رپورٹس از جلسہ گاہ مستورات(قسط دوم۔آخری)
۶۰واں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء
لجنہ بازار
جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کے موقع پر لجنہ اماءاللہ کے زیرِ انتظام حدیقۃ المہدی میں مستورات کے لیے لگایا جانے والا بازار ایک بار پھر خدمت خلق، جماعتی تعاون اور روحانی تربیت کا حسین امتزاج پیش کرتا رہا۔ باوجود شدید گرمی کے، بازار میں ہر سو گہما گہمی اور چہل پہل تھی۔ یہ بازار نہ صرف مستورات کے لیے خریداری کا مرکز تھا بلکہ احمدی خواتین کی محنت، ہنرمندی، تنظیمی صلاحیتوں اور مہمان نوازی کا عملی نمونہ بھی تھا۔

امسال کل ۳۰؍ سٹالز لجنہ بازار کی زینت بنے جن میں نجی ا سٹالز کے علاوہ ایک بڑا فوڈ سٹال بھی شامل تھا۔ ان اسٹالز پر تینوں دن متنوع اشیاء دستیاب رہیں جن میں کپڑے، زیورات، دستکاری، بچوں کے کھلونے وغیرہ شامل تھے۔ سب اسٹالز میں ہیومینٹی فرسٹ کاا سٹال اپنی انفرادیت قائم کیے ہوئے تھا جہاں پر مختلف قسم کی اشیاء ہیومینٹی فرسٹ کے ’’لوگو‘‘کے ساتھ دستیاب تھیں مثلاًجیکٹ، hoodies چھتریاں، tote bagاور ٹوپیاں وغیرہ۔ اس اسٹال پر ملنے والا شہد بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں پانی کی بوتلیں اور بیگز بھی بہت پسند کیے گئے۔ اسی طرح آرگینک سکن کئیر (organic skin care)کا اسٹال بھی امسال اپنی نوعیت میں منفرد تھا۔ یہاں پر بکنے والی تمام اشیاء قدرتی اجزاء سے بنی ہوئی تھیں مثلاً سکن کئیر، عود پرفیوم اور بخور (air freshner) خاص طور پر دبئی سے منگوا ئے گئےتھے جبکہ ایرانی زعفران بھی دستیاب تھا۔ اس اسٹال کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ یہاں seamoss gel سے بنایا گیا فوڈ سپلیمنٹ بھی دستیاب تھا۔
بازار میں کھانے پینے کےا سٹالز پر خاصی رونق دیکھی گئی جہاں مختلف قسم کے لذیذ پکوان دستیاب تھے مثلاً چنا چاٹ، دہی بھلے، پانی پوری، مصالحہ فش، نان پکوڑے نان، سموسے، لوڈِڈ فرائیز، چکن برگر اور وافل سنڈے وغیرہ۔ شدید گرمی کی وجہ سے فالودہ اور قلفی کے اسٹالز پر کافی گہما گہمی تھی۔ لجنہ بازار میں داخل ہوتے ہی ایک منظّم ترتیب واضح نظر آتی تھی۔ تمام فوڈ اسٹال ایک جانب کو تھے جبکہ دیگر اشیاء کے ا سٹالز دوسری جانب موجود تھے۔
حفظانِ صحت کو یقینی بنانے کے لیے گورنمنٹ کی ہیلتھ اینڈ سیفٹی کی ٹیم بازار کا معائنہ کرتی ہے۔ اور اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ ہر چیز صحیح طریقے سے کام کر رہی ہے اور کھانا بناتے وقت کارکنات نے ایپرن، ٹوپی اور دستانے وغیرہ پہنے ہوئے ہوں۔ بازار کے انتظام و انصرام کے لیے ۸؍ٹیمیں بنائی گئی ہیں جن میں food prep سیلز، سٹور، فنانس، صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت وغیرہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ بازار میں اسٹال ہولڈرز اور خریداروں دونوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔ سب اسٹالز کو مارکی، بجلی، میزیں اور کرسیاں فراہم کی گئیں۔ خریداروں کے لیے قطاروں کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے امسال خاص کوشش کی گئی جس میںSEND اور معمر افراد کے لیے خصوصی قطاریں شامل تھیں۔ کھانے کے لیے مخصوص زونز بھی قائم کیے گئے تھے تاکہ مہمان آرام سے من پسندکھانا خرید سکیں۔

یہاں پر کام کرنے والی کارکنات بازار میں رضاکارانہ ڈیوٹی کو اس لیے ترجیح دیتی ہیں کیونکہ یہ ٹیم ورک کا ایک بہترین نمونہ ہے اور انہیں ایک ٹیم کی طرح متحد ہو کر کام کرنا بہت پسند ہے۔
بُک سٹال – جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے موقع پر جلسہ گاہ مستورات میں قائم بک اسٹال نے مہمانوں کی علمی و روحانی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بُک سٹال جلسہ گاہ کے داخلی راستے کے عین سامنے ہونے کی وجہ سے صبح ہی سےبڑی تعداد میں آنے والی خواتین اور بچیاں آتے ہی سٹال کا رخ کرتی رہیں۔ اس کے علاوہ دوپہر کے کھانے کے وقفہ کے دوران اور شام کو جلسہ کی کارروائی ختم ہونے کے بعد بھی بُک سٹال ،شاملین کی دلچسپی کا باعث بنا رہا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مستورات سے خطاب کے دوران خواتین کو اپنا دینی علم بڑھانے کے خصوصی تاکید فرمائی، جس کے بعد بُک سٹال میں خاص طور پر خواتین اور بچوں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھا گیا۔
اس سال بچوں کے لیے رنگین تصاویر سے مزین چند نئی، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اقتباسات پر مبنی، کہانیوں کی کتابیں شائع کی گئیں، جنہیں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی اور یہ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتب میں شامل رہیں۔ اسی طرح دینی معلومات پر مبنی تعلیمی playing کارڈز اور عربی حروفِ تہجی سیکھنے کے لیے flash cards بھی والدین اور بچوں کی بھرپور توجہ کا مرکز بنے۔
امسال لجنہ اماء اللہ یو کے کی دو نئی شائع کردہ کتب “Faith in Action” اور “Quest for Morality” پیش کی گئیں۔ ” Faith in Action “ احمدی خواتین کی عبادت کے اعلیٰ معیار، اخلاق حسنہ اور دین کی خاطر قربانیوں کے واقعات کا مجموعہ ہے۔ اس کے علاوہ احمدی خواتین شہداء کے ایمان افروز واقعات کا بھی تذکرہ ازدیادِ ایمان کے لیے اس کتاب میں شامل ہیں۔ “Quest for Morality” قرآنی ا حکامات اور قرآنی فلسفہ کی روشنی میں دور حاضر میں اخلاق حسنہ کے اعلیٰ معیار کے قیام کے لیے عملی راہنمائی فراہم کرتی ہے۔
ہفتہ کے روز دوپہر کے بعد صحیح بخاری جلد دوم پہلی مرتبہ فروخت کے لیے پیش کی گئی۔ قارئین کی بے حد دلچسپی کے باعث چند ہی گھنٹوں میں تمام دستیاب نسخے فروخت ہو گئے۔ یاد رہے کہ صحیح بخاری جلد اول گذشتہ سال اسی بک سٹال پر پہلی مرتبہ متعارف کروائی گئی تھی۔
حسبِ روایت قرآن کریم اورقائدہ یسرنا القرآن کی نقول بھی حاضرین میں ہمیشہ کی طرح مقبول رہیں اور ان کی طلب مسلسل دیکھنے میں آئی۔ اس سال حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی چند اہم کتب کے انگریزی تراجم بھی پہلی مرتبہ دستیاب کیے گئے، جن میں خطبہ الہامیہ، نور المسیح اور فقہ المسیح شامل ہیں۔ ان کتب میں بھی قارئین نے خاص دلچسپی کا اظہار کیا۔
بُک سٹال کی ایک اور نمایاں کوشش امسال لجنہ کی شائع کردہ سہ ماہی میگزین النصرت کے لیے قائم کردہ ایک علیحدہ سٹال تھا، جہاں سال ۲۰۲۵ء تا ۲۰۲۶ء کے تمام دستیاب شمارے نمائش اور فروخت کے لیے رکھے گئے۔ مہمانوں نے اس اشاعت کو بھی خوب سراہا اور بڑی تعداد میں شمارے حاصل کیے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے بُک سٹال کے ذریعے جماعتی لٹریچر کی اشاعت اور مطالعۂ کتب کی حوصلہ افزائی کا مقصد احسن رنگ میں پورا ہوا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کوششوں کو قبول فرمائے اور اس مساعی کو آئندہ بھی مستورات کی علمی و روحانی ترقی کا ذریعہ بناتا چلا جائے۔ آمین۔
شعبہ فرسٹ ایڈ جلسہ گاہ مستورات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کے دوران جلسہ گاہ مستورات میں شعبہ فرسٹ ایڈ نے تمام شاملینِ جلسہ کو بروقت، منظّم اور معیاری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنی خدمات نہایت مستعدی سے سر انجام دیں۔
شعبہ فرسٹ ایڈ میں تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے جو مریضوں کا ابتدائی طبی معائنہ (Triage) کر کے ان کی طبیعت کا جائزہ لیتا ہے تاکہ ہر مریض کو اس کی ضرورت کے مطابق فوری اور مناسب طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے شعبہ میں دو کلینیکل کیوبیکلز (Clinical Cubicles) قائم کیے گئے ہیں جہاں مریضوں کا معائنہ اور ابتدائی علاج کیا جاتا ہے۔ بنیادی دوائیں جیسے pain killers, anti-allergy سے لیکر ضرورت پڑنے پر antibiotics بھی دستیاب ہیں۔

شعبہ میں خدمات انجام دینے والی رضاکار کارکنات میں تجربہ کار پیرا میڈکس، ڈاکٹرز، میڈیکل طلبہ و طالبات اور دیگر معاون عملہ شامل ہے۔ روزانہ تقریباً ۲۰؍ تا ۲۵؍ افراد پر مشتمل ٹیم مختلف شفٹوں میں خدمات انجام دیتی رہی، جس کی بدولت دن رات مسلسل طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔
جلسہ گاہ مستورات میں ایک موبائل فرسٹ ایڈ ٹیم بھی موجود رہی جو روزانہ دوپہر ۰۰ :۲؍ بجے سے رات ۹:۳۰؍ بجے تک فعال رہتی تھی ۔ یہ ٹیم بگیوں (Buggies) کے ذریعے جلسہ گاہ کے مختلف حصوں میں پہنچ کر ضرورت مند مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتی اور ضرورت پڑنے پر انہیں فرسٹ ایڈ یونٹ تک منتقل کرتی رہی۔
جن مریضوں کے بارے میں مزید طبی معائنے یا ہسپتال منتقل کیے جانے کی ضرورت محسوس کی جاتی ہے، انہیں مردانہ جلسہ گاہ میں ہر وقت موجود ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال روانہ کیا جاتا ہے۔ مردانہ شعبہ فرسٹ ایڈ، جلسہ گاہ مستورات میں موجود فرسٹ ایڈ شعبہ کے ساتھ عقب سے ملحقہ ہے جس کی وجہ سے دونوں شعبوں کے درمیان بہترین رابطہ اور فوری تعاون ممکن ہوتا ہے، جس سے مریضوں کی بروقت منتقلی اور علاج میں سہولت میسر آتی ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ فرسٹ ایڈ کی رضاکار کارکنات نے محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ خدمت کے ساتھ جلسہ سالانہ کے دوران طبی خدمات احسن رنگ میں انجام دیں اور شاملینِ جلسہ کی صحت و سلامتی کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام خدمت کرنے والیوں کی خدمات کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی خدمتِ خلق کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
ماں اور بچہ مارکی
ماں اور بچہ مارکی کا بنیادی مقصد جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والی چھوٹے بچوں والی ماؤں کے لیے ایک محفوظ، آرام دِہ اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ جلسہ سالانہ کی کارروائی سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ اس سال بھی ماں اور بچہ مارکی میں خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور ماؤں و بچوں کی سہولت کے لیے متعدد انتظامات کیے گئے۔

ماں اور بچہ مارکی مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہے تاکہ ماؤں اور بچوں کو موسم کی شدت سے محفوظ، خوشگوار ماحول مہیا کیا جا سکے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کے مطابق مارکی کے اندر پینے کے پانی کا وافر انتظام کیا گیا تاکہ گرمی کے موسم میں مہمانوں کو ہر وقت پینے کا صاف پانی دستیاب رہے۔
ماں اور بچہ مارکی میں خدمات انجام دینے والی تمام لجنہ کو ہیلتھ اینڈ سیفٹی کی تربیت دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ امسال فرسٹ ایڈ اور فائر ڈرل کی عملی تربیت بھی مکمل کروائی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت اور مؤثر انداز میں سامنا کر سکیں اور شاملین جلسہ کو فوری معاونت فراہم کی جا سکے۔
جلسہ سے قبل تمام کارکنات کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں کارکنات کی ذمہ داریوں، حفاظتی اقدامات اور خدمت کے طریقۂ کار کے بارے میں تفصیلی ہدایات دی گئیں تاکہ جلسہ کے دوران بہترین نظم و نسق برقرار رکھا جا سکے۔

تمام کارکنات چھوٹے بچوں کے ساتھ آنے والی ماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مناسب نشستوں تک پہنچانے اور ضرورت کے مطابق ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے مصروف عمل رہیں تاکہ تمام شاملین اطمینان کے ساتھ جلسہ کی کارروائی سے مستفید ہو سکیں۔
نظم و ضبط اور آمد و رفت کو بہتر بنانے کے لیے مارکی میں علیحدہ داخلی اور خارجی راستوں کا انتظام کیا گیا۔ جلسہ کی کارروائی دکھانے والی اسکرینوں کے گرد بھی حفاظتی انتظامات کیے گئے تاکہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ تمام کارکنات حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت اخلاص، محبت اور جذبۂ ایثار کے ساتھ انجام دینے کی بھرپور کوشش کرتی ر ہیں۔
پُش چیئر مارکی
پُش چیئر مارکی کا مقصد چھوٹے بچوں کے ساتھ آنے والے مہمانوں کے لیے منظّم اور محفوظ پُش چیئر کی پارکنگ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آسانی سے جلسہ کی کارروائی سے استفادہ کر سکیں۔ اس شعبہ میں ۲۵؍ کارکنات خدمات انجام دے رہی ہیں۔ پُش چیئرز کی شناخت اور واپسی کے لیے مختلف رنگوں کے زونز کا استعمال کیا گیا ہے، جس سے پُش چیئرز کی آسان، جلد اور درست واپسی ممکن ہوتی ہے۔ SEND پاس رکھنے والی ماؤں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جاتی ہے تاکہ انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

مارکی میں تقریباً ۱۰۰۰؍ پُش چیئرز کی گنجائش موجود ہے اور اس کے لیے منظّم پارکنگ اور واضح راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ تمام کارکنات خوش دلی، اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت میں مصروف رہیں۔
مارکی برائے سہولیات
ماں اور بچہ مارکی کے عین سامنے چھوٹے بچوں کے ساتھ جلسہ میں شامل ہونے والی ماؤں کے لیے ایک سہولیات کی مارکی موجود ہے۔ اس مارکی میں بچوں کا کھانا، پانی اور دودھ وغیرہ گرم کرنے کے لیے مائیکروِویو، ایک چھوٹا فریج اور دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے ایک الگ باپردہ گوشہ بھی بنایا گیا ہے۔ مارکی کو اندر سے نہایت باریک بینی اور سلیقہ سے سجایا گیا ہے۔

مارکی میں اندر داخل ہوتے ہی ایک پُرسکون ماحول کا احساس ہوتا ہے جہاں آ کر چھوٹے بچوں والی مائیں نہایت سکون اور سہولت سے اپنے بچوں کی ضروریات پوری کر سکتی ہیں۔ اس ٹیم میں شامل تمام کارکنات نہایت پیار، خلوص اور محبت سے ماؤں کا استقبال کرتی رہیں اور انکی ہر ممکن خدمت کرتی رہیں۔
شعبہ’ بچوں کے نیم بینڈز ‘
شعبہ ’بچوں کےName Bands ‘نے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے دوران بچوں کی حفاظت اور ان کی آسان شناخت کو یقینی بنانے اور گمشدگی کی صورت میں والدین تک فوری طور پر واپس پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بچوں کو کلائی پر پہننے والے شناختی Bandsفراہم کیے گئے جن پر بچے کا نام، والدہ کا نام، ایمز آئی ڈی اور رابطہ نمبر درج تھا تاکہ والدین سے فوری رابطہ کیا جا سکے۔ اس شعبہ میں ۱۴؍ کارکنات خدمت پر مامور رہیں، جنہوں نے اخلاص، ذمہ داری اور خوش اسلوبی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔

اس انتظام کا مقصد یہ تھا کہ اگر کوئی بچہ اپنے اہلِ خانہ سے بچھڑ جائے تو اسے جلد اور محفوظ طریق پر دوبارہ ان کے ساتھ ملایا جا سکے۔ اس کے علاوہ کارکنات گمشدہ بچوں اور ان کی والدہ یا سرپرست کو Lost Children Point تک راہنمائی فراہم کرتی ر ہیں اور ضرورت کے مطابق ان کی ہر طرح سے معاونت بھی کرتی رہیں۔

الحمدللہ، اس سال شعبہ میں غیر معمولی مصروفیت رہی۔ پہلے ہی دن تقریباً ۷۰۰؍نName Bandsجاری کیے گئے، جبکہ تینوں دنوں کے دوران ۱۵۰۰؍سے زائد بچوں کو Name Bandsفراہم کیے گئے۔ تمام کارکنات نے صبر، خوش اخلاقی اور بہترین باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔
شعبہ SEND
شعبہ SEND نے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء کے دوران SENDبچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے مارکی میں ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنایا۔ اس شعبہ میں۱۸؍کارکنات مہما نوں کی ہر ممکن معاونت کے لیے مستعد رہیں۔ مارکی میں مختلف سہولیات جیسے سینسری ایریا، سیکیورڈ گارڈن ایریا، سرگرمیوں کی میزیں، آرام کے لیے کرسیاں اور کھانے پینے کا انتظام موجود تھا۔ کارکنات ہر وقت SENDبچوں کی دیکھ بھال اور ان کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن معاونت کے لیے موجود رہیں۔ اس سہولت کے باعث SEND خاندانوں کو ایک محفوظ اور آرام دہ ماحول میسر آیا۔ الحمدللہ، امسال مارکی کوگذشتہ سالوں کی نسبت زیادہ محفوظ بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے گئے۔ علاوہ ازیں بچوں کے لیے دستیاب کھلی جگہ بھی وسیع تر کی گئ۔ الحمدللہ، تمام کارکنات نے نہایت اخلاص، محبت اور صبر کے ساتھ یہ خدمت سرانجام دی۔ اس شعبہ کے تحت مین مارکی میں حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کے مستورات سے خطاب کا رواں ترجمہ سائن لینگویج میں بھی پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: شعبہ رپورٹنگ مستورات جلسہ گاہ)
