اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

درخواست دعا

٭… رانا سلطان احمد خان صاحب تحریر کرتے ہیں کہ رانا ندیم احمد صاحب کے گذشتہ دنوں دو سٹنٹ ڈالے گئے ہیں۔ ان کے دل میں ایک خون کا لوتھڑا بھی جما ہوا ہے۔ اسے نکالنے کے لیے ان کا بائی پاس بھی ہوگا۔ امریکہ سے ڈاکٹر صاحبان کی آمد کے بعدمئی کے مہینے میں طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں بائی پاس متوقع ہے۔
نیز خاکسار کی بائیں آنکھ کا آپریشن ۱۷؍مارچ ۲۰۲۶ء کو اور داہنی آنکھ کا آپریشن ۶؍اپریل ۲۰۲۶ء کو ہوا جس دوران آنکھوں میں لینز ڈالے گئے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ قادرو شافی مطلق محض اپنے خاص فضل سے جملہ مریضان کو شفائے کاملہ بخشےاور صحت وسلامتی والی فعال زندگی عطا فرمائے۔ نیز ہر قسم کی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھے۔ آمین

اعلان نکاح و تقریب رخصتانہ

خلیل احمد صاحب آف ہاربُرگ، جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی دختر عزیزہ مہ نور احمد کی تقریب رخصتانہ مورخہ ۲۴؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو ہمبرگ، جرمنی کے ایک شادی ہال میں منعقد ہوئی۔ اس مبارک تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔
بعد ازاں خاکسار کے چھوٹے بھائی محمود احمد طلحہ صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یوکے نے عزیزہ مہ نور احمد کا نکاح عزیزم معین احمد (متعلم درجہ شاہد، جامعہ احمدیہ جرمنی) ابن احمد امین صاحب کے ساتھ پڑھایا۔ کھانے کے بعد دعا کے ساتھ رخصتی عمل میں آئی۔
مورخہ ۲۶؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو فرنکفورٹ کے ایک ہال میں دعوت ولیمہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے دعا کروائی۔
عزیزہ مہ نور احمد، محمد سلیم صاحب (کھرڑیانوالہ، فیصل آباد) کی پوتی اور اظہر احمد صاحب (لاہور) کی نواسی ہے۔ جبکہ عزیزم معین احمد، مرزا محمد حفیظ صاحب (لاہور) کا پوتا اور سردار علی رانا صاحب (لاہور) کا نواسہ ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس رشتہ کو دونوں خاندانوں کے لیے ہر لحاظ سے مبارک فرمائے اور اس جوڑے کو دین کو دنیا پر مقدم کرنے والا، خلافت احمدیہ کا سچا وفادار اور ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے والا بنائے۔ آمین

نمایاں کامیابی

محمود ناصر ثاقب صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج بینن تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار کے چھوٹے بیٹے عزیزم عاقب محمود نے میڈیکل ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کر لی ہے۔
مورخہ ۹؍اپریل ۲۰۲۶ء کو برکینا فاسو کے دارالحکومت واگادوگو کی پبلک یونیورسٹی جوزف کی زربو میںتقریب منعقد ہوئی جس میں سب سے پہلے عزیزم نے تین پروفیسرز پر مشتمل جیوری کے سامنے اپنا تحقیقی مقالہ ’’یونیورسٹی ہسپتال یلگادو کے شعبہ ڈرماٹولوجی (Dermatology)اور آرتھوپیڈک میں گھریلو حادثات کے نتیجے میں زخمی ہونے والے مریضوں کا تشریحی مطالعہ اور ان کے علاج معالجہ کا تجزیہ‘‘ پیش کیا۔ بعد ازاں جیوری ممبران نے سوالات کيے۔ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے جیوری کے صدر نے عزیزم کی دوران تعلیم غیرمعمولی محنت، بہترین تعاون اور عمدہ اخلاقی رویے کی تعریف کی۔ جیوری ممبران نے متفقہ طور پرTrés Honorable ’انتہائی اعزاز‘ کی سند کے ساتھ عزیزم کو کامیاب قرار دیا۔ خاکسار کو بینن سے بطور خاص تقریب میں شامل ہونے کی توفیق ملی جبکہ مقامی طور پر مکرم امیر جماعت احمدیہ برکینافاسو، نیشنل مجلس عاملہ، مبلغین، جماعتی عہدیداران اور دیگر معززین نے شرکت کر کے عزیزم کی حوصلہ افزائی کی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سےعزیزم واقف زندگی ہونے کے ساتھ ددھیال کی طرف سے حضرت حافظ احمد دین صاحبؓ آف چک سکندر (یکے از اصحاب احمد ۳۱۳ نمبر ۲۰۱) اور ننھیال کی طرف سے حضرت حافظ فضل دین صاحبؓ آف کھاریاں (یکے از اصحاب احمد ۳۱۳ نمبر ۲) کی نسل میں سے ہے۔ یہ محض اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ ہمارےخاندان کی تسلسل کے ساتھ یہ چوتھی نسل بطور واقف زندگی میدان عمل میں آ چکی ہے۔ قبل ازیں عزیزم کے بڑے بھائی ڈاکٹر سعود احمدناصر (آئی سپیشلسٹ)بھی زندگی وقف کر کے مسرور آئی انسٹیٹیوٹ برکینافاسو میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ عزیزم عاقب محمود کو اس وقت نیشنل مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ برکینا فاسو میں بطور مہتمم تحریک جدید بھی خدمت کی توفیق عطا ہو رہی ہے۔
اللہ تعالیٰ عزیزم کو خلافت کا سلطان نصیر بنائے اور غیرمعمولی طور پر خدمت انسانیت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button