ہیومینٹی فرسٹ کی سرگرمیاں(۶۰؍ واں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء)
گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی جلسہ سالانہ یو کے نے ہیومینٹی فرسٹ یو کے کو اپنے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کو متعارف کرانے اور دنیا بھر میں ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے عوامی تعاون حاصل کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔

ہیومینٹی فرسٹ یو کے کی جانب سے نمائشوں، غزہ آگاہی ڈسپلے، فوڈ سٹالز اور مرچنڈائز سٹالز کا اہتمام کیا گیا، جہاں آنے والے مہمانوں کو تنظیم کے مختلف منصوبوں، جن میں آفات سے متاثرہ افراد کی امداد، صحت، تعلیم اور واٹر فار لائف پروگرام شامل ہیں، کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے دنیا بھر میں جاری انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے مالی تعاون اور عوامی حمایت حاصل کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔
خصوصی معلوماتی خیموں اور ڈسپلے کے ذریعے شرکاء کو غزہ سمیت مختلف بحرانوں سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ہیومینٹی فرسٹ یو کے کی جانب سے غزہ میں ۱۴؍ لاکھ لیٹر صاف پانی فراہم کیا گیا، جس سے ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ اس کے علاوہ بے گھر ہونے والے خاندانوں میں اقوامِ متحدہ کے معیار کے مطابق تیار کردہ ۳۰۰؍ خیمے اور غذائی امداد بھی تقسیم کی گئی۔

تنظیم نے بحران سے متاثرہ بچوں کے لیے عارضی تعلیمی مراکز بھی قائم کیے، جہاں انہیں عربی، انگریزی اور ریاضی سمیت مختلف مضامین کی تعلیم جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
اس موقع پر ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے مختلف معلوماتی نشستوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جن میں آفات سے نمٹنے کی تیاری، غذائی تحفظ اور ہنگامی حالات میں مؤثر مواصلات جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ ان نشستوں میں جلسہ سالانہ کے مہمانوں نے بھرپور دلچسپی کے ساتھ شرکت کی۔
(رپورٹ:آصف بلوچ، طیب احمد۔ نظامت رپورٹنگ جلسہ گاہ)
٭…٭…٭
