یورپ (رپورٹس)

بنگلہ ڈیپارٹمنٹ یوکے کے زیرِ اہتمام تربیتی و تبلیغی اجلاس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے بنگلہ ڈیپارٹمنٹ، جماعت احمدیہ یوکے کے زیر اہتمام مورخہ ۲؍اگست ۲۰۲۶ء بروز اتوار SAMS فنکشن ہال میں ایک تربیتی و تبلیغی اجلاس منعقد ہوا۔ اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر عبداللہ زکریا صاحب صدر بنگلہ ڈیپارٹمنٹ یوکے نے کی۔ اجلاس میں ڈیپارٹمنٹ کے اراکین کے علاوہ جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۶ء میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں سمیت ۱۱۰؍افراد نے شرکت کی جن میں ۱۵؍معزز غیر از جماعت مہمان بھی شامل تھے۔

اس تربیتی اجلاس کا آغاز صبح ساڑھے گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایک ویڈیو کلپ پیش کیا گیا جس میں حضور انور نے بچوں کی اخلاقی تربیت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ابتدائی عمر ہی سے ان کے دلوں میں اللہ تعالیٰ، رسول کریم ﷺ، نظام جماعت اور خلافت کی محبت پیدا کی جائے تاکہ ان کا ان مقدس تعلقات کے ساتھ پائیدار اور حقیقی رشتہ قائم ہو۔

بعد ازاں ڈاکٹر عبداللہ زکریا صاحب کی نگرانی میں سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مکرم عبدالاول خان چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے بعض مہمانان کا تعارف کروایا۔ حاضرین کی جانب سے مختلف سوالات پیش کیے گئے جن کے جواب مکرم امیر صاحب اور مولانا فیروز عالم صاحب انچارج مرکزی بنگلہ ڈیسک نے دیے۔ تربیتی اجلاس کے اختتام پر نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد تمام شرکاء کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔

بعد ازاں صدر صاحب بنگلہ ڈیپارٹمنٹ یوکے کی زیر صدارت تبلیغی نشست کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد چیف کوآرڈینیٹر محمد عبد الہادی صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں جماعت احمدیہ کا تعارف، اس کے قیام کے مقاصد، جماعت کی ترقی اور دنیا بھر میں جاری اس کی مختلف خدمات کے بارے میں تفصیلی معلومات پیش کیں۔ اس کے بعد پروفیسر امیر حسین صاحب نے ’’میں نے ایمان کیسے پایا: میرا قبول احمدیت کا سفر‘‘ کے موضوع پر اپنے قبول احمدیت کا واقعہ سنایا جسے حاضرین نے دلچسپی سے سنا۔ بعدازاں سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس میں حاضرین نے مختلف امور سے متعلق سوالات کیے اور امیر صاحب بنگلہ دیش اور مولانا فیروز عالم صاحب انچارج مرکزی بنگلہ ڈیسک نے ان کے جواب دیے۔

تبلیغی پروگرام کے موقع پر قرآن کریم کی ایک خصوصی نمائش بھی منعقد کی گئی جس میں جماعت احمدیہ کی جانب سے دنیا کی مختلف زبانوں میں شائع کیے جانے والے قرآن کریم کے تراجم پیش کیے گئے۔ اس نمائش میں مہمانوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

تربیتی و تبلیغی دونوں نشستیں نہایت مفید، معلومات افزا اور کامیاب رہیں۔ پروگرام کے اختتام پر صدر صاحب بنگلہ ڈیپارٹمنٹ یوکے نے تمام شرکاء اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی۔

(رپورٹ:منصور احمد۔ سیکرٹری بنگلہ ڈیپارٹمنٹ یوکے)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button