افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ میں ریفریشر کورس برائے بیگمات مبلغین ومعلمین کرام کا انعقاد

مکرمہ یاسمین پاشا صاحبہ نائب صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۱۳تا۱۵؍جون ۲۰۲۶ء کو مرکزی مبلغین کرام و مقامی معلمین کرام کی فیملیز کے لیے تین روزہ ریفریشر کورس کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس ریفریشر کورس کا اہتمام آبیدجان شہر میں واقع جماعتی جگہ مہدی آباد میں کیا گیا۔ اس پروگرام میں۱۹؍ریجنز سے مبلغین و معلمین کرام کی ۳۱؍فیملیز نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت خاکسارنے کی۔

پہلے دن کا پروگرام بزبان فرانسیسی ہوا جس کا آغاز صبح ۹؍بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد لجنہ اماءاللہ، متلو آیت کی تفسیر، حدیث اور ملفوظات سے اقتباس سے ہوا۔ تمام پروگرام کا مرکزی موضوع ’’کس طرح حقیقی طور پر مسلمات، مومنات، قانتات، صابرات، صادقات، خاشعات اور صائمات والی خصوصیات اپنائی جاسکتی ہیں‘‘۔ پہلے دن کی کارروائی میں مذہب کی ضرورت اور تدریجاً مذہبی تعلیم کی تکمیل اوردین اسلام کامل مذہب ہے، تک کا مختصر خاکہ بھی پیش کیا گیا۔

اس کے بعد ارکان اسلام، ارکان ایمان اور ایمان کی حقیقت پر تفصیلی درس دیا گیا جس میں نماز، نماز جمعہ اور نماز جنازہ کی ادائیگی اور ان کی اہمیت بیان کی گئی۔ اس دوران سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ بعد از نماز ظہر و عصر ’’شرائط بیعت‘‘ کے موضوع پر کتاب ’’شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کی روشنی میں بیعت کی حقیقت، اس کی تاریخی اہمیت اور جماعت احمدیہ میں پہلی بیعت کا پس منظر بیان کیا گیا۔ وقت کی قلت کے باعث پہلے روز صرف ابتدائی دو شرائط بیعت کی تشریح پیش کی جا سکی۔

دوسرے دن کا پروگرام بھی بزبان فرانسیسی ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعدگذشتہ روز کے تسلسل میں تیسری تا دسویں شرطِ بیعت پر شاملین کو تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ جبکہ شام کے اجلاس میں صحت پر ایک تفصیلی لیکچر ہوا جس دوران ڈاکٹر ریحانہ احمد صاحبہ نے خواتین کی صحت، ایام مخصوصہ، حمل، مینو پاز، ملیریا پر شاملین کو آگاہی فراہم کی جبکہ بعض سوالوں کے جواب میں بچوں کی صحت سے متعلق بھی تفصیل سے بتایا۔ یہ سلسلہ نماز مغرب تک جاری رہا۔

تیسرےدن کاپروگرام بزبان اردو ہوا جس میں صرف مرکزی مبلغین کرام کی بیگمات شامل تھیں۔ تلاوت قرآن کریم، عہد، حدیث اور ملفو ظات سے اقتباس کے بعد نیشنل اجتماع لجنہ اماءاللہ کے پروگرام کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ بعد ازاں ’’وقف کی روح کو سمجھتے ہوئےہم کیسےاپنے نیک عملی نمونہ اور جماعتی کاموں میں تعاون کر کے ایک مثال بن سکتے ہیں‘‘ کے موضوع پرسب شاملین کو نصائح کی گئیں۔ بعض مختلف مو ضوعات پر سوال و جواب کے ساتھ نماز ظہر سے قبل یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔

اس پروگرام میں نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ مکرمہ مادام شکورت آڈوالے صاحبہ ا ور صدر لجنہ مجلس آبید جان مکرمہ مادام لڈی ساوادوگوصاحبہ نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ عزیزہ صبا تبسم، عزیزہ مشعل پاشا صاحبہ اور مکرمہ ریحانہ احمد صاحبہ نے بھی اس پروگرام کے کامیاب بنانے میں بہت مدد کی۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو حقیقی معنی میں اس ریفریشر کورس سے بھرپور فائدہ اٹھانے والا بنائے اور ہم سب کے ایمان و ایقان میں جلا بخشے۔ آمین

(رپورٹ:عبد النور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button