سپورٹس بلیٹن
کرکٹ:تین ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز ،پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر جیت لی۔۳۱؍اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے ۳۲۶؍رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ فخر زمان نےبےمثال بلےبازی کرتے ہوئے ۹۹؍گیندوں پر ۱۲۷؍رنز بنائے، جبکہ وکٹ کیپربلےباز سعد بیگ نے ۷۴؍اور عرفات منہاس نے صرف ۳۱؍گیندوں پر ۶۱؍رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کرداراداکیا۔قبل ازیں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے ۳۲۵؍ رنز بنائے تھے۔ کامندو مینڈس (Kamindu Mendis) نے ۱۳۱؍رنز اور پون رتناکے(Pavan Rathnayake) نے ۷۷؍رنز کی باری کھیلی۔ پاکستان کا ۳۲۶؍رنز کا ہدف حاصل کرنا ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کے فائنل مقابلوں میں مشترکہ طور پر سب سے بڑا کامیاب تعاقب ہے۔عرفات منہاس کومجموعی طورپرنووکٹیں لینے اور۱۴۹؍رنزبنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آسٹریلیابمقابلہ جنوبی افریقہ:جنوبی افریقہ نے تین ٹیسٹ میچزکی سیریزمیں آسٹریلیا کو۲۔۱؍سے ہرادیا۔کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں جنوبی افریقہ نے ۱۷۶؍رنزسے کامیابی حاصل کی۔میزبان ٹیم کے آف سپنرSimon Harmerنے میچ میں دس کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا جبکہ ریان رکلٹن اورویان ملڈرنے شاندارسینچریاں بنائیں۔جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر Marco Jansen مجموعی طورپرتیرہ وکٹیں اور۱۹۸؍رنزبناکرسیریزکے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔
بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ:پانچ میچز کی ٹی ٹوینٹی سیریزبھارت نے ۳۔۲؍سے جیت لی۔ابتدائی تین مقابلوں میں مہمان بھارتی ٹیم فتحیاب ہوئی جبکہ آخری دومیچزکیوی ٹیم کے نام رہے۔نیوزی لینڈکے گلین فلپس سیریز میں ۳۴۱؍رنزبناکربہترین کھلاڑی قرار پائے۔
رگبی لیگ ورلڈ کپ:مَردوں کے رگبی لیگ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ٹونگا اورساموانے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ گروپ میچز میں آسٹریلیااورٹونگاکی ٹیمیں تین تین میچز جیت کر سرفہرست رہیں۔اپنے آخری گروپ میچ میں آسٹریلیا نے کوک آئی لینڈز کوچھ کے مقابلے میں ۶۶؍پوائنٹس سے شکست دی جبکہ نیوزی لینڈ نے فجی کے خلاف ۷۸۔صفرکے سکور سے فتح حاصل کی۔سیمی فائنل میں نیوزیلینڈ کا مقابلہ ٹونگا جبکہ ساموا کا آسٹریلیا کے ساتھ ہوگا۔
خواتین کے سیمی فائنل مقابلوں میں ساموا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا جبکہ آسٹریلوی ٹیم فجی کا سامنا کرے گی۔
ٹینس:سپین کے Carlos Alcaraz نے ویانا اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل میں انہوں نے آسٹریلیا کےAlex de Minaurکو ۶-۱؍اور ۶-۴؍سے شکست دی۔ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے باسل اوپن کے فائنل میں موناکو کےValentin Vacherotنے جمہوریہ چیک کے جیری لیہیکا کو ۲-۶، ۶-۳ اور ۶-۳؍سے ہرا کر ٹائٹل جیتا۔ وہ باسل اوپن جیتنے والے موناکو کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
خواتین کے ٹینس میں ٹوکیو اوپن کے فائنل میں روس کی Diana Shnaiderنے کینیڈا کی لیلہ فرنینڈز کو ۶-۴، ۵-۷ اور ۶-۲؍سے شکست دے کر ٹائٹل حاصل کیا۔ چین میں گوانگژو اوپن کے فائنل میں برطانیہ کی Harriet Dartنے آسٹریا کی للی ٹیگر کو ۴-۶، ۶-۳ اور ۶-۴؍سے ہرا کر اپنے کیریئر کا پہلا ڈبلیوٹی اے ٹائٹل جیتا۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭



