سپورٹس بلیٹن
کرکٹ:بنگلہ دیش اورنیوزیلینڈکے مابین تین ایک روزہ میچز کی سیریز بنگلہ دیش نے ۲۔۱؍سے جیت لی۔چٹوگرام میں ہونے والے فیصلہ کن مقابلہ میں میزبان ٹیم نے ۵۵؍رنزسے کامیابی حاصل کی۔بنگلہ دیش نے مقررہ ۵۰؍اوورزمیں ۲۶۵؍رنزبنائے،نجم الحسین شانتونے۱۰۵؍رنزکی عمدہ باری کھیلی۔ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم ۲۱۰؍رنزبناکرآل آؤٹ ہوگئی۔بنگلہ دیش کی طرف سے مستفیض الرحمٰن نے ۴۳؍رنزکے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان سپرلیگ ۲۰۲۶ءکےپلے آف مرحلےکےلیے پشاورزلمی، اسلام آبادیونائیٹڈ، ملتان سلطانزاورحیدرآباد کنگزمین نے کوالیفائی کرلیا۔پشاورزلمی دس میچز میں ۱۷؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی۔پشاورکو اس سیزن میں واحدشکست اپنے آخری میچ میں لاہورقلندرزکے ہاتھوں ہوئی۔اس میچ میں لاہور کی ٹیم نے ۲۰۰؍رنزکاہدف چاروکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ فخرزمان ۵۸؍رنزبناکرناٹ آؤٹ رہے۔اس فتح کے باوجود دفاعی چیمپئن لاہورقلندرزٹورنامنٹ سے باہرہوگئی۔پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والی حیدرآبادکی ٹیم نے اپنے آخری میچ میں راولپنڈیزکے خلاف۱۰۸؍رنزسے فتح حاصل کرکے لاہور اور کراچی کے مقابلہ میں بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنا پر پلے آف راؤنڈ میں جگہ بنائی۔اس اہم میچ میں حیدرآبادنے مقررہ ۲۰؍اوورز میں۲۴۴؍رنزسکورکیے جس میں آسٹریلوی بلےباز گلین میکسویل(Glenn Maxwell) کے ۳۷؍گیندوں پر۷۰؍رنزشامل تھے۔ ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیزکی پوری ٹیم ۱۳۶؍رنزپرڈھیرہوگئی۔حنین شاہ نے ۲۲؍رنزدے کرچاروکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔رواں سیزن کے آخری لیگ میچ میں اسلام آبادیونائیٹڈ نے ملتان سلطانزکے خلاف کامیابی حاصل کی۔
بھارت میں جاری انڈین پریمیئرلیگ(IPL)کے ایک میچ میں پنجاب کنگزنے دہلی کےخلاف ۲۶۵؍رنزکاہدف حاصل کرکے ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑاٹارگٹ پوراکرنے کا ریکارڈبنادیا۔اس میچ میں دہلی نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍اوورزمیں دووکٹیں کھوکر۲۶۴؍رنزبنائے۔ کے ایل راہول (KL Rahul)نے ۶۷؍گیندوں پر۱۵۲؍رنزکی ناقابل شکست باری کھیلی۔جواب میں پنجاب کی ٹیم کی جانب سے Prabhsimran Singhنے۲۶؍گیندوں پر۷۶؍اور کپتان شریاس آئیرنے۳۶؍گیندوں پر۷۱؍رنزناٹ آؤٹ بنائےاوراپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنارکیا۔ایک اورمیچ میں سن رائزرزحیدرآبادنے راجستھان رائلزکے خلاف ۲۲۹؍رنز کاہدف حاصل کیا۔اس میچ میں راجستھان کی طرف سے پندرہ سالہ کھلاڑیVaibhav Sooryavanshiنے۳۷؍گیندیں کھیل کر۱۲؍چھکوں کی مددسے ۱۰۳؍رنزبنائے۔دیگرمیچزمیں بنگلوروکی ٹیم نے دہلی کو نووکٹوں سے شکست دی جبکہ کولکتہ نے لکھنؤکے خلاف سپراوورمیں کامیابی سمیٹی۔
لندن میراتھن:۲۶؍اپریل کومنعقدہ۴۶ ویں لندن میراتھن میں تاریخ میں پہلی مرتبہ دو کھلاڑیوں نے دو گھنٹے سے کم وقت میں مقررہ فاصلہ(۴۲.۱۹۵؍کلومیٹر)طے کیا۔ کینیا کے سباسٹین ساوے(Sabastian Sawe) نے ایک گھنٹے ۵۹؍منٹ اور ۳۰؍سیکنڈز کے ساتھ نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔ایتھوپیا کے یومیف کجیلچا (Yomif Kejelcha)نے ایک گھنٹے ۵۹؍منٹ اور ۴۱؍سیکنڈز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ یوگنڈاکے Jacob Kiplimoتیسرے نمبرپررہے۔خواتین کی ریس میں ایتھوپیاکی Tigst Assefaنےپہلی پوزیشن کے ساتھ ساتھ خواتین کانیاعالمی ریکارڈ بھی بنایا۔لندن میراتھن ۲۰۲۶ء میں مجموعی طورپر۵۹۸۳۰؍کھلاڑیوں نے دوڑمکمل کی جوکہ گینزورلڈریکارڈ ہے۔قبل ازیں ۲۰۲۵ء میں نیویارک سٹی میراتھن ۵۹۲۲۶؍کھلاڑیوں نے مکمل کرکے ریکارڈ بنایا تھا۔ (ن م طاہر)




