ایشیا (رپورٹس)

مرکز احمدیت قادیان دارالامان میں ۱۳۰ ویں جلسہ سالانہ کا، کامیاب و بابرکت انعقاد

٭… آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ دنیا میں ہر جگہ جلسے منعقد ہو رہے ہیں اور جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا تھا، قومیں اس میں شامل ہو رہی ہیں

اِس وقت کی اطلاع کے مطابق ۳۷؍ملکوں کی نمائندگی ہے، یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ جلسہ خدا تعالیٰ کی خاص تائید اپنے ساتھ لیے ہوئے ہے

جو لوگ اپنی روحانی، اخلاقی بہتری اور ترقی کی طرف توجہ نہیں دیتے، وہ اس کی برکات سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہم سے جو عہد بیعت لیا ہے، اس کی ہر احمدی کو ہر وقت جگالی کرتے رہنا چاہیے

ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اس جلسہ کی برکات سے وہ شخص فائدہ اٹھائے گا جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے کیے ہوئے اپنےعہد بیعت پر قائم ہوگا

ہر وقت عہدبیعت سمجھنے اور دوہرانے کے لیے شرائط بیعت کو سامنے رکھیں، یا ایسی جگہ پر رکھیں جہاں نظر پڑتی رہے

لوگ بہت ساری چیزیں فریم لگاکر رکھتے ہیں یہ بھی فریم لگا کر رکھ لیں اس سے فائدہ ہی ہوگا

اخلاق اور اعمال میں ترقی کریں اور تقویٰ اختیار کریں تاکہ

بیعت کا حق اور اس کے مقاصد کو پورا کرنے والے بنو، نمازوں میں عاجزی ہو، تہجد ادا کرو، خدا تعالیٰ عاجز اور متقی کو ضائع نہیں کرتا

MTA انٹرنیشنل کے ذریعہ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا اسلام آباد یوکے سے براہِ راست جلسہ سالانہ قادیان سے بصیرت افروز اختتامی خطاب

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ قادیان مورخہ ۲۶، ۲۷ و ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء بروز جمعہ، ہفتہ و اتوار، قادیان دارلامان کی مقدس بستی میں منعقد ہو کر بخیر وخوبی اختتام پذیر ہوا۔ جلسہ سے کئی روز پہلے سے ہی اندرون و بیرون ملک سے مہمانان قادیان دارالامان کی مقدس بستی میں آنا شروع ہوگئے اور قادیان دارالامان کی رونقوں میں اضافہ کرنے لگے۔ نظامت روشنی کی طرف سے بھی بہت پہلے ہی دارالمسیح، منارةالمسیح اور لنگر خانہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بجلی کے قمقموں سے سجایا گیا۔ اس طرح قادیان کی بستی اپنی باطنی جگمگاہٹ کے ساتھ ظاہری طور پر بھی جگمگا اُٹھی۔ قادیان کی گلیوں اور سڑکوں کو بھی روشن کیا گیا۔ ۲۰؍دسمبر کو مثالی وقار عمل کیا گیا جس میں پورے محلہ اور آس پاس کے مقامات، گلیوں اور سڑکوں کو صاف ستھرا کیا گیا۔

معائنہ کارکنان و انتظامات جلسہ

مورخہ ۲۲؍دسمبر بروز سوموار بستان احمد میں صبح پونے گیارہ بجے نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ، جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۵ء کی زیر صدارت ’’معائنہ کارکنان و انتظامات جلسہ‘‘ کی تقریب منعقد ہوئی۔ عزیز حافظ وقاص احمد رِشی متعلم جامعہ احمدیہ نے تلاوت اور اس کا ترجمہ پیش کیا۔ مولانا محمد انعام غوری صاحب ناظر اعلیٰ و امیر جماعت قادیان نے کارکنان جلسہ سے خطاب کیا اور بعدہٗ جلسہ سالانہ کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں سیدنا حضرت مسیح موعودؑ اور حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں تمام کارکنوں کو بہتر رنگ میں خدمت کرنے اور مہمان نوازی کی بے حد اہم اور نازک ذمہ داری کو کما حقہ ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

پہلا دن

۲۶؍دسمبر بروز جمعة المبارک

افتتاحی اجلاس: جلسہ سالانہ قادیان کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا آغاز جلسہ گاہ بستان احمد میں ہوا۔ٹھیک صبح ۱۰ بجے لوائے احمدیت محترم رفیق احمد صاحب صدر مجلس تحریک جدیدنے لہرایا۔ اس کے بعد موصوف کرسئ صدارت پر رونق افروز ہوئے اور جلسہ کی کارروائی کا آغاز کیا۔ مکرم جاوید احمد صاحب آف کشمیر نے تلاوت جبکہ متلو آیات کا ترجمہ مکرم نیاز احمد نائک صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھارت نے پیش کیا۔ صدر اجلاس نے افتتاحی تقریر کی۔ آپ نے سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پیش فرماکر جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات پر روشنی ڈالی اور آخر پر اجتماعی دعا کروائی۔

پہلا اجلاس: افتتاحی تقریر اور دعا کے بعد مکرم سعید احمد ملکانہ صاحب مربی سلسلہ نے منظوم کلام حضرت خلیفة المسیح الرابع رحمہ اللہ ’’حضرت سید ولدآدم صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ سے چند اشعار پیش کیے۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مولانا محمد حمید کوثر صاحب ناظر دعوت الی اللہ مرکزیہ قادیان نے ’’زندہ خدا کا ثبوت غلبہ انبیاء کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر کی۔ دوسری تقریر مولانا محمد انعام غوری صاحب،ناظر اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان نے سیرت آنحضرت ﷺ (مذہبی رواداری اور آزادئ ضمیر کے حوالہ سے آنحضرت ﷺ کی تعلیمات و اسوہ )کے موضوع پر کی۔

پہلا دن، دوسرا اجلاس: جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۵ء کے پہلے دن کا دوسرا اجلاس ٹھیک اڑھائی بجے شروع ہوا۔ یہ اجلاس مولانامحمد حمید کوثرصاحب ناظردعوت الی اللہ مرکزیہ (شمالی ہند)وانچارج شعبہ تاریخ احمدیت قادیان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ عزیزم ایس بی سفیر الدین متعلم جامعہ احمدیہ قادیان نے تلاوت جبکہ مکرم حافظ اسلم احمد صاحب نائب افسر لنگرخانہ نے ترجمہ پیش کیا۔ مکرم عبد الواسع ملکانہ صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام ’’اے خدا اے کارساز وعیب پوش وکردگار‘‘ کے چند اشعار پڑھے۔

اجلاس کی پہلی تقریر حافظ مخدوم شریف صاحب ایڈیشنل ناظراعلیٰ جنوبی ہندوناظر نشرواشاعت نے ’’سیرت حضرت مسیح موعودعلیہ السلام عشق الٰہی کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر مولانا منیر احمد خادم صاحب ایڈیٹر اخبار بدر قادیان نے ’’حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کا مقام ومرتبہ‘‘ کے موضوع پر کی۔

اس تقریر کے بعد انڈونیشیا سے تشریف لائے ہوئے مہمان خصوصی نے تعارفی تقریر بزبان انگریزی پیش کی جس کا اردو ترجمہ مکرم مولوی نیاز احمد نائک صاحب صدرمجلس خدام الاحمدیہ بھارت نے پیش کیا۔ہندوستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے تمام مساجد میں اجتماعی طورپر اورگھروں میں بھی احباب ومستورات نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ سُنا۔

دوسرا دن

۲۷؍دسمبر بروز ہفتہ

پہلا اجلاس: دوسرےدن کا پہلا اجلاس محترم منیر احمد صاحب حافظ آبادی و کیل اعلیٰ تحریک جدید انجمن احمدیہ قادیان و سیکرٹری مجلس کارپرداز بہشتی مقبرہ قادیان کی زیرصدارت ہوا۔ دس بجے محترم ناظر اعلیٰ صاحب و امیر جماعت احمدیہ قادیان نے لوائے احمدیت لہرایا بعدہٗ جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ مکرم حافظ لقمان احمد تقی صاحب متعلم جامعہ احمدیہ قادیان نے تلاوت جبکہ مکرم طاہر احمد طارق صاحب نائب ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ قادیان نے ترجمہ پیش کیا۔ مکرم نصرمن الله صاحب ناظم جائیداد قادیان نے نظم ’’خدا کے پاک لوگوں کو خدا سے نصرت آتی ہے‘‘ میں سے چند اشعار پیش کیے۔

اس اجلاس کی پہلی تقریر محترم شمیم احمد غوری صاحب، انچارج شعبہ وقف نو بھارت نےسیرت حضرت عمار بن یاسررضی اللہ عنہ اور سیرت حضرت مولانا برہان الدین صاحب جہلمی رضی اللہ عنہ کے موضوع پر کی۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر محترم مظفر احمد ناصر صاحب ناظر اصلاح وارشاد مرکزیہ نےرشتہ ناطہ، شادی بیاہ و عائلی مسائل کے بارے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور خلفائےکرام کے ارشادات کے موضوع پر کی۔ اس اجلاس کی تیسری تقریر مولانا ایم ناصر احمد صاحب ایڈیشنل ناظر دعوت الی اللہ جنوبی ہند قادیان نے’’دعوت الی اللہ کی اہمیت اور افراد جماعت کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر کی۔

دوسرا دن دوسرااجلاس: اس اجلاس کی صدارت محترم سید تنویر احمد صاحب صدر مجلس وقف جدیدنے کی۔ مکرم سید محمد یحییٰ صاحب متعلم جامعہ احمدیہ قادیان نے تلاوت جبکہ محمد نسیم خان صاحب وکیل التبشیر تحریک جدیدنے ترجمہ پیش کیا۔ مکرم مرشد احمد ڈار صاحب استاد جامعہ احمدیہ قادیان نے نظم پیش کی۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مولانا عطاء المجیب لون صاحب ایڈیشنل ناظر اصلاح و ارشاد جنوبی ہند نے ’’خلافت سے وابستگی اور اطاعت ہی روحانی ترقی کا ذریعہ ہے‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر محترم گیانی مبشر احمد خادم صاحب استاد جامعہ احمدیہ قادیان نےمحبت سب سے نفرت کسی سے نہیں کے موضوع پر بزبان پنجابی کی۔

تاثرات مہمانان کرام: جلسہ سالانہ کے دوسرے روز کا دوسرا اجلاس پیشوایان مذاہب کے طور پر منایا جاتا ہے جس میں مختلف مذاہب کے راہنما جلسہ میں تشریف لاتے ہیں اور اپنے نیک خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔ چنانچہ اس دفعہ بھی ہندو، سکھ، پارسی مذہب کے پیشوا اور دیگر معزز مہمان تشریف لائے۔ درج ذیل مہمانان نے تہنیتی پیغامات پیش کیے۔

(۱)سوامی شری آرتی دیواجی مہاراج،امرتسر، (۲) بابا سنتوکھ سنکھ جی امرتسر، (۳)سوامی ڈاکٹر ست پریت ہری جی امرتسر، (۴) مراض بن ذی من ذی واللہ آف دہلی پارسی انجمن کے ٹرسٹی، (۶) سنت بابا لوک دیپ سنگھ جی آف گھمنی ضلع گورداسپور، (۷)بابا سکھ دیو سنگھ جی بیدی آف ڈیرہ بابانانک، (۷)ڈاکٹر شہباز سنگھ چیمہ ڈپٹی ڈائرکٹر ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ گورداسپور

تیسرا دن

۲۸؍دسمبر بروز اتوار

پہلا اجلاس: یہ اجلاس زیر صدارت محترم حافظ مخدوم شریف صاحب ایڈیشنل ناظر اعلیٰ جنوبی ہند قادیان منعقدہوا۔ مکرم حافظ فاروق اعظم صاحب کارکن ایڈیشنل نظارت علیاء جنوبی ہند قادیان نے تلاوت جبکہ ترجمہ مکرم غلام عاصم الدین صاحب نائب ناظم تعمیرات قادیان نے پیش کیا۔ بعدہٗ مکرم یاسر احمد نائک صاحب آف آسنور کشمیر نے حضرت خلیفة المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کا منظوم کلام پیش کیا۔

اس اجلاس کی پہلی تقریر حافظ سید رسول نیاز صاحب مربی سلسلہ نظارت نشرو اشاعت قادیان نے ’’تمہاری تمام فلاح اور نجات کا سرچشمہ قرآن میں ہے‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر مکرم کے طارق احمد صاحب، ایڈیشنل ناظر اصلاح وارشاد نورالاسلام قادیان نے ’’سوشل میڈیا کا صحیح استعمال اور فوائد اور اس کے غلط استعمال اور مضرات سے اجتناب، حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس اجلاس کی تیسری تقریر محترم عطاء اللہ نصرت صاحب نائب ناظر بیت المال آمد قادیان نے ’’مالی قربانی کے نتیجہ میں مخلصین جماعت کو عطا ہونے والی برکات‘‘ کے موضوع پر کی۔ آخر پر محترم معین احمد صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ نیپال نے تعارفی تقریر کی۔

دوسرا واختتامی اجلاس: ٹھیک دو بجے نمازظہروعصرکے معاً بعدجلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۵ء کا اختتامی اجلاس زیر صدارت مولانا محمد انعام غوری صاحب ناظراعلیٰ وامیرجماعتِ احمدیہ قادیان منعقدہوا۔ مکرم محمد ابراہیم صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت کی۔ متلو ّآیات کا ترجمہ مکرم محمد ہدایت اللہ منڈاشی صاحب نائب ناظر نشرواشاعت قادیان نے سنایا۔ مکرم تنویراحمدناصر صاحب نائب ناظر نشرواشاعت قادیان نے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے درج ذیل منظوم کلام میں سے چند اشعار ترنم سے پیش کیے:

احباب سارے آئے تُونے یہ دن دکھائے

تیرے کرم نےپیارے یہ مہرباں بلائے

بعدہٗ مکرم منیراحمدحافظ آبادی صاحب سیکرٹری مجلس کارپرداز قادیان نے دوران سال وفات یافتہ موصیان کے اسماء پڑھ کر سنائےتاکہ اُن کی مغفرت کے لیے احباب جماعت دعا کریں۔ محترم صدر اجلاس نے جلسہ سالانہ قادیان کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے حکام اعلیٰ اور تمام احباب کا شکریہ اداکرنے کے بعد مقامی طور پر ٹھیک دو بج کر ۴۵ منٹ پر اختتامی دعا کروائی۔

اسلام آباد، یوکے سے جلسہ کی اختتامی تقریب و خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

بعدہٗ اسلام آباد، یوکے سے جلسہ کی اختتامی تقریب کے سلسلہ میں خصوصی نشریات کا آغاز ہوا۔ جلسہ سالانہ قادیان میں شامل ہونے والے مخلصین میں پیداہونے والے روحانی جذبات و خیالات اور اُن کی آراء کے حوالہ سے نیز جلسہ سالانہ قادیان کے روح پرور نظاروں اور قادیان دارالامان اور اس میں موجود شعائر اللہ سے متعلق ایک نہایت دلچسپ ڈاکومنٹری ایم ٹی اے بھارت کی طرف سےایم ٹی اے انٹرنیشنل کی زینت بنی۔

امیرالمومنین سیدنا حضرت خلیفةالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تشریف آوری اور فلک بوس نعرہ ہائے تکبیر کےساتھ ایم ٹی اے انٹرنیشنل سے جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۵ء کی اختتامی تقریب کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر تین برّاعظم افریقہ، یورپ اور جنوبی امریکہ کے کُل ۸؍ممالک کے جلسہ ہائے سالانہ بھی منعقد ہو رہے تھے اورقادیان دارالامان کے علاوہ ان ممالک کے بھی براہ راست مناظر دکھائے گئے۔ ہندوستانی وقت کے مطابق ٹھیک چار بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ فلک شگاف نعروں کی گونج میں ایوان مسرور تشریف لائے۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تمام شاملین کو ’السلام علیکم و رحمة اللہ‘ کا تحفہ پیش فرمایا۔ امسال پہلی مرتبہ تلاوت قرآن کریم اورنظم قادیان سے پڑھی گئی۔(تفصیل ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل ۳؍جنوری ۲۰۲۶ء)

حضور انور کا خطاب ۵ بج کر ۱۰ منٹ تک جاری رہا۔ اس کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اجتماعی دعا کروائی۔ دعا کے بعد قادیان دارالامان سے اردو اور عربی میں ترانے پیش کیے گئے۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس وقت قادیان کی حاضری ۱۳؍ہزار ۸۱۵؍ہے۔ مختلف قوموں کے لوگ یہاں شامل ہیں۔ اس وقت یہاں یوکے میں، اسلام آباد میں ہماری حاضری ۳؍ہزار ۳۶۵؍ہے۔آخر پرحضورِ انور نے فرمایا کہ سب شامل ہونے والوں کو اللہ تعالیٰ سب نیک باتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ السلام علیکم ورحمة اللہ۔

اجلاس مستورات

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۷؍دسمبر ۲۰۲۵ء بروزہفتہ اڑھائی بجے اجلاسِ مستورات کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس جلسہ کی صدارت محترمہ ڈاکٹر ذکیہ تسنیم صاحبہ صدرضلع بھاگلپور و مونگیر بہار نے کی۔ تلاوت قرآن کریم محترمہ فاطمہ بیگم صاحبہ آف بانسرہ صوبہ بنگال نے کی۔مکرمہ امة الوسیع شمائلہ صاحبہ نائب صدر اوّل لجنہ اماء اللہ بھارت نے ترجمہ پیش کیا۔ نظم مکرمہ شاہدہ فرید صاحبہ آف پونچھ نے نظم پڑھی۔ جلسہ کی پہلی تقریر محترمہ راشدہ رحمٰن صاحبہ صدر ضلع لجنہ اماء اللہ دہلی، نوئیڈا این سی آر نے ’’پُرسکون عائلی زندگی بہترین تربیت اولاد کی ضامن‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس کے بعد مکرمہ سارہ وقفی صاحبہ اور مکرمہ نیرہ تنویر فارعہ صاحبہ نے نظم پڑھی۔ بعد ازاں ناصرات نے ترانہ پیش کیا۔ اجلاس کی دوسری تقریر مکرمہ منصورہ الہ دین صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ بھارت نے ’’خلیفةالمسیح کے خطبات اور خطابات کی اہمیت و برکات اور لجنہ اماء اللہ کی ذمہ داریاں‘‘کے موضوع پر کی۔ جلسہ میں غیرازجماعت مستورات بھی شامل ہوئیں۔

رپورٹ شعبہ جات

شعبہ تربیت: مورخہ ۲۴ تا ۳۰؍دسمبر مسجد اقصیٰ اور مسجد انوار میں نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔اور جلسہ کے تین دن قادیان کی تمام مساجد میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ تہجد کی نماز کے لیے شعبہ تربیت کی طرف سے جگانے کا انتظام تھا۔ درود شریف اور پاکیزہ اشعار پڑھ کر نماز تہجد کے لیے احباب کو بیدار کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد تفسیر کبیر سے قرآن مجید کا درس دیا گیا۔ قادیان کے تمام محلہ جات اور جلسہ گاہ میں تربیتی بینرز لگائے گئے۔

نکاحوں کے اعلانات: جلسہ کے موقع پر احباب کرام کی خواہش ہوتی ہے کہ قادیان کی مقدس بستی میں ان کے بچوں کے نکاحوں کے اعلانات ہوں۔ چنانچہ جلسہ کے دوسرے دن بعد نماز مغرب و عشاء مسجدانوارمیں نکاحوں کے اعلانات ہوئے۔

شعبہ ترجمانی: جلسہ گاہ سے ۹؍زبانوں میں رواں ترجمہ کیاگیا۔ (۱)ملیالم (۲)تامل (۳)تیلگو (۴)کنڑ (۵)بنگلہ (۶)انگریزی (۷)عربی (۸)انڈونیشن (۹)رشین۔ تقاریر کا ترجمہ متعلقہ زبانوں میں کرکے قبل ازوقت دے دیا گیا تھا جس کی وجہ سے رواں ترجمہ احسن رنگ میں سنایا گیا۔ جبکہ سیدنا حضرت امیرالمؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ، ڈاکومنٹری اور اختتامی خطاب کا رواں ترجمہ کیا گیا۔ چار زبانوں یعنی اُردو، بنگلہ، تامل اور ملیالم ترجمہ لائیو اسٹریمنگ کے ذریعہ نشر ہوتا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ان چار زبانوں سے واقف احباب اپنے اپنے گھروں میں بیٹھے ہوئے یا اپنی سہولت کے مطابق جلسہ سالانہ کی کارروائی براہِ راست سماعت کرتے رہے۔ لجنہ اماء اللہ کا جلسہ سالانہ دوسرے دن دوپہر بعد نماز ظہروعصر منعقد ہوا جس میں پانچ زبانوں انگریزی، بنگلہ، ملیالم، تامل اور انڈونیشین میں رواں ترجمہ کیاگیا۔

ایم ٹی اے: شعبہ ایم ٹی اے کو جلسہ سالانہ قادیان کے تینوں دن مکمل کوریج، لائیو اسٹریمنگ اور نشریاتی انتظامات کی سعادت حاصل ہوئی۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے جلسہ سالانہ قادیان کے جملہ پروگرامز کی تین دن لائیو اسٹریمنگ کی گئی، جس کے ذریعہ دنیا بھر میں ناظرین نے اس بابرکت جلسہ میں براہِ راست شرکت کی۔ لائیواسٹریمنگ کے ذریعہ ۹۴؍ہزار ۲۰۸؍لوگوں نے جلسہ سے استفادہ کیا۔

قیام گاہیں،نظامتیں ومختلف شعبہ جات: امسال مہمانوں کی رہائش کے لیے ۱۴؍قیام گاہیں تیاری کی گئیں۔ ۳۵؍نظامتوں کے ناظمین، نائب ناظمین ومعاونین دن رات خدمات بجالانے میںمصروف رہے۔ تین لنگر خانوںمیں کھانے تیار کیے گئے جبکہ روٹی پلانٹ میں مشین کے ذریعہ ہزاروں کی تعداد میںمہمانوں کے لیے روٹیاں بنتی رہیں۔ جلسہ گاہ کے تحت ۲۱؍اور لجنہ اماء اللہ کے تحت ۲۰؍مختلف شعبہ جات کے رضاکاران نے اپنے اپنے مفوضہ فرائض بخوبی سرانجام دیے۔

شعبہ خدمت خلق: ہندوستان کے مختلف صوبہ جات کی مجالس سے ۴۵۰؍خدام رضاکاران شعبہ خدمت خلق کے تحت خدمات سرانجام دینے کے لیے قادیان تشریف لائے جبکہ قادیان کے کم و بیش۳۰۰؍خدام نے اس شعبہ کے تحت ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ صف دوم کے انصار کی ایک ٹیم اور لجنہ اماء اللہ کے تحت مستورات کی قیام گاہوں، جلسہ گاہ و مساجد میں لجنہ و ناصرات کی رضاکارٹیمیں بھی خدمات بجالا رہی تھیں۔ اندرون و بیرون ملک سے آنے والے جملہ مہمانان کرام کی رجسٹریشن کی گئی اور انہیں جلسہ رجسٹریشن کارڈز جاری کیے گئے۔ حفاظتی انتظام کے تحت دار المسیح، بہشتی مقبرہ، مقامات مقدسہ، جلسہ گاہ اورمختلف قیام گاہوں اور اہم داخلی راستوں پر شعبہ ہذا کے تحت حفاظتی ڈیوٹیوں کا ۲۴؍گھنٹے انتظام کیا گیا۔ اسی طرح مساجد میں صف بندی، سڑکوں اور گلیوں میں ٹریفک اور پارکنگ کے انتظامات، جلسہ گاہ میں نظم وضبط اور مہمانان کرام کو پانی پلانے کا انتظام بھی کیا گیا۔

استقبال غیر مسلم معزز مہمانان: گیارہ سو غیر مسلم معزز مہمانوں نے جلسہ سالانہ قادیان میں شرکت کی۔ ان سبھی مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیااور ان کی عزت افزائی کی گئی۔ان میں سیاسی سماجی اور مذہبی لیڈران کے علاوہ عام لوگ بھی تھے جو قادیان کے گردونواح اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے آئے تھے۔ سبھی مہمان اچھا اثر لےکر گئے۔

(رپورٹ:منصور احمد مسرور۔ منتظم رپورٹنگ جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۵ء)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ آئرلینڈ کا تئیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button