جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر کا غیر حکومتی ادارے کے وفد کا دورہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے بنگلہ دیش کے ایک غیر حکومتی ادارے Shanti Mitra Samaj Kalyan Sangstha کے ایک وفد نے عیسائی تنظیم Taizé Community کے مشنری Brother Giom کی سربراہی میں مورخہ ۵؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر دارالتبلیغ، بخشی بازار، ڈھاکہ کا دورہ کیا۔ یہ ادارہ ضلع میمن سنگھ میں واقع ہے۔ اس دورے کا مقصد مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان تبادلۂ خیالات کو فروغ دینا تھا۔ مکرم عبد الاول خان چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔

تلاوت قرآن کریم کے بعد تعارف کا سلسلہ شروع ہوا اور مکرم شاہ محمد نور الامین صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ نماز ظہر تک گفتگو اور سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا۔ نماز ظہر کے بعد مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں خواتین کے پردے اور حقوق سے متعلق سوالات کے جواب میں مکرم امیر صاحب نے قرآن کریم اور احادیث نبویہ کی روشنی میں اسلامی تعلیمات بیان کیں۔ Brother Giom سمیت دیگر مہمانوں نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ شام ساڑھے چار بجے جلسہ سالانہ جرمنی کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مستورات سے خطاب براہ راست دیکھا گیا۔ مہمانوں نے خواتین کے حقوق سے متعلق اسلامی تعلیمات کے بارے میں نئی معلومات حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر جماعت احمدیہ عالمگیر کی جانب سے قرآن کریم کے ۷۶؍زبانوں میں شائع شدہ تراجم پر مشتمل نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جسے مہمانوں نے بہت پسند کیا اور اس کی تعریف کی۔
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی بین المذاہب ہم آہنگی اور اخوت کے فروغ کی اس کاوش میں برکت عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:نویدالرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: آئیوری کوسٹ کے Manریجن میں دو مساجد، معلم ہاؤس اور سولر واٹر ٹینک کا افتتاح



