افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا کے باونویں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا کو اپنا ۵۲واں سالانہ نیشنل اجتماع ’’اللہ کی محبت‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲تا۵؍اپریل ۲۰۲۶ء فیڈرل گورنمنٹ کالج، اوگبوموشو، ریاست اویو میں کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔

امسال غیر ملکی مہمانان میں گھانا، موراکو اور بینن ریپبلک کے صدران مجلس خدام الاحمدیہ مع چند خدام بھی اس اجتماع میں تشریف لائے تھے۔ الحمدللہ، امسال اجتماع کی کل حاضری ۲۱۲۲؍تھی۔ ان میں خدام کی حاضری ۲۱۰۲؍تھی جبکہ غیر از جماعت مہمانان کی حاضری ۲۰؍تھی۔

اگرچہ اجتماع کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۲؍اپریل بروز جمعرات ہوا، تاہم مجلس خدام الاحمدیہ کی روایات کے مطابق اس سے قبل بھی متعدد اہم سرگرمیاں سرانجام دی گئیں۔ ان میں شہر کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں، عوام کے لیے پریس کانفرنس کا انعقاد اور خدمتِ انسانیت کے جذبہ کے تحت مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپ کا قیام شامل تھا۔

پہلا دن: نائیجیریا کے طول وعرض سے خدام الاحمدیہ اپنے سالانہ اجتماع کے لیے Ogbomoso ٹاؤن میں۴؍بجے سے قبل جمع ہونا شروع ہوئے۔ غیر ملکی مہمان بھی شام تک اجتماع کے مقام پر پہنچ گئےتھے۔ نماز مغرب وعشاء کے بعد مکرم حافظ عبدالرفیق الاکا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا نے تمام شاملین کو خوش آمدید کہا۔ رات کے کھانے کے بعد تمام شاملین Takie Garage, Ogbomoso میں جمع ہونے شروع ہوئے جہاں اس شام کا پبلک لیکچر منعقد ہوا جو کہ مکرم استاد اول آفولایان صاحب نے پیش کیا۔

دوسرا دن:دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر کی نماز سےہوا۔ دن کے پہلے اجلاس کا آغاز ہوا جس کی صدارت صدر مجلس خدام الاحمدیہ کیمرون مکرم یوسف سعید صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اورقصیدہ کے بعد اس اجلاس کی تقریر مکرم معلم تسلیم سلیمان صاحب نے ’’محاسبۂ نفس-معاشرہ کی اصلاح کا ایک ذریعہ‘‘کے موضوع پر کی۔

خدام کے مرکزی امتحان کے مقابلے کا انعقاد ہوا۔ اس دفعہ تعلیمی نصاب کے ساتھ ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات جمعہ سے سوالات بھی شامل نصاب تھے۔ اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کے ابتدائی مراحل کےمقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ جمعہ سے قبل نومبائعین خدام کا ایک اجلاس ہوا۔ ایک بجے سےقبل تمام خدام جمعہ کی تیاری کر کے پہنچ گئے۔ سب سے پہلے تمام شاملین نے براہ راست حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ سنا جس کے بعد مکرم عدنان طاہر صاحب مبلغ انچارج نائیجیریا نے خطبہ جمعہ میں خدام کو تلقین کی کہ ہماری تمام عبادات کی حقیقت اور اس کی روح اللہ تعالیٰ کی محبت ہے۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے گذشتہ خطبہ جمعہ کا خلاصہ بیان کیااورآخرپر نصیحت کی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے جن دعاؤں کے روزانہ پڑھنےکا حکم دیا ہے اس کو روزانہ بلاناغہ دہرائیں۔

شام ۴؍بجے نائب امیر جماعت نائیجیریا مکرم الحاجی مفضل بنکولے صاحب کی صدارت میں مارچ پاسٹ اور پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تمام علاقہ جات کے خدام نے اس میں بھرپور حصہ لیا۔ اس کے بعد شام میں مزید علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیاگیا۔

نماز مغرب کے بعد ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت نمائندہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا مکرم محمد Adusei صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد ’’اعمال کے نتائج: سماجی اور مذہبی ذمہ داری کے اثرات‘‘ کے عنوان پر مکرم عبدالرقیب ایکیمی صاحب نے لیکچر دیا۔ رات کے کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد کیے گئے۔

تیسرا دن:دن کا آغاز حسب روایت نماز تہجد اور فجر کی نمازوں سے ہوا۔ اس کے معاً بعد ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت نمائندہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ موراکو نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مکرم مولوی عبدالمجیب ایوبا صاحب نے ایک تقریر بعنوان ’’نیک اعمال کے ذریعے امید کی تجدید‘‘پیش کی۔

صبح ساڑھے ۸؍بجے شرکاء نے ایک پُرامن اور منظم روڈ واک میں شرکت کی جو Sejeet Civic center, Oke Owode تک ہوئی جہاں اجتماع کے سمپوزیم کا انعقاد ہوا۔

یہ سمپوزیم نہایت کامیاب رہااس میں حکومتی نمائندگان، مذہبی قائدین، قبائلی عمائدین اور دیگر معزز افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت مکر م الحاجی مفضل بنکولے صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا نے کی۔ اس اجلاس کا لیکچراجتماع کے مرکزی موضوع پر مکرم معلم اپویں محمد الواعظ صاحب نے پیش کیا۔ آپ نے قرآن وحدیث کی روشنی میں اللہ تعالیٰ کی محبت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد صحابہ رسولﷺ اور صحابہ حضرت مسیح موعودؑ کے اللہ تعالیٰ سے محبت کے واقعات بیان کيے جس نے حاضرین کے دلوں میں نیا ولولہ پیدا کر دیا۔

شام کو ورزشی مقابلہ جات کے فائنلز کا انعقاد کیا گیا اور رات نماز مغرب کے بعد وصیت کے بارہ میں اجلاس منعقد ہوا۔ نماز عشاء اور رات کے کھانے کے بعد انڈور مقابلوں کے فائنلز کا انعقاد کیا گیا۔

چوتھا دن:آخری دن کا آغاز حسب معمول تہجد اور فجر کی نماز سے ہوا جس کے بعد مہتمم تربیت مولوی عبدالحکیم سلیمان صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کا مختصر لیکن پُراثر خلاصہ پیش کیا۔

اختتامی اجلاس میں غیر ملکی صدر ان مجلس خدام الاحمدیہ گھانا، موراکو اور بینن ریپبلک کے نمائندگان اور دیگر معزز مہمانان نے شرکت کی۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم عدنان طاہر صاحب مبلغ انچارج نائیجیریا نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، قصیدہ کے بعد صدر صاحب نے رپورٹ پیش کی۔ مبلغ انچارج نائیجیریا نے مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والےخدام میں انعامات تقسیم کیے۔ آخر میں مبلغ انچارج صاحب نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام خدام کو اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے، انسانی رشتوں کو سنوارنے اور خلافت سے وفادار رہنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد آپ نے اختتامی دعا کروائی اور یوں ۵۲واں اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button