خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے قائم عارضی جیٹی خراب موسم کے باعث ہٹا دی گئی۔امریکی حکام کے مطابق غزہ میں جیٹی دوبارہ امداد شروع ہونے پر لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔دوسری جانب اسرائیل نے مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع کی منظوری دے دی۔ مصر اور قطر نے مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع کی مذمت کی ہے۔اسرائیلی منصوبے میں فلسطینی اتھارٹی کے خلاف اقدامات اور ہزاروں نئے ہاؤسنگ یونٹس کے لیے ٹینڈرز کا اجرا بھی شامل ہے۔
٭…امریکی محکمہ خارجہ نے بین الاقوامی مذہبی آزادی پر سالانہ رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں بھارت اور پاکستان میں مذہبی آزادی کے حوالے سے ذکر شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں مسلم اور مسیحی برادری کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔بھارت میں مسیحی اور مسلمانوں کو زبردستی مذہب تبدیل کرنے پر پابندی کے قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا۔ بھارت میں اقلیتی گروہوں کے اراکین کو جھوٹے، من گھڑت الزامات پر ہراساں کیا گیا، بھارت میں مسیحی برادری کے خلاف پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ۲۰۲۳ء میں سولہ افراد کو ان کے عقیدے کی وجہ سے قتل کیا گیا، مسلح فرقہ پرست گروہ مذہبی اجتماعات اور عمارتوں کے خلاف پر تشدد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گذشتہ برس پاکستان میں ۳۲۹؍افراد پر توہین مذہب کا الزام لگایا گیا، پاکستان میں سوشل میڈیا پر توہین مذہب کے الزام میں ۱۴۰؍افراد کو گرفتار کیا گیا اور ۱۱؍کو سزائے موت سنائی گئی۔ مسلح فرقہ پرست گروہ مذہبی اجتماعات اور عمارتوں کے خلاف پر تشدد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے حکومتی درخواست پر ۷۱؍ہزار سے زائد یو آر ایلز بلاک کیے۔ اگست میں سینیٹ نے قانون سازی منظور کی، جس میں توہین مذہب کی سزا میں اضافہ کیا گیا۔
٭…غیرملکی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈز کے وزیراعظم مارک روٹ نیٹو کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔مارک روٹ یکم اکتوبر سے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے، وہ روسی صدر ویلادی میر پیوٹن کے ناقد اوریوکرین کے صدر کے حامی رہے ہیں، ان کے امریکہ اور یورپی یونین کے راہنماؤں سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔۵۷؍سالہ مارک روٹ چودہ سال تک ڈچ وزیراعظم رہے جبکہ نیٹو کے موجودہ سیکرٹری جنرل سٹولٹن برگ تقریباً ایک دہائی تک عہدے پر برقرار رہے۔مارک روٹ کا کہنا ہے کہ روس کا مقابلہ کرنے کے لیے نیٹو کو طاقتور ہونا چاہیے۔سٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ مارک روٹ مضبوط راہنما ہیں، نیٹو کو اچھے ہاتھوں میں چھوڑ کر جارہا ہوں۔
٭…جنوبی امریکی ملک بولیویا میں فوجی بغاوت کی کوشش عوام نے ناکام بنادی۔ بغاوت کے الزام میں ایک فوجی جنرل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، فوج نے صدارتی محل، متعدد سرکاری عمارتوں اور دارالحکومت میں سینٹرل سکوائر پر قبضہ کیا تھا۔ صدر کی اپیل پر عوام سڑکوں پر نکل آئے تھے اور فوج کو واپس جانے پر مجبور کردیا تھا۔صدر لوئس آرس نے بغاوت کی کوشش ناکام بنانے پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اور اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر غیر متحرک ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ اور کہا کہ بولیویا کے عوام کو اس بغاوت کے خلاف اور جمہوریت کے حق میں خود کو متحرک اور منظم کرنے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب امریکہ نے بھی اس ساری صورتحال کا بغور جائزہ لیا اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فریقین تحمل کامظاہرہ کریں۔
٭…جرمنی میں شہریت کا ایک نیا قانون نافذ کر دیا گیا ہے۔ جرمنی میں شہریت سے متعلق اصلاحات ۲۷؍جون سے نافذ العمل ہوں گی۔ جرمن شہریت چاہنے والوں کو اب اسرائیل کی حمایت کرنا ہوگی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہریت کے نئے قانون کے تحت اب جرمن شہریت کے خواہش مند افراد کو یہ لکھ کر دینا ہوگا کہ اسرائیلی ریاست کو وجود کا حق حاصل ہے۔جرمن وزارت داخلہ نے تصدیق کی کہ ملکی شہریت کےلیے اب یہ ضروری ہوگا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نئے ٹیسٹ سوالات میں اسرائیل کے ریاست کے وجود کا حق اور جرمنی میں یہودی زندگی جیسے موضوعات کو شامل کیا گیا ہے۔
٭…ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور ویسٹ انڈیزمیں منعقدہ نواں ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ بھارت کے نام ہوا۔ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۴ء میں ایک اعصاب شکن فائنل مقابلے میں بھارت نےجنوبی افریقہ کوسات رنز سے شکست دے کر سترہ سال بعد دوسری مرتبہ ٹی ٹوینٹی چیمپئن بننے کا اعزازحاصل کرلیا۔بھارت کی طرف سے اپنا آخری ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے مایہ نازکھلاڑی ویرات کوہلی(Virat Kohli)میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جسپریت بمرا(Jasprit Bumrah)نے حاصل کیا جنہوں نے ورلڈکپ میں اپنی بے مثال گیندبازی کا جادو جگایا۔ بمرا نے آٹھ میچز میں۸.۲۶؍کی اوسط اورصرف ۴.۱۷؍رنزفی اوورکے حساب سے پندرہ وکٹیں حاصل کیں۔اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ۲۸۱؍رنزبنانے کااعزازافغانستان کے رحمان اللہ گرباز(Rahmanullah Gurbaz) کوحاصل ہوا۔