسن ناشر نگارشات ۲۰۰۶صفحہ ۲۰۴)

حضرت باوا نانکؒ  گو نبی نہیں تھے لیکن جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ہے ایک خدا رسیدہ بزرگ تھے اور ایک مذہب ان کی طرف منسوب کیا جاتا ہے۔ ان کے متعلق بھی بیان کیا جاتا ہے کہ وہ دریا پر اشنان کے لیے گئےلیکن واپس نہیں آئے ۔ لوگوں نے سمجھا کہ وہ ڈوب گئے ہیں۔ لیکن تین روز بعد وہ واپس آگئے۔ اس مرحلہ کو سکھ مذہب سے وابستہ احباب گرو نانک کی اپنے رب سے ملاقات بتاتے ہیں۔ اس کے بعد یہ بیان کیا جاتا ہے کہ وہ جنگل میں رہنے لگے اور کئی روز خاموش رہے۔ اور اس کے بعد جب وہ بولے تو فرمایا کہ نہ کوئی ہندو نہ کوئی مسلمان۔ (گرو نانک۔ سوانح عمری۔ مصنفہ ھربنس سنگھ۔ ناشر نگارشات ۲۰۰۲ صفحہ ۱۱۹ تا ۱۲۰)

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی تصنیف ست بچن میں ثبوت تحریر فرمائے ہیں کہ بابا نانک صاحب نے بہت سے مسلمان بزرگوں کے مزاروں پر خلوت میں چلّہ کیا تھا اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کی تھی۔ (روحانی خزائن جلد۱۰ صفحہ ۱۸۳ تا۱۸۸)

یہ تمام حوالے ظاہر کرتے ہیں کہ بنی اسرائیل کے انبیاء کے علاوہ دوسرے مذاہب کی مقدس ہستیوں کے جو واقعات ہم تک پہنچے ہیں، ان کی رو سے بھی ان ہستیوں کی زندگیوں میں ایسا وقت آیا جب انہوں دنیا سے علیحدہ ہو کر خلوت کی زندگی اختیار کی۔ اور ان مذہبی کتب میں اس مرحلہ کو ان کی زندگیوں کےایک اہم مرحلہ کے طور پربیان کیا گیا ہے۔اس پس منظر میں عقل کی رو سے کسی بھی مذہب کی طرف سے یہ اعتراض نہیں کیا جا سکتا کہ آنحضرتﷺ نے قبل از نبوت غار حرا میں تنہائی میں خدا تعالیٰ کی عبادت کیوں کی ؟ اور نہ ہی یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپؐ نعوذُ باللہ کسی منصب کی خواہش رکھتے تھے۔

گو غامدی صاحب تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دعاوی کو تسلیم نہیں کرتے لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ جب تک اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو مامور فرماکر گوشۂ تنہائی سے باہر نہیں نکالا اس وقت تک آپؑ کی زیادہ تر عمر تنہائی میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہوئے اور مذہبی کتب کا مطالعہ کرتے ہوئے بسر ہوئی تھی۔ اور پیشگوئی مصلح موعودؓ سے قبل آپؑ نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے تحت ہوشیار پور میں چالیس روز تک خلوت میں رہ کر دعائیں کی تھیں۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے چند ارشادات

اگر غامدی صاحب ان بدعات کے بارے میں کوئی دلائل دیتے جو کہ بعض صوفی مشرب سے وابستہ لوگوں میں رائج ہیں تو یہ ایک علیحدہ بات ہوتی لیکن رسول اللہﷺ کے مبارک اسوہ کو ان باتوں سے کیا نسبت ؟ ملاحظہ فرمائیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کس توازن کے ساتھ اس مضمون کو بیان فرماتے ہیں :’’روحانیت کی نشوو نما اور زندگی کے لیے صرف ایک ہی ذریعہ خدا تعالیٰ نے رکھا ہے اور وہ اتباع رسول ہے۔ جو لوگ قلب جاری ہونے کے شعبدے لیے پھرتے ہیں، انہوں نے سنّت نبویؐ کی سخت توہین کی ہے۔ کیا رسول اللہﷺ سے بڑھ کر کوئی انسان گذرا ہے؟پھر غار حرا میں بیٹھ کر وہ قلب جاری کرنے کی مشق کیا کرتے تھے یا فنا کا طریق آپ نے اختیار کیا ہوا تھا ؟پھر آپ کی ساری زندگی میں کہیں اس امر کی کوئی نظیر نہیں ملتی کہ آپ نے صحابہ کو یہ تعلیم دی ہو کہ تم قلب جاری کرنے کی مشق کرو…۔‘‘ (ملفوظات جلد دوم صفحہ ۳۰۷ ایڈیشن ۲۰۲۲ء)

چنانچہ بدعات اَور چیز ہیں اور اپنے آپ کو خدا کی راہ میں فنا کرلینا بالکل اَور چیز ہے۔جہاں تک آنحضرتﷺ کا غار حرا کی خلوت میں عبادت کرنے کا تعلق ہے تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام اس مضمون کو ان الفاظ میں بیان فرماتے ہیں: ’’میں دیکھتا ہوں کہ گرمیوں کو بھی روحانی ترقی کے ساتھ خاص مناسبت ہے۔آنحضرتﷺ کو دیکھو آپ کو اللہ تعالیٰ نے مکہ جیسے شہر میں پیدا کیا اور پھر آپ ان گرمیوں میں تنہا غارحرا میں جا کر اللہ تعالیٰ کی عبادت کیا کرتے تھے وہ کیسا عجیب زمانہ ہوگا۔ آپ ہی ایک پانی کا مشکیزہ اٹھا کر لے کر جایا کرتے ہوں گے۔

اصل بات یہ ہے کہ جب اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک انس اور ذوق پیدا ہوجاتا ہے تو پھر دنیا اور اہل دنیا سے ایک نفرت اور کراہت پیدا ہوجاتی ہے۔بالطبع تنہائی اور خلوت پسند آتی ہے۔ آنحضرتﷺ کی بھی یہی حالت تھی۔ اللہ تعالیٰ کی محبت میں آپ اس قدر فنا ہو چکے تھے کہ آپ اس تنہائی میں ہی پوری لذت اور ذوق پاتے تھے۔ ‘‘ (ملفوظات جلد ہفتم صفحہ ۱۷۹۔۱۸۰ ایڈیشن ۲۰۲۲ء)

ایک موقع پر حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:’’خلوت میں اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی کرنے اور دعا مانگنے کا جو لُطف ہے وہ لوگوں میں بیٹھ کر نہیں ہے۔ اور بھی دعائوں کا ذخیرہ ہے۔ اسی مطلب کے واسطے میں نے باغ میں چھوٹی سی مسجد بنائی ہے جس کو مسجد البیت کہنا چاہیے۔پیغمبر خداﷺ کے حالات دو رنگ کے تھے۔ ایک ظاہر اور ایک مخفی۔ آپ کی پہلی عبادت وہی تھی جو آپ نے غارِ حرا میں کی۔ جہاں کئی کئی دن ویرانہ پہاڑی کی غار میں جہاں ہر طرح کے جنگلی جانور اور سانپ چیتے وغیرہ کا خوف ہے دن رات اللہ تعالیٰ کے حضور میں عبادت کرتے تھے اور دعائیں مانگتے تھے۔‘‘ (ملفوظات جلد ہفتم صفحہ ۱۸۲ ایڈیشن۲۰۲۲ء)

غامدی صاحب نے اپنے پروگراموں میں بار بار اس نکتہ کو اٹھایا ہے کہ مقام نبوت اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملتا ہے۔ کوئی اس کے حصول کے لیے کوشش کر کے اسے حاصل نہیں کر سکتا۔ یہ تو درست ہے کہ کوئی بھی مقام نبوت جیسے عظیم بوجھ کی خواہش کر کے پا نہیں سکتا ۔ اور کوئی بھی ذی ہوش اس عظیم بوجھ کی خواہش کر بھی نہیں سکتا۔ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے وہ جسے چاہے عطا کرتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ اس مرتبہ کے لیے کس کو منتخب فرماتا ہے؟ اس کے بارے میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں: ’’اکثر لوگ ہم نے ایسے دیکھے ہیں۔ وہ یہی چاہتے ہیں کہ ایک پھونک مار کر ان کو وہ درجات دلا دیئے جاویں اور عرش تک ان کی رسائی ہو جائے۔ہمارے رسول اکرمﷺ سے بڑھ کر کون ہوگا وہ افضل البشر، افضل الرسل والانبیاء تھے جب انہوں نے ہی پھونک سے وہ کام نہیں کئے تو اَور کون ہے جو ایسا کرسکے؟ دیکھو! آپؐ نے غار ِحرا میں کیسے کیسے ریاضات کئے۔ خدا جانے کتنی مدّت تک تضرّعات اور گریہ و زاری کیا کئے۔ تزکیہ کے لئے کیسی کیسی جانفشانیاں اور سخت سے سخت محنتیں کیا کئے جب جا کر کہیں خدا تعالیٰ کی طرف سے فیضان نازل ہوا۔‘‘ ( ملفوظات جلد ۵صفحہ۵۰۷ ایڈیشن ۱۹۸۸ء)

حضرت موسیٰ ؑ کی پہلی وحی سے موازنہ

اب ان پروگراموں کے اس حصہ کی طرف بڑھتے ہیں جو کہ خاکسار کے نزدیک سب سے زیادہ افسوسناک ہے۔ اور غامدی صاحب کی یہ بحث وہ رخ اختیار کر جاتی ہے جس میں کم از کم یہ شائبہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ بحث وہ رخ اختیار کر رہی ہے کہ جس میں رسول اللہﷺ اور آپؐ پر نازل ہونے والی وحی کی عظمت کو پیش نظر نہیں رکھا جا رہا۔ایک بار پھر یہ عرض کرنا ضروری ہے کہ کسی بھی مسلمان کے متعلق یہ گمان کرنا بہت ہی مشکل ہے کہ وہ دانستہ طور پر ایسی بات منہ پر لائے کہ جس میں رسول اللہﷺ یا قرآنی عظمت کے ادب کا خیال نہ رکھا گیا ہو لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ بہت مرتبہ بحث کے جوش میں نہ جانتے ہوئے ایسی باتیں منہ سے نکل سکتی ہیں جن پر ان باتوں کا گمان کیا جا سکتا ہے۔ غامدی صاحب پر بھی یہی حسنِ ظن ہے کہ وہ اس زاویہ سے اپنے دلائل کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔ اس سے قبل وہ کہتے ہیں کہ یہ تو طالب علمانہ سوالات تھے اب جو تفصیلات ہیں انہیں ذرا دل تھام کر سنیں۔ اور حقیقت میں جو کچھ وہ کہہ گئے اسے سن کر دل تھام لینے کی نوبت آ جاتی ہے کہ وہ حضرت موسیٰ علیہ السلام پر ہونے والی پہلی وحی اور سورۃالعلق کے مطالعہ کے بعد کس نتیجہ پر پہنچتے ہیں ۔

جس پروگرام کا حوالہ دیا جا رہا ہے اس کی دوسری قسط میں غامدی صاحب قرآن مجید کی آیات میں بیان کردہ اس واقعہ کی تفصیلات بیان کرتے ہیں جب حضرت موسیٰ علیہ السلام پر پہلی وحی نازل ہوئی۔ وہ سورت طٰہٰ کی آیت ۹ تا ۱۳ کا حوالہ دیتے ہیں۔ وَہَلۡ اَتٰٮکَ حَدِیۡثُ مُوۡسٰی۔ اِذۡ رَاٰ نَارًا فَقَالَ لِاَہۡلِہِ امۡکُثُوۡۤا اِنِّیۡۤ اٰنَسۡتُ نَارًا لَّعَلِّیۡۤ اٰتِیۡکُمۡ مِّنۡہَا بِقَبَسٍ اَوۡ اَجِدُ عَلَی النَّارِ ہُدًی۔ فَلَمَّاۤ اَتٰٮہَا نُوۡدِیَ یٰمُوۡسٰی۔ اِنِّیۡۤ اَنَا رَبُّکَ فَاخۡلَعۡ نَعۡلَیۡکَ ۚ اِنَّکَ بِالۡوَادِ الۡمُقَدَّسِ طُوًی۔ وَاَنَا اخۡتَرۡتُکَ فَاسۡتَمِعۡ لِمَا یُوۡحٰی۔ اِنَّنِیۡۤ اَنَا اللّٰہُ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّاۤ اَنَا فَاعۡبُدۡنِیۡ ۙ وَاَقِمِ الصَّلٰوۃَ لِذِکۡرِیۡ۔ (طٰہٰ:۱۰تا۱۵)ترجمہ: اور کیا موسیٰ کی سرگزشت تجھ تک پہنچی ہے۔جب اس نے آگ دیکھی تو اس نے اپنے اہل سے کہا کہ ذراٹھہرو۔میں نے ایک آگ سی دیکھی ہے۔امید ہے کہ میں تمہارے پاس اس میں سے ایک انگارہ سا لے آئوں یا اس آگ کے پاس مجھے کوئی راہنمائی مل جائے۔ پس جب وہ اس تک پہنچا تو آواز دی گئی کہ اے موسیٰ!یقیناََ میں تیرا ربّ ہوں۔ پس اپنے دونوں جوتے اتار دے یقیناََ تو طُوٰی کی مقدس وادی میں ہے۔اور میں نے تجھے چن لیا، پس تو اسے غور سے سن جو تجھے وحی کیا جاتا ہے۔یقیناََ میں ہی اللہ ہوں۔میرے سوا اور کوئی معبود نہیں۔ پس میری عبادت کر اور میرے ذکر کے لئے نماز کو قائم کر۔

پھر وہ سورت نمل کی ان آیات کا حوالہ دیتے ہیں: اِذۡ قَالَ مُوۡسٰی لِاَہۡلِہٖۤ اِنِّیۡۤ اٰنَسۡتُ نَارًا ؕ سَاٰتِیۡکُمۡ مِّنۡہَا بِخَبَرٍ اَوۡ اٰتِیۡکُمۡ بِشِہَابٍ قَبَسٍ لَّعَلَّکُمۡ تَصۡطَلُوۡنَ۔فَلَمَّا جَآءَہَا نُوۡدِیَ اَنۡۢ بُوۡرِکَ مَنۡ فِی النَّارِ وَمَنۡ حَوۡلَہَا ؕ وَسُبۡحٰنَ اللّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ۔یٰمُوۡسٰۤی اِنَّہٗۤ اَنَا اللّٰہُ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ۔وَاَلۡقِ عَصَاکَ ؕ فَلَمَّا رَاٰہَا تَہۡتَزُّ کَاَنَّہَا جَآنٌّ وَّلّٰی مُدۡبِرًا وَّلَمۡ یُعَقِّبۡ ؕ یٰمُوۡسٰی لَا تَخَفۡ ۟ اِنِّیۡ لَا یَخَافُ لَدَیَّ الۡمُرۡسَلُوۡنَ۔ اِلَّا مَنۡ ظَلَمَ ثُمَّ بَدَّلَ حُسۡنًۢا بَعۡدَ سُوۡٓءٍ فَاِنِّیۡ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ۔(النمل : ۸ تا ۱۲) ترجمہ: (یادکر) جب موسیٰ نے اپنے گھر والوں سے کہا کہ میں ایک آگ دیکھ رہا ہوں۔پس میں تو یا اس کے پاس سے تمہارے پاس کوئی خبر لائوں گا یا تمہارے پاس کوئی سلگتا ہوا انگارہ لے آئوں گا تا کہ تم آگ تاپو۔پس جب وہ اس کے پاس آیا تو نِدا دی گئی کہ برکت دیا گیا ہے جو اس آگ میں ہے اور وہ بھی جو اس کے ارد گرد ہے۔ اور پاک ہے اللہ تمام جہانوں کا ربّ۔اے موسیٰ یقیناََ (یہ کلام کرنے والا ) میں ہی اللہ ہوں۔ کامل غلبہ والا( اور )حکمت والا۔ اور اپنا عصا پھینک۔ پس جب اس نے اسے دیکھا کہ ایسے حرکت کر رہا ہے جیسے وہ ایک سانپ ہو تو وہ پیٹھ پھیرتے ہوئے مڑ گیا اور پلٹ کر بھی نہ دیکھا۔ اے موسیٰ! ڈر نہیں۔ یقیناً مَیں وہ ہوں کہ میرے قرب میں پیغمبر ڈرا نہیں کرتے۔

یہ آیات بیان کر کے غامدی صاحب بار بار یہ کہتے ہیں کہ پیغمبر پر پہلی وحی ایسی ہی ہونی چاہیے۔ یہ حُسنِ بیان دیکھیے۔ سب سے پہلے یہ بتایا جا رہا ہے کہ تمہیں منتخب کر لیا گیا ہے۔کیا شان ہے، کیا جلال ہے، کس طرح کی فضا ہے۔شان دیکھیے۔ کیا چیز ہے یہ کلام۔ تسلّی، اطمینان، یقین کی فضا۔ اس میں خطاب کیا گیا ہے۔یہ ماحول تھا۔ یہ الفاظ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے اس طرح تسلّی دی۔ معجزات دیے اور پھر ان سے کہا کہ میں نے تمہیں پیغمبر کی حیثیت سے منتخب کر لیا ہے۔اس میں بھی دیکھیے کیا شان ہے۔ اس کے الفاظ دیکھیے۔ اس کی ہدایات دیکھیے۔ وہاں جو صورت حال ہے وہ بالکل مطابقِ حال ہے۔ پیغمبر کو ایسے ہی ہدایت کرنی چاہیے۔یہی صورت پیش آنی چاہیے ۔ یہی وحی ہونی چاہیے یا اس سے ملتی جلتی کوئی چیز ہونی چاہیے۔یا پہلے بتایا جانا چاہیے کہ تمہیں کیا منصب دیا جا رہا ہے۔کیا ذمہ داری دی جا رہی۔پھر بتایا جا رہا ہے کہ میرے حضور پیغمبر ڈرا نہیں کرتے۔

پھر سورۃ العلق کی ابتدائی آیات کا حوالہ دیتے ہیں کہ اس کا موازنہ حضرت موسیٰ ؑ کی وحی سے کرکے دیکھیں اس میں وہ بات نظر نہیں آتی۔کیا اس میں پیغمبر کو کوئی ہدایات دی گئی ہیں یا قریش کو مخاطب کیا گیا ہے۔ عمومی طور پر روایتوں میں یہی بیان کیا گیا ہے کہ سورت علق کی پہلی پانچ آیات پہلے نازل ہوئی تھیں۔لیکن غامدی صاحب یہی اصرار کرتے ہیں کہ ساری سورت یہی ظاہر کر رہی ہے کہ یہ ایک ساتھ نازل ہوئی تھی۔اور اس کی تائید میں وہ اپنے استاد امین اصلاحی صاحب کا بھی ایک حوالہ پیش کرتے ہیں۔چونکہ حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی تفسیر کبیر میں قرآن کریم کی آیات اور سورتوں کی ترتیب کے بارے بہت تفصیلی بحث کی گئی ہے اس لیے اس بحث کو یہاں بیان نہیں کیا جائے گا۔ بہرحال غامدی صاحب بار بار یہی اصرار کرتے رہے کہ اس میں وہ انداز نہیں نظر آتا جو کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی وحی میں نظر آتا ہے۔ یعنی نہ نبی کا منصب بیان کیا گیا ہے اور آپؐ لرزتے ہوئے، کانپتے ہوئے واپس آئے۔آکر یہ کہا کہ مجھے کچھ اوڑھا دو۔ وہاں لوگ تھے، انہوں نے آپؐ کے اوپر چادر ڈال دی۔یہاں تک کہ وہ جو خوف کی کیفیت تھی دور ہو گئی۔اس کے بعد جب سنبھلے تو کہا کہ خدیجہ یہ کیا ہوا میرے ساتھ؟کیا حادثہ ہو گیا ہے؟اور ان کو یہ پوری بات سنائی۔اور یہ بھی فرمایا کہ مجھے تو اپنی جان کا خوف ہو گیا ہے۔یعنی اس سے اندازہ کر سکتے ہیں کہ کیا صورت حال ہے۔کوئی یقین نہیں۔ اضطراب کی کیفیت ہے۔ خوف زدہ ہیں۔کانپتے لرزتے ہوئے واپس آئے ہیں۔اور اب بھی یہ معلوم ہوتا کہ کوئی یقین نہیں کہ جبرائیل سے ملاقات ہوئی ہے۔اللہ تعالیٰ نے انتخاب کر لیا۔ مجھ پر اس طرح وحی کی گئی ہے۔ یہ معلوم ہوتا ہے کہ کوئی حادثہ ہو گیا ہے۔جس کی اطلاع اپنے گھر والوں کو دے رہے ہیں۔ مجھے تو اپنی جان کا خوف لاحق ہے۔پھر رسول اللہﷺ کو ساتھ لے کر خدیجہ گئیں۔ یعنی وہ لے کر رسالت مآبﷺ کو کن کے پاس گئیں یعنی ورقہ بن نوفل کے پاس گئیں۔ (https://www.youtube.com/watch?v=15y9kqvjl-8)

نہ معلوم غامدی صاحب نے یہ نتیجہ کس طرح اخذ کرلیا کہ سورۃ العلق کی ابتدائی آیات میں وہ شان نہیں پائی جاتی جو کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی پہلی وحی میں پائی جاتی تھی۔ہم اس مرحلہ پر ان کے دو نکات کا تجزیہ کریں گے۔

۱۔سورۃالعلق کی پہلی پانچ آیات میں نبی اکرمﷺ کا منصب اور مشن واضح کرکے کیوں نہیں بیان کیا گیا؟جبکہ حضرت موسیٰ ؑکی پہلی وحی میں ان کا مشن اللہ تعالیٰ کی طرف سے بیان کردیا گیا تھا۔

۲۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو پہلی وحی میں اطمینان دلایا گیا تھا کہ میرے حضور میرے رسول ڈرا نہیں کرتے لیکن اس روایت کے مطابق پہلی وحی کے بعد رسول اللہﷺ پر خشیت کی کیفیت طاری تھی اور آپؐ اطمینان کی کیفیت میں نہیں تھے۔

پہلے نکتہ کے بارے میں سب سے پہلے یہ آیت کریمہ پیش کرنا ضروری ہے: وَقَالَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا لَوۡلَا نُزِّلَ عَلَیۡہِ الۡقُرۡاٰنُ جُمۡلَۃً وَّاحِدَۃً ۚۛ کَذٰلِکَ ۚۛ لِنُثَبِّتَ بِہٖ فُؤَادَکَ وَرَتَّلۡنٰہُ تَرۡتِیۡلًا۔ (الفرقان: ۳۳)ترجمہ: وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا وہ کہیں گے کہ اس پر قرآن یک دفعہ کیوں نہیں اتارا گیا۔اسی طرح (اتارا جاناتھا) تاکہ ہم اس کے ذریعہ تیرے دل کو ثبات عطا کریں اور (اسی طرح) ہم نے اسے بہت مستحکم اور سلیس بنایا ہے۔

اس آیت کریمہ میں یہ بیان کیا گیا کہ کفار یہ اعتراض کر رہے ہیں کہ اس پیغمبر پر یہ ساری تعلیم ایک مرتبہ میں ہی کیوں نہیں اتاری گئی۔ اور اللہ تعالیٰ نے کتنا واضح بیان کیا ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی حکمت کے خلاف تھا۔ یہ کوئی اتفاق نہیں ہےکہ ایک دو مرتبہ نہیں بلکہ ہزاروں مرتبہ جماعت احمدیہ کے مخالفین نے یہی اعتراض حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر کیا کہ آپؑ نے اپنے تمام دعاوی رفتہ رفتہ کیوں بیان کیے اور ایک ساتھ کیوں نہ یہ تمام دعاوی پیش کردیے۔ اور اب یہی خلش آنحضرتﷺ کی پہلی وحی کے بارے میں پیدا ہو گئی اور اس کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔غامدی صاحب ان آیات پر غور فرمائیں، جن آیات کو غامدی صاحب پیش کر رہے ہیں ان میں بھی حضرت موسیٰؑ کا مشن بیان نہیں کیا گیا۔سورت طٰہٰ کی ان آیات کے بعد کی آیات میں تو صرف یہ بیان کیا گیا ہے کہ تم سرکش فرعون کے پاس چلو کہ وہ بنی اسرائیل کو تمہارے ساتھ بھیج دے۔ یہ تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے عہد نبوت کا ابتدائی کام تھا۔ اس کے بعد آپؑ نے بنی اسرائیل کی اصلاح کرنی تھی اور انہیں اللہ تعالیٰ کی شریعت پر کاربند کرنا تھا اور کئی دہائیوں کی جد و جہد سے گزار کر ارضِ موعود کی طرف لے کر جانا تھا۔ یہ سب کام تو اس سورت کے مطابق پہلی وحی میں بیان نہیں کیے گئے۔اسی طرح غامدی صاحب نے سورت نمل کی آیات ۹ تا ۱۳ جو پیش کی ہیں ان میں بھی ان امور کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

پہلی وحی میں قلم سے علم سکھانے کا ذکر کیوں؟

یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ حضرت موسیٰ ؑ کو تو پہلی وحی میں نشانات دیے گئے تھے۔ غامدی صاحب سورۃ العلق پر غور فرمائیں کہ اس انسان کو قلم سے علم سکھانے کا ذکر کیا گیا ہے۔ اور اس میں یہ نشان تھا کہ اب تحریری طور پر علم کی ترویج ہوگی اور آئندہ جو بھی مذہبی معرکے ہوں گے وہ علمی بنیادوں پر ہوں گے۔اس دَور میں کسی دہریہ یاکسی مشرک کے سامنے ید بیضا اور عصائے موسیٰ کے معجزے نہیں پیش کیے جا سکتے تھے۔ وہ ان کو سن کر یہی کہے گا کہ یہ تو پرانے زمانے کے بنائے ہوئے قصے ہیں۔ لیکن ان کے سامنے قرآن کریم کی پیشگوئیاں اور علمی معجزے آج بھی پیش کئے جا سکتے ہیں۔قرآن کریم کے علمی معجزے تو علیحدہ مضمون ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ پندرہویں صدی میں یورپ میں پریس کا آغاز ہوا ۔ اس کے بعد کتب کے ذریعہ علمی ترقی کا تو گویا ایک طوفان آگیا۔ اس کا موازنہ تو پہلے کی صدیوں سے ہو ہی نہیں سکتا ۔ یہ آیت کریمہ تو بہت پہلے ساتویں صدی عیسوی میں نازل ہوئی تھی۔ لیکن یورپی محققین نے خود ثابت کیا ہے کہ یورپ میں اس صدی میں ہاتھ سے لکھے گئے مسودے چھٹی صدی سے کم تھے لیکن اس کے بعد اس میں تیزی سے اضافہ ہوتا گیا۔ ایک تخمینہ کے مطابق یورپ میں ساتویں صدی میں ہاتھ سے لکھے ہوئے تقریباََ دس ہزار مسودے تحریر کئے گئے تھے۔ اور اگلی صدی میں یہ تعداد چالیس ہزار سے تجاوز کر گئی۔ نویں صدی میں یہ تعداد دو لاکھ تک پہنچ گئی۔اور پندرہویں صدی میں پریس کے آغاز سے قبل یورپ میں ہاتھ سے لکھے ہوئے مسودے پچاس لاکھ کے قریب تھے۔ غور فرمایئے کہ کہاں دس ہزار کی تعداد جو گذشتہ صدی سے بھی کم تھی اور کہاں پچاس لاکھ۔ اور پھر پریس کی ایجاد کے ساتھ تو یہ منظر بالکل بدل گیا اور مختلف علوم کی ترقی کا وہ دَور شروع ہوا جو پہلے کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔ علم کے ایسے نئے نئے میدان سامنے آئے جو پہلے کسی کے واہمے میں بھی نہیں آسکتے تھے۔ اسی لیے قرآن مجید کے نزول کا آغاز اس حقیقت سے کیا گیا کہ اس ربّ کے نام کے ساتھ پڑھ جس نے انسان کو قلم کے ذریعہ وہ علم سکھایا جو کہ وہ پہلے نہیں جانتا تھا۔ کیونکہ اب انسانی تاریخ کا علمی انقلاب شروع ہونے والا تھا۔اور مذہبی ترویج بھی علمی بنیادوں پر ہونی تھی۔نیچے حوالہ درج کر دیا گیا ہے۔ (The Journal of Economic History , Volume 69 , Issue 2 , June 2009 , pp. 409 – 445)

یہ فقط بے چینی تھی کہ احساس ذمہ داری

اب ہم دوسرے نکتے کی طرف آتے ہیں کہ غامدی صاحب کے نزدیک پہلی وحی کے وقت حضرت موسیٰؑ کو تو اطمینان دلایا گیا۔ وہاں تو یقین کی کیفیت نظر آتی ہے۔ اور اللہ تعالیٰ نے ان سے فرمایا کہ میرے حضور میرے رسول ڈرا نہیں کرتے۔ لیکن دوسری طرف آنحضرتﷺ نہایت پریشانی کے عالم میں غار حرا سے واپس آتے ہیں اور اس کیفیت میں تھے کہ آپؐ کے کندھے کانپ رہے تھے۔بات یہ ہے کہ جتنا کسی شخص کو عرفان حاصل ہو گا وہ اُتنا ہی اس قسم کی عظیم ذمہ داری کے سپرد ہونے کے وقت خدا تعالیٰ کے خوف سے کانپ اٹھے گا۔ حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ اس بارے میں تحریر فرماتے ہیں: ’’اس سوال کا جواب یہ ہے کہ گھبرانا اور خشیت علی نفسی کہنا تو اس وجہ سے تھا کہ ہر انسانِ کامل کے اندر یہ احساس ہوتا ہے کہ میں اپنے فرض کو ادا کر سکوں گا یانہیں۔ جو شخص چھچھورا ہوتا ہے یا ادنیٰ طبقہ سے تعلق رکھنے والا ہوتا ہے اُس کے سپرد جب کوئی کام کیا جاتا ہے تو بغیر اس کے کہ وہ عواقب پر نگاہ دوڑائے اور اپنے کام کی اہمیت کو سمجھے کہہ دیتا ہے کہ اس کام کی کیا حقیقت ہے میں اسے فوراًکرلوں گا۔ لیکن عقلمند انسان کی یہ حالت ہوتی ہے کہ اس کے دل میں فوراً گھبراہٹ پیدا ہونی شروع ہو جاتی ہے کہ نہ معلوم میں اپنے فرض کو ادا کر سکوں گا یا نہیں۔ قابل اور نا قابل میں یہی فرق ہوتا ہے کہ قابل کو فوراً اپنے کام کا فکر پڑ جاتا ہے مگر نا قابل کو کوئی احساس نہیں ہوتا۔ وہ سمجھتا ہے کہ کام بالکل آسان ہے۔ میں سمجھتا ہوں موجودہ جنگ میں ہی جو کام جنرل الیگزنڈر یا جنرل منٹگمری یا لارڈ مائونٹ بیٹن کے سپرد کیا گیا ہے اگر یہی کام کسی ہندوستانی صوبیدار کے سپرد کیا جاتا اور اس سے پوچھا جاتا کہ کیا تم فوجوں کی کمان کر سکو گے ؟ تو بغیر سوچے سمجھے وہ فوراًجواب دے دیتا کہ میں اس کام کو اچھی طرح سرانجام دے سکوں گا۔ مگر یہ وہ لوگ تھے جن کے سپرد جب کام ہوا تو ذمہ داری کا احساس رکھنے کی وجہ سے اُن کے دلوں میں خوف پیدا ہوا کہ نا معلوم ہم اپنے فرائض کو کماحقہ ادا کر سکیں گے یا نہیں۔پس کسی کام کے سپرد ہونے پر دل میں گھبراہٹ پیدا ہونا علم کامل کی علامت ہوتی ہے نہ اس بات کی علامت کہ وہ کام کی اہلیت نہیں رکھتا۔‘‘ (تفسیر کبیر جلد۱۳ صفحہ۳۳۷)

غامدی صاحب کا یہ کہنا بھی درست نہیں کہ پہلی وحی کے بعد حضرت موسیٰ علیہ السلام کو کوئی گھبراہٹ پیدا نہیں ہوئی اور وہ مکمل اطمینان میں تھے۔ سورت نمل میں دیکھ لیں۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو علم تھا کہ اللہ تعالیٰ کے معجزہ کے تحت ان کا عصا سانپ بن گیا ہے لیکن اس الٰہی نشان کی دہشت ایسی تھی کہ وہ پلٹ کر بھاگ پڑے اور مڑ کر نہیں دیکھ رہے تھے۔ ورنہ ایک عام انسان بھی جب سانپ کو دیکھتا ہے تو وہ پیچھے ضرور ہٹتا ہے لیکن پھر کوئی چیز پکڑ کر اسے مارنے کی فکر کرتا ہے۔حضرت موسیٰ ؑ نے بھی بار بار عذر پیش کیے کیونکہ آپؑ کو اپنے کام کی عظمت کا احساس تھا۔ پہلی وحی کے بعدآپؑ نے یہ کہا کہ ان کی طرف سے مجھ پر قتل کا الزم ہے، مجھے خوف ہے کہ مَیں قتل کر دیا جائوں گا۔ اور پھر کہا کہ میرا بھائی ہارون ؑ مجھ سے زیادہ فصیح ہے اسے میرے ساتھ بھیج دے۔ پھر عرض کی مَیں ڈرتا ہوں کہ مَیں جھٹلا دیا جائوں گا۔ (القصص ۳۴ و ۳۵) جبکہ آنحضرتﷺ کا کام وسعت اور عظمت کے اعتبار کے لحاظ سے حضرت موسیٰؑ کے کام سے بہت بڑا تھا تو ظاہر ہے کہ اس کے نتیجے میں آپؐ کے دل میں خشیت بھی زیادہ پیدا ہونی تھی۔

یہ رؤیا تھی

آخر میں غامدی صاحب صحیح بخاری کی کتاب التعبیر میں ایک روایت کے آخری اور علیحدہ حصہ کی طرف توجہ دلاتے ہیں۔ یہ کتاب التعبیر کی پہلی حدیث ہے۔ لیکن ذرا غور فرمائیں کہ اس روایت میں حضرت عائشہؓ کی بیان کردہ حدیث کی عبارت کے بعد’ بلغنا‘ کے الفاظ سے ایک اَور عبارت شروع ہوتی ہے جو کہ اصل حدیث کا حصہ نہیں ہے اور راوی یہ بیان کر رہا ہے کہ ہم تک یہ بات بھی پہنچی ہے۔ اور وہ عبارت یہ ہے کہ جب وحی میں وقفہ آگیا تو آنحضرتﷺ کو اتنا غم تھا کہ انہوں نے اپنے آپ کو پہاڑی سے نیچے گرانا چاہا۔ تو جبرائیل سامنے آگئے اور کہا کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں۔ اور ایسا کئی مرتبہ ہوا۔ اوّل تو یہ سوال اٹھتا ہے کہ اگر پریشانی اس بات کی تھی کہ جبرائیلؑ نازل نہیں ہو رہے تو جبرائیلؑ نظر آنے کے بعد یہ پریشانی فوری طور پر دُور ہوجانی چاہیے تھی۔ لیکن غامدی صاحب کی یہ بات بالکل درست ہے کہ روایت کا یہ غیر مستند حصہ آنحضرتﷺ کی شان سے مطابقت نہیں رکھتا اور اس کی سند بھی بیان نہیں کی گئی۔پہلے یہ بات قابل توجہ ہے کہ حضرت عائشہؓ کی یہی روایت صحیح بخاری کی کتاب الوحی میں بھی درج ہے۔ اس میں یہ حصہ شامل نہیں ہے۔اور صحیح مسلم کی کتاب الایمان کے باب بدء الوحی الی رسول اللّٰہﷺ میں بھی یہ روایت درج ہے اور اس میں بھی یہ حصہ شامل نہیں۔ اس کے بارے میں حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ تحریر فرماتے ہیں:’’مسند احمد بن حنبل اور بخاری کی حدیث کو یوں بھی حل کیا جا سکتا ہے کہ بعض دفعہ خواب کا لفظ نہیں بولا جاتا جیسے حضرت یوسف علیہ السلام کے واقعہ میں قرآن کریم حضرت یوسف علیہ السلام کی رؤیا کی نسبت فرماتا ہے کہ یوسف نے اپنے باپ سے کہا : اِنِّیْ رَاَیْتُ اَحَدَ عَشَرَ كَوْكَبًا وَّ الشَّمْسَ وَ الْقَمَرَ رَاَیْتُهُمْ لِیْ سٰجِدِیْنَ (یوسف:۵) کہ میں نے گیارہ ستاروں اور سورج اور چاند کو دیکھا ہے کہ وہ مجھے سجدہ کر رہے ہیں۔ یہاں خواب کا کوئی لفظ نہیں صرف اتنا ذکر ہے کہ میں نے دیکھا۔‘‘ ( تفسیر کبیر جلد۱۳ صفحہ۳۳۵)

پھر آپؓ تحریر فرماتے ہیں : ’’اصل بات یہ ہے کہ چونکہ رسول کریمﷺ کے دل میں بار بار یہ خیالات اٹھتے تھے کہ مَیں اتنا بڑا کام کیسے کرسکوں گا ایسا نہ ہو کہ میں خدا تعالیٰ کی ناراضگی کا مورد بن جائوں۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کے ان خیالات کو کشفی صورت میں اس رنگ میں ظاہر کیا کہ آپ پہاڑ کی چوٹیوں سے اپنے آپ کو نیچے گرانا چاہتے ہیں مگر فرشتہ آواز دیتا ہے’ یا محمّد انّک رسول اللّٰہ حقاً‘ اے محمدﷺ آپ تو اللہ تعالیٰ کے سچے رسول ہیں آپ اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ …اگر کوئی شخص دیکھے کہ وہ پہاڑ سے گرنے لگا تھا مگر فرشتہ نے اس سے کہا کہ گھبراتے کیوں ہو تو اس کے معنے یہ ہوں گے کہ وہ کوئی بڑا کام کرنے والا ہے جس میں بظاہر تباہی ہوگی مگر وہ تباہ نہیں ہوگا بلکہ کامیاب و با مراد ہوگا۔‘‘ (تفسیر کبیر جلد ۱۳ صفحہ۳۴۱)

آخر میں غامدی صاحب کے نظریات کے بارے میں یہ عرض کرنا ضروری ہے کہ جب کسی تاریخی واقعہ پر تحقیق بیان کی جا رہی ہو تو اس کی بنیاد صرف خیالات یا نظریات نہیں ہوتے بلکہ ٹھوس تاریخی شواہد کو سامنے رکھنا چاہیے۔ اور تمام روایت کو سامنے رکھ کر پھر کوئی نتیجہ نکالنا چاہیے۔ بد قسمتی سے پرانے علماء نے شان نزول کی بحثوں میں پڑ کر بہت سی قرآنی آیات کے وسیع مفہوم کو بہت محدود انداز میں سمجھ لیا تھا۔ بظاہر غامدی صاحب بھی اسی رَو سے متاثر ہو کر سورۃ العلق میں بیان کردہ مضامین کی وسعت پر نظر کرنے کی بجائے یہ سمجھ رہے ہیں اور اس کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس سورت میں صرف قریش کو مخاطب کیا گیا ہے اور ان کے رویے زیر بحث ہیں۔ حالانکہ اس میں یہ اعلان کیا جا رہا ہے کہ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت علق کی ابتدائی حالت سے ترقی دے کر ایک انسان کو پیدا کرتی ہے اسی طرح اب قلم کے ذریعہ انسان کو وہ بے شمار علوم سکھائے جائیں گے جن سے پہلے وہ واقف تک نہیں تھا۔ اور ان آیات کے نزول سے اب تک کی انسانی تاریخ گواہ ہے کہ ایسا ہی ہوا۔ اور نسل انسانی کا ایک علمی دَور شروع ہوا جو کہ اب تک روزانہ نئے نئے نظارے ہمیں دکھا رہا ہے۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: غارِحرا میں نزولِ وحی(قسط اوّل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button