مجلس انصاراللہ سویڈن کے پانچویں سالانہ ریفریشر کورس ۲۰۲۶ء کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ سویڈن ہر سال اپنی مقامی مجالس کی عاملہ کی تعلیم و تربیت اور شعبہ جاتی امور میں راہنمائی کے ليے ریفریشر کورس منعقد کرتی ہے۔ اسی سلسلہ میں سال ۲۰۲۶ء کا ریفریشر کورس مورخہ ۱۱؍جنوری بروز اتوار آن لائن منعقد ہوا۔ مکرم انور احمد رشید صاحب صدرمجلس انصاراللہ سویڈن نے ریفریشر کورس کے انتظامات کے ليے ایک انتظامیہ کمیٹی تشکیل دی۔ پروگرام کے ناظم اعلیٰ مکرم چودھری عطاءالرحمان محمود صاحب تھے۔

افتتاحی اجلاس: ریفریشر کورس کا افتتاحی اجلاس مسجد ناصر، گاتھن برگ میں ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا۔ مجلس انصاراللہ سویڈن کی نیشنل عاملہ اور مجلس انصاراللہ گاتھن برگ کی مقامی عاملہ افتتاحی اجلاس کے وقت مسجد ناصر میں موجود تھیں جبکہ دیگر مجالس کے ممبران عاملہ اپنے اپنے شہروں میں مسجد یا نماز سنٹرز میں جمع تھے۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم صلاح الدین یوسف صاحب نے پیش کی۔ عہد کے بعد خاکسار ( ناظم اعلیٰ) نے ریفریشر کورس کی ضرورت و اہمیت کے حوالے سے قرآن کریم، احادیث نبویہؐ اور حضرت مسیح موعودؑ و خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں اظہار خیال کیا۔ نیز شاملین ریفریشر کورس کو توجہ دلائی کہ دی جانے والی ہدایات کو نہ صرف غور سے سنیں بلکہ ہر شعبہ کا منتظم اپنے شعبہ کے نوٹس بھی لے اور اگر کسی بات کی وضاحت درکار ہو تو سوال کرنے سے ہرگز ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔

افتتاحی اجلاس کے اختتام پر صدر مجلس نے دعا کروائی جس کے بعد ریفریشر کورس کے باقاعدہ پروگراموں کا آغاز ہوا۔
حضور انور کی زریں ہدایات پر مشتمل ویڈیو کلپس: ریفریشر کورس کا یہ حصہ نہایت معلوماتی اور عمل کی ترغیب دلانے والا تھا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مختلف مجالس میں عہدیداران انصاراللہ کو جو ہدایات عطا فرمائی ہیں ان پر مشتمل ویڈیو کلپس دکھائے گئے۔ ان ہدایات کو عہدیداران نے بڑی توجہ اور انہماک سے سنا۔ متعدد عہدیداران نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ ان ویڈیو کلپس کو دیکھ اور سن کر ان کے اندر نیا جذبہ اور جوش پیدا ہوا ہے۔
پریزینٹیشن دستور اساسی:امسال ریفریشر کورس میں دستور اساسی کے حوالے سے ایک پریزینٹیشن بھی شامل تھی جو سوال و جواب کی طرز پر تیار کی گئی تھی اور دستور اساسی کی بنیادی اور اہم معلومات پر مشتمل تھی۔
شعبہ جاتی ہدایات:ریفریشر کورس کا ایک اہم حصہ شعبہ جاتی ہدایات پر مشتمل تھا۔ مرکزی قائدین نے باری باری حاضر ہو کر اپنے اپنے شعبہ کے سالانہ پروگرام پیش کیے اور متعلقہ ہدایات دیں۔ مقامی مجالس کے عہدیداران نے حسب ضرورت سوالات کیے جن کے جواب مرکزی قائدین نے پیش کیے۔ ریفریشر کورس کا یہ حصہ نہایت دلچسپ اور معلوماتی ثابت ہوا۔
دوپہر دو بجے نماز ظہر و عصر اور ظہرانے کے ليے ایک گھنٹہ کا وقفہ کیا گیا جس کے بعد سہ پہر تین بجے دوبارہ ریفریشر کورس کا پروگرام شروع کر دیا گیا۔
قائدین اور منتظمین کی شعبہ وار میٹنگز:ریفریشر کورس کے دوران ہر شعبہ کے قائد نے اپنے شعبہ کے تمام منتظمین کے ساتھ الگ میٹنگ منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ ان میٹنگز کا مقصد باہمی تعارف اور شعبہ کے کام کو مزید بہتر انداز میں سرانجام دینے کے ليے مشاورت کرنا تھا۔ چونکہ ریفریشر کورس آن لائن منعقد کیا جا رہا تھا اس ليے طے پایا کہ قائدین اپنے اپنے شعبہ کے منتظمین کے گروپس بنا کر ۲۵؍جنوری تک میٹنگز منعقد کریں گے اور انہیں شعبہ کا سالانہ پروگرام بتا کر اس پر مؤثر عمل درآمد کے حوالے سے راہنمائی فراہم کریں گے۔
رپورٹ فارم پُر کرنے کا طریق:ریفریشر کورس میں امسال ماہانہ رپورٹ فارم پُر کرنے کے طریقہ کار پر بھی ایک پریزینٹیشن شامل کی گئی۔ یہ پریزینٹیشن مکرم عبدالماجد صاحب زعیم مجلس انصاراللہ سٹاک ہولم نے پیش کی۔ انہوں نے نہایت عمدہ انداز میں بڑی وضاحت کے ساتھ رپورٹ فارم پُر کرنے کا طریقہ بیان کیا۔
اختتامی اجلاس:ریفریشر کورس کا اختتامی اجلاس شام پانچ بجے شروع ہوا۔ صدر مجلس نے اپنی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں انصاراللہ کی بنیادی ذمہ داریوں، تربیت اولاد اور نظام خلافت کی حفاظت کی اہمیت پر زور دیا۔ آپ نے عہدیداران کو حاصل شدہ تعلیمات پر عملی عمل درآمد کی طرف توجہ دلائی اور مجالس کی حاضری و ریفریشر کورس کے عمدہ انتظامات پر زعمائے مجالس اور انتظامیہ کو مبارکباد دی۔
دعا کے ساتھ یہ ریفریشر کورس اپنے اختتام کو پہنچا جس کے بعد سب احباب کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
پانچویں سالانہ ریفریشر کورس میں مرکزی عاملہ سمیت سویڈن کی پانچوں مقامی مجالس کے کُل ۵۵؍عہدیداران نے شرکت کی۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ اِس ریفریشر کورس کے بابرکت نتائج ظاہر فرمائے اور تمام شاملین کو حاصل شدہ تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:چودھری عطاءالرحمٰن محمود۔ قائد عمومی مجلس انصاراللہ سویڈن)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سینیگال کے تیرھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد



