اٹھارہواں نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ نائیجرکو اپنا ۱۸واں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۹ و ۱۰؍مئی ۲۰۲۶ء کو ریجن مارادی کے ڈیپارٹمنٹ گڈاں رومجی میں واقع جماعتی مرکز محمدآباد میں کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

اجتماع کے پہلے دن کا آغاز نمازِ تہجد اور نمازِ فجر کے بعد درس سے ہوا۔ صبح ٹھیک آٹھ بجے پرچم کشائی کی پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جس کے فوراً بعد افتتاحی اجلاس کا آغاز زیرِ صدارت امیر جماعت و مبلغ انچارج نائیجر مکرم اسد مجیب صاحب ہوا۔
تلاوتِ قرآن کریم کے بعد صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام کا عہد دہرایا اور ترانہ پڑھ کر سنایا گیا۔ بعد ازاں صدر صاحب خدام الاحمدیہ مکرم عبدالرحمٰن احمدو صاحب اور مکرم امیر صاحب نائیجر نے قیمتی نصائح کیں اور اجتماعی دعا کی گئی۔
دو روزہ اجتماع کے دوران خدام کے درمیان مختلف علمی و ورزشی مقابلے کروائے گئے۔

پہلے دن نمازِ مغرب و عشاء اور کھانے کے بعد ایک خصوصی تربیتی و علمی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں خدام نے فقہی اور اختلافی مسائل پر سوالات کیے۔
۱۰؍مئی کو دوپہر بارہ بجے اجتماع کا اختتامی اجلاس محترم امیر صاحب نائیجر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اس موقع پر مقامی شہر کے معزز میئر اور پریفے کے جنرل سیکریٹری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تلاوت قرآن کریم و عہد کے بعد نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر مکرم محمد جمال صاحب نے امسال کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں علمی و ورزشی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خدام میں محترم امیر صاحب اور معزز مہمانانِ گرامی نے انعامات تقسیم کیے۔ محترم امیر صاحب نے اپنے اختتامی کلمات میں خدام کو خلافت سے وفاداری، حقوق العباد کی ادائیگی اور پنجگانہ نمازوں کی حفاظت کرنے کی نصیحت کی۔
اجتماع کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا جس کے بعد تمام خدام اپنے اپنے ریجنز کو روانہ ہو گئے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع پر خدام کی کُل حاضری ۶۵۰ رہی۔ اللہ تعالیٰ تمام منتظمین و شاملین کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: گیمبیا میں تقاریب آمین کا انعقاد



