امریکہ (رپورٹس)جلسہ سالانہ

تازہ ترین: ۷۶ویں جلسہ سالانہ امریکہ کا تیسرا روز

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر اور مطیع اللہ جوئیہ مربیان سلسلہ و نمائندگان الفضل انٹرنیشنل)

تیسرا دن: اتوار، ۵ جولائی ۲۰۲۶ء

جماعت احمدیہ امریکہ کے ۷۶ویں جلسہ سالانہ کے تیسرے اور آخری دن کا آغاز بھی خدا تعالیٰ کے فضل سے صبح پونے چار بجے جلسہ گاہ میں باجماعت نماز تہجد سے ہوا، جو مکرم حافظ امان احمد صاحب نے پڑھائی۔ اس کے بعد نماز فجر مکرم اظہر گورایا صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی اور توحید اور کلمہ شہادت کے موضوع پر درس حدیث پیش کیا۔

صبح سات بجے سے شاملین جلسہ کے لیے ڈائننگ ہال میں ناشتے کا انتظام کر دیا گیا تھا۔

اختتامی اجلاس: جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس کا آغاز صبح ۱۰ بجے ہوا، جس کی صدارت مکرم صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب، امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جس میں مکرم مبارک کوکوئی صاحب نے سورۃ القیامہ کی تلاوت پیش کی، جبکہ اس کا ترجمہ مکرم عبد الرحیم لطیف صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم سرمد احمد نوید صاحب مربی سلسلہ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام ’’اے سونے والو! جاگو کہ وقت بہار ہے، اب دیکھو آکے در پہ ہمارے وہ یار ہے‘‘ خوش الحانی سے پیش کیا، جس کا ترجمہ مکرم عبد اللطیف بلانٹا صاحب نے پیش کیا۔

اس کے بعد درج ذیل شعبہ جات اور ذیلی تنظیمات کی طرف سے غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے ممبران کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا، جنہیں مکرم امیر صاحب نے ایوارڈز عطا فرمائے:

  1. حفظ قرآن
  2. تعلیمی ایوارڈز
  3. اشاعت
  4. تربیت، طاہر اکیڈمی
  5. مجلس انصار اللہ
  6. مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس اطفال الاحمدیہ

حسب روایت مکرم امیر صاحب نے سال گزشتہ میں مجلس انصار اللہ، مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ میں اعلیٰ کارکردگی حاصل کرنے والی مجالس کو عَلَمِ انعامی سے نوازا۔

مجلس انصار اللہ امریکہ میں سنٹرل جرسی، مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ میں شکاگو، جبکہ مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ میں ملواکی مجلس نے عَلَمِ انعامی حاصل کیا۔

اجلاس کی پہلی تقریر مکرم سید عادل احمد صاحب مربی سلسلہ نے ’’خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں امریکہ جماعت کے لیے روحانی لائحہ عمل‘‘ کے عنوان پر کی۔ آپ نے احباب جماعت کے سامنے خلفائے احمدیت کی زریں نصائح اور رہنما ارشادات پیش کیے اور اس امر پر روشنی ڈالی کہ ان ہدایات پر عمل پیرا ہو کر ہم کس طرح خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کر سکتے ہیں۔

بعد ازاں مکرم عدنان احمد صاحب مربی سلسلہ نے ’’ذکر حبیب: حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا عالم اسلام کے لیے درد اور رہنمائی‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی حیات طیبہ سے مختلف مثالیں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ آپ علیہ السلام کے دل میں شروع ہی سے اسلام اور عالم اسلام کے لیے غیر معمولی درد موجزن تھا، اور کس طرح حضور علیہ السلام نے اعلائے کلمہ اسلام کے لیے ہر تکلیف کو بدل و جان قبول فرمایا۔

اس کے بعد مولانا اظہر حنیف صاحب مبلغ انچارج جماعت احمدیہ امریکہ نے ’’ایمان بالآخرت: حیات بعد الموت کی حقیقت اور اہمیت‘‘ کے نہایت اہم موضوع پر تقریر کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دنیوی زندگی کی حقیقت اور آخرت کی اہمیت بیان فرمائی اور احباب کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اعمال کی اصلاح کرتے ہوئے خدا تعالیٰ کی رضا کے مطابق زندگی بسر کریں۔

اختتامی خطاب اور دعا: جلسہ سالانہ امریکہ کا اختتامی خطاب مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ امریکہ نے کیا۔ آپ نے احباب جماعت کو اپنی ذمہ داریوں کا إحساس دلاتے ہوئے عہد بیعت سے وفا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز آپ نے تمام احباب کو توحید کے قیام کی نصیحت کی اور کثرت سے درود شریف پڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔ اسی طرح مکرم امیر صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے لیے دعا کی تحریک کی۔ پونے دو بجے کے قریب آپ نے اختتامی دعا کروائی۔

اجلاس کے بعد مکرم ارشاد ملہی صاحب مربی سلسلہ نے نماز ظہر و عصر پڑھائیں، جس کے بعد احباب ڈائننگ ہال تشریف لے گئے اور دوپہر کا کھانا تناول کیا۔ اس طرح جلسہ سالانہ امریکہ ۲۰۲۶ء خدا تعالیٰ کے فضل سے بخیریت اختتام پذیر ہوا۔ امسال جلسہ سالانہ کی کل حاضری ۹,۴۲۰ رہی۔

امسال دنیا کے مختلف حصوں کی طرح امریکہ کے اس علاقہ میں بھی گرمی کی شدت غیر معمولی رہی اور درجہ حرارت ۱۰۰ ڈگری فارن ہائیٹ سے تجاوز کر گیا، جس کے باعث بعض انتظامی معاملات میں دشواریاں بھی پیش آئیں۔ تاہم خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے کارکنان نے ضیافت سمیت ہر شعبہ میں نہایت اخلاص، مستعدی اور احسن رنگ میں اپنی خدمات سرانجام دیں۔

اللہ تعالیٰ تمام کارکنان اور رضاکاران کو احسن جزا عطا فرمائے اور ہم سب کو جلسہ سالانہ کے مقاصد کو حقیقی رنگ میں حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button