اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ہائے ارتحال

نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ سانحہ ہائے ارتحال بھیجتے ہیں:

٭… منور الاسلام بھوئیاں صاحب آف چٹاگنگ جماعت ولد مرحوم قمر الاسلام بھوئیاں صاحب مورخہ ۲۵؍جون ۲۰۲۶ء بروز جمعرات حرکت قلب بند ہونے کے باعث ڈھاکہ میں وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

اسی روز دارالتبلیغ بخشی بازار ڈھاکہ میں مکرم عبدالاوّل خان چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی۔ ۲۷؍جون کو چٹاگنگ جماعت کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

مرحوم پیدائشی احمدی اور موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔

مرحوم نیک، مخلص، غریب پرور اور جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے تھے۔ ہنس مکھ طبیعت کے مالک تھے اور رشتہ داروں و پڑوسیوں سے حسن سلوک سے پیش آتے تھے۔ تین بھائیوں میں سب سے بڑے تھے اور والد کی وفات کے بعد اپنے تمام بہن بھائیوں کا نہایت محبت اور ذمہ داری سے خیال رکھا۔

مرحوم کو دو مرتبہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل ہوئی۔ ایک مرتبہ جلسہ سالانہ برطانیہ میں شرکت اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ سے ملاقات کا شرف بھی حاصل ہوا۔ ۲۰۲۵ء میں بھی جلسہ سالانہ برطانیہ میں شرکت کے لیے کوشش کی اور ویزا بھی حاصل کر لیا تھا، تاہم علالت کے باعث شرکت نہ کر سکے۔

مرحوم کا ایک بیٹا بھی تھا جو صرف پانچ سال کی عمر میں وفات پا گیا تھا۔ مرحوم نے اس صدمے کو نہایت صبر کے ساتھ برداشت کیا۔

٭… ڈاکٹر شہاب الدین احمد صاحب آف ڈھاکہ جماعت ولد مرحوم اسماعیل صاحب مورخہ ۳۰؍جون کو کینسر کے عارضہ کے باعث ۸۰؍سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اناللہ و انا الیہ راجعون

یکم جولائی کی صبح دارالتبلیغ بخشی بازار، ڈھاکہ میں مرحوم کی نماز جنازہ مکرم امیر صاحب نے پڑھائی۔ بعد ازاں ان کے آبائی گاؤں رام چندرپور، کالی گنج، ضلع گاجی پور میں تدفین عمل میں آئی۔

پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔ مرحوم موصی تھے۔

تقریباً ۳۵؍سال قبل مرحوم نے خود بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی۔ آپ طویل عرصہ سے ڈھاکہ میں مقیم تھے۔ جماعت ڈھاکہ کے پلاشپور حلقہ اور بعد ازاں تاوفات کجلار پاڑ حلقہ کے صدر کے طور پر نہایت اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ خدمات سرانجام دینے کی توفیق حاصل کی۔

مرحوم ہومیوپیتھک ڈاکٹر تھے۔ آپ نے اپنے مطب کو تبلیغی مرکز بنایا ہوا تھا اور مریضوں کو جسمانی علاج کے ساتھ روحانی علاج بھی فراہم کرتے تھے۔ ان کی تبلیغ کے ذریعہ کئی افراد کو احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی۔ تبلیغی سرگرمیوں کی وجہ سے علاقہ میں متعدد مرتبہ مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ وعظوں میں ان کا نام لے کر دھمکیاں دی گئیں، لیکن مرحوم اپنے ایمان پر مضبوطی سے قائم رہے۔ نہ کبھی اپنا مطب بند کیا اور نہ تبلیغ سے پیچھے ہٹے۔

مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار اور قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والے تھے۔ جماعتی لٹریچر کا بھی باقاعدگی سے مطالعہ کرتے۔ ہنس مکھ، عاجز اور نرم خو طبیعت کے مالک تھے۔ خلافت اور جماعت کے ساتھ گہری محبت کا تعلق رکھتے تھے۔

٭…صدیق رحیم صاحب ولد عبدالرحیم یونس صاحب مرحوم آف چٹاگنگ جماعت نمونیہ (Pneumonia) کے عارضہ کے باعث ۷۴؍سال کی عمر میں مورخہ ۲؍جولائی کو وفات پاگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم کی نماز جنازہ ۴؍جولائی بعد از نماز عصر مسجد بیت الباسط، چٹاگنگ میں ظفر احمد صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش نے پڑھائی جس کے بعد چٹاگنگ جماعت کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

مرحوم پیدائشی احمدی اور موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔

مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار اور قرآن کریم سے گہری محبت رکھنے والے تھے۔ روزانہ تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ساتھ Five Volume Commentary سے ترجمہ و تفسیر کا مطالعہ بھی کرتے تھے۔ صحت کی حالت میں اکثر نمازیں مسجد میں ادا کرتے اور جماعت کے ہر پروگرام میں بڑے شوق سے شامل ہوتے تھے۔

مرحوم واقفینِ زندگی کا بہت احترام کرتے اور مالی قربانی میں پیش پیش رہتے تھے۔ لازمی چندہ جات کی ادائیگی کے علاوہ دیگر مالی تحریکات میں بھی حصہ لیتے۔ غرباء و ضرورت مندوں کی مالی مدد کرتے اور علاج و تعلیم کے سلسلہ میں متعدد افراد اور خاندانوں کی معاونت کرتے تھے۔

٭… محمد عبدالسميع صاحب آف جماعت تیج گاؤں ضلع ڈھاکہ ولد مرحوم ڈاکٹر محمد عبدالرشید صاحب مورخہ ۵؍جولائی کو کینسر کے عارضہ کے باعث ۷۰؍سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مکرم امیر صاحب نے ۶؍جولائی کو جماعت تیج گاؤں میں نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد میرپور کے ایک سرکاری قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

مرحوم پیدائشی احمدی، نیز صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے۔ باقاعدگی سے قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ از حضرت مولانا شیر علی صاحبؓ کا مطالعہ کرتے۔ نفلی روزے رکھنا اور دعاؤں کی کتب سے دعائیں پڑھنا آپ کا معمول تھا۔ غریب اور ضرورت مند افراد کی مدد کرتے اور دوسروں سے حسن سلوک سے پیش آتے تھے۔ ان کی وفات پر علاقہ کے متعدد غیر از جماعت احباب بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

مرحوم کو مجلس خدام الاحمدیہ تیج گاؤں کے قائد، مجلس انصار اللہ کے زعیم اعلیٰ، نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش اور جماعت بنگلہ دیش کے ایڈیشنل سیکرٹری فنانس کے طور پر خدمات سرانجام دینے کی توفیق ملی۔

مرحوم کو ایک مرتبہ جلسہ سالانہ برطانیہ میں شرکت اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ سے ملاقات کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔

اللہ تعالیٰ ان تمام مرحومین کو اپنی رحمت و مغفرت کی چادر میں لپیٹے رکھے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو ان کی نیکیوں اور قربانیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

اعلان ولادت

لبنیٰ رفیق صاحبہ آف جماعت احمدیہ سمارک، ملائیشیا تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل سےخاکسار کو پہلے بیٹے کے بعد اب ایک بیٹی کی نعمت سے نوازا ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت نومولود کا نام ’اسوہ راشد‘ تجویز فرمایا ہے نیز وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں بھی قبول فرمایا ہے۔

نومولود کے والد راشد احمد صاحب، دادا محمد اسلم صاحب اور نانا آغا رفیق احمد صاحب ہیں جو کراچی سے تعلق رکھتے ہیں۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو صحت و تندرستی والی ایک لمبی عمر عطا فرمائے، اسے وقف نو کی روح کے مطابق دینِ اسلام اور جماعت احمدیہ کی مقبول خدمت کرنے کی توفیق دے اور والدین و اہل خانہ کے لیے باعث رحمت و برکت بنائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button