سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جامعہ احمدیہ یوکے اور کینیڈا کے شاہدین کے اجتماعی کانووکیشن میں بابرکت شمولیت۔
تقسیمِ اسناد اور زّریں نصائح پر مشتمل خطاب۔
جامعہ احمدیہ یو کے کے 17 جبکہ کینیڈاکے 8شاہدین نے اس تقریب میں اپنے پیارے امام کے دستِ مبارک سے ’شاہد‘ کی اسناد حاصل کرنے کی سعادت حاصل کی۔
لندن 16؍ جنوری 2016ء(نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے مورخہ 16؍ جنوری2016ء کو جامعہ احمدیہ یوکے کے چوتھے جبکہ جامعہ احمدیہ کینیڈا کے چھٹے کانووکیشن کو رونق بخش کر پچیس شاہدین کو اپنے دستِ مبارک سے اسناد عطا فرمائیں۔ دونوں جامعات کے اجتماعی کانووکیشن کی یہ پُر مسرّت اور بابرکت تقریب جامعہ احمدیہ یوکے کی عمارت واقع Haslemere, Surrey میں منعقد ہوئی۔ خوش نصیب شاہدین کو اسناد عطا فرمانے کے بعد حضورِ انور
ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک ایمان افروز اور مشعلِ راہ خطاب سے نوازا۔ اس خطاب میں حضورِ انور ایّدہ اللہ نے جامعہ سے فارغ التحصیل مربّیان و مبلغینِ کرام کو خصوصاً جبکہ میدانِ عمل میں خدمات بجا لانے والے مبلّغین و مربیان کو عمومًاقرآنِ کریم، احادیثِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم و ارشادات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے حوالہ سے زرّیں نصائح سے نوازا۔تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔ خطاب کے بعدان خوش نصیب طلباء نے اپنے پیارے امام کی معیت میں گروپ فوٹو ز بنوائیں۔ نمازِ ظہر و عصر کے بعد تمام حاضرین حضور انور کی بابرکت معیت میں ظہرانہ میں شامل ہوئے۔
(تقریب کی تفصیلی رپورٹ اور حضورِ انور ایّدہ اللہ کے خطاب کا مکمل متن آئندہ کسی اشاعت میں شائع کیا جائے گا۔ انشاء اللہ)



