متفرق شعراء

نظامِ آسمانی

نظامِ آسمانی کا بدل کوئی نہیں یارو
خلافت ہی نبوت کی فقط ہے جانشیں یارو

بتاتا ہے ہمیں ہر دم یہ استخلاف کا وعدہ
کہ مومن دائمی اس نور کے ہوں گے امیں یارو

خلافت وہ شجر ہے جس کے سائے میں سکینت ہے
یہیں پر امن پاتے ہیں پریشان و حزیں یارو

زمانہ ڈھونڈتا پھرتا ہے نسخہ امنِ عالم کا
خلافت کے سوا جو مل نہیں سکتا کہیں یارو

نوشتہ ہے خدا کا جس کو بدلا جا نہیں سکتا
رہے گی تا قیامت اب خلافت بالیقیں یارو

غموں کی آندھیوں میں اور حوادث کے اندھیروں میں
زمانے کے لیے ہے اب یہی حصنِ حصیں یارو

خدا نے فضل سے اپنے اگر نعمت یہ بخشی ہے
تو پھر لازم ہے سجدوں میں رہے اپنی جبیں یارو

خدا کی خاص بخشش پانچواں دورِ خلافت ہے
کہ جس میں پا رہا ہے دینِ حق فتح مبیں یارو

بہت مسرور ہے ہر دم ظفرؔ ان کی مریدی میں
جنہیں مولا نے بخشی بادشاہت بر زمیں یارو

(مبارک احمد ظفرؔ ۔ یوکے)

مزید پڑھیں:یہ جلسے کی برکت ہو حاصل سبھی کو

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button