نیشنل اجتماع وقفِ نَو سویڈن ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ وقفِ نَو سویڈن کو مورخہ ۹ و ۱۰؍مئی ۲۰۲۶ء، نیشنل وقفِ نَو اجتماع مسجد ناصر، گوتھن برگ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک
اجتماع کی تیاری کئی ماہ قبل شروع کی گئی تھی، جس کے لیے ایک مخصوص ٹیم تشکیل دی گئی تاکہ پروگرام کو مؤثر طریقے سے منعقد کیا جا سکے۔اس سلسلہ میں مکرم اکرام الحق صاحب کو ناظم اعلیٰ اجتماع اور مکرم سید شہریار صاحب کو ناظم پروگرام مقرر کیا گیا۔ جنہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر اجتماع کے کامیاب انعقاد کےلیے کام کیا۔ انتظامیہ کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ مکرم طارق یوسف صاحب نیشنل سیکرٹری وقفِ نَو سویڈن نے لوکل سیکرٹریان کرام وقفِ نَو کی مدد سے اجتماع کی حاضری کی بہتری اور اجتماع کے پروگرام کی تیاری کے لیے کوشش کی۔

اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور عہدِ وقفِ نَو کی تجدید سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے افتتاحی تقریر کی۔
امسال اجتماع کو روایتی لیکچرز کی بجائے جدید تعلیمی اصولوں کے مطابق ’’ورکشاپ ماڈل‘‘ پر ترتیب دیا گیا۔ سویڈن کے تعلیمی ماحول اور نوجوانوں کو درپیش عصری چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے واقفینِ نَو اور واقفاتِ نَو کو عمر کے لحاظ سے تین گروپس (۷تا ۱۳سال، ۱۳تا ۱۸سال اور ۱۸سال سے زائد) میں تقسیم کیا گیا اور ہر گروپ کے لیے الگ نصاب اور سرگرمیاں تیار کی گئیں۔
اجتماع میں مختلف علمی اور تربیتی ورکشاپس منعقد ہوئیں جن میں محبتِ الٰہی، ضرورتِ امام، خلافت سے تعلق، وقفِ نَو کی ذمہ داریاں، تبلیغ، جماعتی مالی نظام، خدمتِ انسانیت اور موجودہ دور کے سماجی و فکری چیلنجز جیسے موضوعات شامل تھے۔ ان سیشنز کی معاونت مکرم مبلغ انچارج صاحب، مکرم کاشف ورک صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم نجیب رشید صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم مصعب رشید صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم ڈاکٹر عامر راجہ صاحب، مکرم عامر منیر چودھری صاحب لوکل سیکرٹری امور خارجیہ اور خاکسار مبلغ سلسلہ نے کی۔

’’ریئل ٹاک‘‘ اور ’’سپیک یور ہارٹ آؤٹ‘‘ کے عنوان سے خصوصی نشستوں میں نوجوانوں کو کھل کر سوالات کرنے اور اپنے خیالات کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا۔ ان نشستوں کو شرکاء نے خوب سراہا۔ خصوصاً محبتِ الٰہی کے موضوع پر ہونے والی گفتگو نے نوجوانوں پر گہرا اثر ڈالا اور ۱۸سال سے بڑی عمر کے گروپ نے کھیلوں کے اوقات بھی اس موضوع پر مزید گفتگو کے لیے مقرر کرنے کی خواہش ظاہر کی۔اور پھر بہت دلچسپی سے اس موضوع پر مزید گفتگو میں حصہ لیا۔
اسی طرح جماعتی مالی نظام کے بارے میں ایک خصوصی اجلاس میں چندہ جات کی اہمیت اور قربانی کی برکات پر روشنی ڈالی گئی۔

علمی و تربیتی پروگرام کے ساتھ ساتھ جسمانی نشوونما کے لیے مختلف کھیلوں اور مقابلہ جات کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں فٹ بال، رسہ کشی، دوڑ اور بچوں کے لیے خصوصی تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں۔ ان مقابلوں میں بچوں، نوجوانوں نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔
اسی طرح حسب روایت واقفاتِ نَو کا اجتماع بھی مسجد ناصر کے لجنہ ہال میں علیحدہ طور پر منعقد ہوا جس کی نگرانی مکرمہ مصباح انور صاحبہ قائم مقام نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ سویڈن اور مکرمہ عذرہ فرہاد صاحبہ نگران واقفاتِ نَو سویڈن نے کی۔ واقفاتِ نَو کے لیے بھی عمر کے لحاظ سے مختلف گروپس تشکیل دیے گئے اور ان کے لیے بھی اخلاقی اور تربیتی پروگرام ترتیب دیے گئے۔ علاوہ ازیں کھیلوں، گروپ سرگرمیوں اور ماؤں کے لیے خصوصی نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم مامون الرشید صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ نیشنل سیکرٹری صاحب وقفِ نَو سویڈن نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی۔ آپ نے واقفینِ نَو کو نصیحت کی کہ وہ اپنے سکولوں، جامعات، ملازمتوں اور معاشرے میں بہترین اخلاق، دیانت اور دینی وابستگی کا نمونہ بنتے ہوئے حقیقی رول ماڈل کا کردار ادا کریں۔ بعد ازاں مختلف ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے واقفینِ نَو اور واقفاتِ نَو میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے.
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں کُل ۲۵۸ افراد نے شرکت کی جن میں ۱۴۷ واقفینِ نَو شامل تھے جبکہ باقی والدین، واقفاتِ نَو اور دیگر مہمانان تھے۔ شرکاء اور والدین کی جانب سے اجتماع کے پروگرام، ورکشاپس اور تربیتی ماحول کو بے حد سراہا گیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس اجتماع کے بابرکت نتائج کو دیرپا بنائے۔ آمین
(رپورٹ:رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: اٹھارہواں نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر




