سڈنی آسٹریلیا میں ناصرات اور واقفاتِ نَو کا کوکنگ ڈے
اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ آسٹریلیا کے شعبہ ناصرات، ضیافت اور شعبہ واقفاتِ نَو کے زیر اہتمام مورخہ ۱۲؍جولائی ۲۰۲۶ء کو مسجد بیت الہدیٰ، سڈنی میں ایک کامیاب کوکنگ ڈے کیمپ منعقد ہوا جس میں ۸۲؍ناصرات اور ۱۵؍سال سے کم عمر کی واقفاتِ نَو نے شرکت کی۔ اس کیمپ کا مقصد عملی سرگرمیوں کے ذریعے بچیوں کو بنیادی کھانا پکانے اور روزمرہ زندگی کی ضروری مہارتیں سکھانے کے ساتھ ساتھ ان کی روحانی تربیت، خود اعتمادی اور باہمی اخوت کو فروغ دینا تھا۔

دن کا آغاز رجسٹریشن اور تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد ناصرات کے ایک گروپ نے کھانے کےآداب پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد پین کیکس اور وافلز پر مشتمل ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔
شرکاء کو چھوٹے گروپس میں تقسیم کرکے تین مختلف سٹیشنز پر باری باری بھیجا گیا۔ پہلے سٹیشن پر بچیوں نے پہلے سے تیار شدہ آٹے سے چھوٹی روٹیاں بیلیں۔ دوسرے سٹیشن پر سپروائزر نے بچیوں کو چائے بنانا سکھایا جس کے بعد ہر بچی نے اپنی پسند کے مطابق ڈیزرٹ ٹرائفل کو سجایا۔ تیسرے سٹیشن پر ناصرات نے Fairy bread art کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا جبکہ سونگھنے اور چکھنے کی ایک دلچسپ سرگرمی میں بھی حصہ لیا۔
دوپہر کے وقت نیشنل سیکرٹری تربیت نے ’نماز کے آداب‘ کے موضوع پر پریزنٹیشن پیش کی جس کے بعد تمام شرکاء نے باجماعت نماز ادا کی۔ اس کے بعد بچیوں کو ایک پیٹنگ زو (Petting Zoo) میں فارم کے جانوروں کو دیکھنے اور ہاتھ لگانے کا موقع فراہم کیا گیا۔
بعد ازاں باورچی خانے میں استعمال ہونے والے مختلف آلات اور برتنوں کے بارے میں ایک پریزنٹیشن دی گئی جس میں ان کے صحیح استعمال سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے بعد کپ کیک سجانے کی ایک عملی ورکشاپ منعقد ہوئی جہاں بچیوں نے مختلف آرائشی تکنیکیں سیکھیں اور اپنے اپنے کپ کیکس کو خوبصورتی سے سجایا۔
اللہ تعالیٰ ناصرات اور واقفاتِ نَو کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں پر ہمیشہ شکر گزار رہنے اور انکساری اور خدمت خلق جیسی اعلیٰ صفات اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: صائمہ فضیل۔ نیشنل سیکرٹری ناصرات لجنہ اماء اللہ آسٹریلیا)




