جلسہ سے واپس جانے والوں کو نصائح
حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں:’’میں نصیحت کرتا ہوں کہ وہ احباب جو جلسہ سے واپس جانے والے ہیں انہوں نے جو مفید باتیں یہاں سنی ہیں ان کو قیمتی خزانہ کی طرح باندھ لیں۔ گھر جائیں تو اپنے عزیزو اقارب ،دوستوں اور محلّہ والوں اور شہر والوں کو سنائیں۔ کیونکہ بہترین تحفہ حق کی باتیں ہوتی ہیں۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کَلِمَۃُ الْحِکْمَۃِ ضَآلَّۃُ الْمُوْمِنِ اَخَذَھَا حَیْثُ وَجَدَھَا حکمت کی بات مومن کی گم شدہ چیز ہے اس کو جہاں پائے لے لے۔ پس یہاں سے بہترین تحفہ جو آپ لوگ لے جا سکتے ہیں یہی مفید باتیں ہیں جو تمہارے لئے اور تمہارے قریبیوں کے لئے مفید ہیں۔ ان سے تمہارے اور دوسروں کے علوم میں اضافہ اور روحانیت میں ترقی ہو گی۔ جب دوسروں کو سناؤگے توتمہیں بھی فائدہ پہنچے گا۔ کیونکہ محض سننے کی نسبت دوسروں کو سنانے سے بات اچھی طرح یاد ہو جاتی ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ واپس جاتے ہوئے سفر میں بہت دعائیں کریں۔ خاص طور پر سلسلہ کے لئے دعائیں کرتے جائیں۔‘‘(خطبات محمود جلد۷ صفحہ۴۳۴)




