متفرق

ربوہ کا موسم (۲۰ تا ۲۶؍فروری ۲۰۲۶ء)

۲۰؍فروری جمعۃ المبارک کی فجر کے وقت آسمان صاف تھا اور ہوا بند تھی، مطلع صاف ہونے کی وجہ سے دھوپ کافی تیز تھی، جمعہ کی نماز کے بعدہلکی ہوا شروع ہوگئی اور لوگوں نے رمضان کے بابرکت مہینے میں خوشگوار موسم کا خوب مزہ لیا۔ تاہم صبح اور شام کےوقت بہار کے موسم کی خنکی موجود تھی، ربوہ کے روحانی ماحول میں اس اچھے موسم میں روزے رکھنا آسان ہوجاتا ہے، کیونکہ نہ سردی ہے اور نہ شدید گرمی۔ ہفتہ کو صبح کے وقت اور شام کو موسم ٹھنڈا رہا، دوپہر کو دھوپ کی وجہ سے گرمی محسوس ہوتی ہے جس سے بچنے کے لیے چھاؤں میں جانے کو دل کرتا ہے۔ شام کے وقت دھوپ کی تپش میں کمی آ گئی۔ اتوار کو صبح کے وقت مطلع صاف تھا دھوپ خوب چمک رہی تھی، ساتھ ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی۔ اتوار اورسوموار کو ایک جیسا موسم ہی تھا یعنی معتدل او ر خشک، آسمان صاف ہونے کی وجہ سے دھوپ خوب چمکتی رہی اور موسم قدرے گرمی کی طرف مائل ہوگیا۔

جیسا کہ احباب جانتے ہیں کہ یہاں موسم بہار جاری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ روحانی بہار کا مہینہ یعنی ماہ رمضان اپنی برکتوں کے ساتھ سایہ فگن ہے اور ہماری زندگیوں کو ایک بار پھر صاف ستھر ا بنا رہا ہے۔ امسال یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ دونوں بہار کے موسم ایک ساتھ تشریف لائے ہیں۔

منگل کو ہلکے بادل چھائے رہے جن کی وجہ سے فضا میں خنکی موجود تھی، جونہی سورج نکلا یہ سردی کی لہر بھی جاتی رہی، تاہم منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو ہلکی ٹھنڈی ہوا رواں دواں رہی، جس کی وجہ سے موسم خوب مزے کا بن گیا۔ جمعرات کو آسمان پر کہیں کہیں بادلوں کی ہلکی تہ نظر آتی رہی۔ لیکن تیز دھوپ کی وجہ سے گرمی بھی رہی اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۸؍ اور کم سے کم ۱۳؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)

مزید پڑھیں: ربوہ کا موسم(۱۳تا ۱۹؍فروری ۲۰۲۶ء)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button