ترانۂ اطفال
ہم کفر پرستی کو دنیا سے مٹا دیں گے
توحید کے نعروں سے عالم کو جگا دیں گے
خدّام محمدؐ ہیں ہم چاکرِ احمدؑ ہیں
اسلام کو دنیا میں پھیلا کے دکھا دیں گے
ہم ابرِ کرم بن کر چھا جائیں گے دنیا پر
اللہ کی رحمت کا ہر اک کو پتا دیں گے
جو راہ صداقت کی احمد نے بتائی ہے
وہ راہ ہدایت کی ہم سب کو بتا دیں گے
ایثار دکھائیں گے ہم مالی و جسمانی
حتیٰ کہ رہِ حق میں گھر بار لٹا دیں گے
اسلام کی خدمت میں ہم عمر گزاریں گے
جب وقت پڑے گا تو گردن بھی کٹا دیں گے
ہے بسترِ غفلت پر سوئی ہوئی دنیا اب
ہم بانگِ درا بن کر اک بار جگا دیں گے
آرام صلہ دیں گے آلام و مصائب کا
دشنام کے بدلے ہم دشمن کو دُعا دیں گے
چھا جائیں گے بادل پر اللہ کی رحمت کے
اور آتشِ دشمن کو گلزار بنا دیں گے
معلوم ہے یہ ہم کو سرکش جو مخالف ہیں
اک دن دو مہدی پر سر اپنے جھکا دیں گے
ہم نیک ارادوں کو لے کر ہی تو اٹّھے ہیں
محمودؔ زمانہ سے باطل کو مٹا دیں گے
(محمود ایمن آبادی)
