افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سینیگال کے تیرھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد

٭… ’’اَللّٰہُ نُوۡرُ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضِ‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ میں مختلف علمی و روحانی موضوعات پر تقاریر کا اہتمام
٭… ملک کے ۱۴؍ریجنز سے ۱۵۱۰؍احباب کی شمولیت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے جماعت احمدیہ سینیگال کو ’’اَللّٰہُ نُوۡرُ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضِ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۶تا۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو اپنا تیرھواں جلسہ سالانہ جماعتی روایات کے مطابق کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسہ کی تیاریاں: جلسہ سالانہ کے ليے سارا سال ہی جلسہ انتظامیہ کی میٹنگز جاری رہیں۔ ماہ دسمبر میں روزانہ کی بنیادوں پرحضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی آمد کے سلسلہ میں وقار عمل شروع ہو گئے اور ہر اتوار کو مثالی وقار عمل ہوا جس میں ڈاکار ریجن کے خدام، اطفال و انصار نے بھرپور شرکت کی۔

جائزہ انتظامات: مکرم بشارت نوید صاحب امیر و مبلغ انچارج سینیگال نے افسر جلسہ سالانہ سینیگال مکرم علیو باہ صاحب اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مورخہ ۲۵؍دسمبر کو شام پانچ بجے مختلف نظامتوں کے تحت ہونے والی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

مہمانوں کی آمد: مورخہ ۲۵؍دسمبر بروز جمعرات شام سےہی ملک کے دُور دراز ریجنز سے شاملین جلسہ قافلہ در قافلہ آنا شروع ہوگئے تھے اور ان میں ایسے احباب بھی شامل تھے جو ۶۰۰؍کلومیٹر سے زائد کا سفر کرکے جلسہ گاہ پہنچے تھے۔

پہلا دن

جلسہ سالانہ کے پہلے روز مورخہ ۲۶؍دسمبر بروز جمعہ کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ دوپہر پونے ایک بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم مالک گئی صاحب نائب امیر اول نے سینیگال کا پرچم لہرایا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔

ایک بجے تمام شاملین نے جلسہ گاہ آکر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ مکرم امیر صاحب نے مقامی طور پر خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کروائی۔ شام کو پہلے اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی جس میں مہمانان کو دعوت کلام دی گئی۔

حسب معمول بعد از نماز مغرب و عشاء مجلس سوال و جواب کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں مکرم امیر صاحب سینیگال نے سوالات کے جواب دیے اور مکرم مالک گئی صاحب نے وولوف زبان میں ترجمہ کیا۔ بعد ازاں شاملین جلسہ کی خدمت میں رات کا کھانا پیش کیا گیا۔

دوسرا دن

مورخہ ۲۷؍دسمبر کو دن کا آغاز نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ بعد ازاں صبح اور شام دو اجلاسات ہوئے۔ پہلے اجلاس کی صدارت مکرم مالک گئی صاحب نائب امیر اول نے کی اور دوسرے اجلاس کی صدارت مکرم محمود احمد صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج گیمبیا نے کی۔ اجلاسات میں درج ذیل موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ہستی باری تعالیٰ کے دلائل، اَلَابِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ (اللہ کے ذکر سے ہی دل اطمینان پاتے ہیں)، انبیاء ہی اللہ تعالیٰ کے نور کو ظاہر کرنے کا ذریعہ ہیں، فَفِرُّوۡۤا اِلَی اللّٰہِ(اللہ کی طرف دوڑو) اور وَاعۡتَصِمُوۡا بِحَبۡلِ اللّٰہِ جَمِیۡعًا وَّلَا تَفَرَّقُوۡا (اللہ کی رسی کو تم سب مضبوطی سے پکڑ لو اور تفرقہ نہ ڈالو)۔ نیز اجلاسات کے آخر میں معزز مہمانوں کو اظہار خیال کا موقع بھی دیا گیا۔ بعد از نماز مغرب و عشاء مقامی زبانوں (پلار، سیرر، جولا) میں لوکل جلسے منعقد ہوئے۔

تیسرا دن

مورخہ ۲۸؍دسمبرکو دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس القرآن کے بعد احباب کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ۹ بجے احباب کرام جلسہ گاہ میں جمع ہونا شروع ہو گئے۔ اس موقع پر دوران سال تعلیمی میدان میں اعلیٰ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ میں مکرم امیر صاحب سینیگال نے انعامات تقسیم کیے۔ پھر تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم امیر صاحب سینیگال نے جلسہ کے مرکزی موضوع کی مناسبت سے احباب جماعت کو اللہ کے نور کے حصول کے ليے کوشش کی طرف توجہ دلائی۔ جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۵ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اختتامی خطاب جلسہ گاہ میں موجود تمام احباب نے توجہ سے سنا۔ جلسہ سالانہ قادیان سے اختتامی دعا کے ساتھ ہی جلسہ سالانہ سینیگال بھی اپنے اختتام کو پہنچا۔ احباب کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا اور احباب اپنا رخت سفر باندھ کر واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔ دور کے قافلے تیار ہونے پر مکرم امیر صاحب نے انتظامیہ کے ساتھ بسوں میں جا کر واپسی سفر کے ليے اجتماعی دعا کروائی۔

حاضری: جلسہ سالانہ سینیگال ۲۰۲۵ء میں ملک کے ۱۴؍ریجنز کے ۱۵۱۰؍مرد و خواتین شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ ہمسایہ ملک گیمبیا سے بھی وفد نے شرکت کی۔ نیز سعودی عرب سے ایک اور نیوزی لینڈ سے دو خدام نے خصوصی طور پع جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کے لیے سفر اختیار کیا۔ اسی طرح ۲۰؍سے زائد غیر از جماعت احباب شامل ہوئے جن میں اکثر چیف آف ولیج اور مختلف دیہات کے نمائندگان تھے جو پہلی بار جلسہ سالانہ میں شامل ہورہے تھے۔

میڈیا کوریج: جلسہ سے دس روز قبل سے ہی تین ریجنز میں ریڈیو سٹیشنز پر جلسہ سالانہ کی آگاہی کے لیے اعلانات کیے جاتے رہے۔ نیز بعد از جلسہ بھی جلسہ کے پروگرامز ریجنز کے ریڈیو سٹیشنز پر نشر ہوتے رہے۔

جلسہ گاہ مستورات: جلسہ کے دوسرے روز صبح مستورات کی جلسہ گاہ میں لجنہ اماء اللہ کے زیر انتظام جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ خواتین مقررین نے جلسہ کے مرکزی موضوع کے تحت مختلف عناوین پر تقاریر کیں۔ حضورﷺ کی شان میں حضرت مسیح موعودؑ کے بیان کردہ عربی قصائد بھی ناصرات نے نہایت خوش الحانی سے پڑھے۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو جملہ برکات سے متمتع فرمائےاور حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین

(رپورٹ:حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button